
پاکستانی وزیر فواد چوہدری نے مشکلات میں گھرے عمران خان کی حمایت میں بیان دیتے کہا ہے کہ وہ آخر تک ہار نہیں مانیں گے۔ فواد نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’عمران خان ایسے کھلاڑی ہیں جو آخری بال تک مقابلہ کرتے ہیں۔ استعفی پیش نہیں کیا جائے گا۔ میچ ہوگا اور دوست اور دشمن دونوں دیکھیں گے۔‘‘
’کشمیر فائلز‘ فلم پر بیان سے ناراض بی جے پی کارکنان کے دہلی میں واقع وزیر اعلیٰ رہائش پر توڑ پھوڑ کے بعد نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی جیت اور اپنی ہار کے بعد بی جے پی اروند کیجریوال کو قتل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کے غنڈے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی رہائش میں جبراً داخل ہو گئے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمرے اور وزیر اعلیٰ کی رہائش پر لگی بندشوں کو توڑ ڈالا۔‘‘
سسودیا نے کہا، چونکہ بی جے پی کیجریوال کو نہیں ہرا سکتی، صرف اسی لئے وہ کیجروال کو قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آج کا واقعہ کیجریوال کو قتل کرنے کے لئے منصوبہ بند طریقہ سے انجام دیا گیا۔
مس یونیورس 2021 ہرناز کور سندھو نے حجاب پہننے والی خواتین کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پہننے والی خاتون جس طرح جینا چاہے اسے جینے دیں۔ ہرناز نے کہا ’’اگر کوئی لڑکی حجاب پہنتی ہے تو یہ اس کی مرضی ہے۔ یہاں تک کہ اگر وہ کسی کے زیر تسلط بھی ہے تو بھی اسے آگے بڑھ کر بولنے کی ضرورت ہے۔ اسے جینے دو جس طرح وہ جینا چاہتی ہے۔ ہم مختلف ثقافتوں کی خواتین ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔‘‘
جموں و کشمیر حکومت نے 5 سرکاری ملازمین کو ملی ٹینٹوں سے تعلقات کی پاداش میں برطرف کر دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے پلوامہ کے پولیس کانسٹیبل توسیف احمد میر، سری نگر کے کمپیوٹر آپریٹر غلام حسن پرے، اونتی پورہ کے استاد ارشد احمد داس، براہمولہ کے پولیس کانسٹیبل شاہد حسین راتھر اور کپوارہ کے محکمہ صحت میں طبی اردلی شرافت اے خان کو برطرف کر دیا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے کہا ’’ایندھن کی قیمتوں کو کم کرنا انتخابات میں جیت حاصل کرنے کے لئے ان کی (بی جے پی) حکمت عملی تھی۔ اب وہ روس یوکرین کے بحران کی آڑ میں قیمتیں بڑھا کر تلافی کر رہے ہیں۔ یہ جھوٹ ہے۔ کل 31 مارچ کو ہم وجے چوک پر اس کے خلاف احتجاج کریں گے۔‘‘
مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 1233 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران 1876 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 31 افراد کی جان چلی گئی۔
حال ہی میں وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ کے طور پر حلف اٹھانے والے پشکر سنگھ دھامی نے اپنے وزرا میں قلمدانوں کی تقسیم کر دی ہے۔ دھامی نے داخلہ، ایکسائز، کانکنی اور سول ایوی ایشن سمیت 23 قلمدان اپنے پاس رکھ لئے ہیں۔
ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں آج پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں 80-80 پیسے فی لیٹر کے اضافہ کے بعد پٹرول کے دام 101.01 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 92.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئے ہیں۔ ممبئی میں پٹرول کے دام 84 پیسے کے اضافہ کے بعد 115.88 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کے دام 85 پیسے کے اضافہ کے بعد 100.10 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Mar 2022, 8:52 AM IST