
مائیکروسافٹ، تصویر آئی اے این ایس
مائیکروسافٹ میں ایک بار پھر بڑے پیمانے پر ملازمین کی چھنٹنی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ نے ’بزنس انسائیڈر‘ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپنی آئندہ چند دنوں میں ہزاروں ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا سکتی ہے۔ تاہم اس بار چھنٹنی سے کمپنی کے مجموعی ملازمین میں سے 2.5 فیصد سے کم افراد متاثر ہونے کی توقع ہے۔ مائیکروسافٹ کے دنیا بھر میں تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار ملازمین ہیں، اس لحاظ سے متاثر ہونے والوں کی تعداد تقریباً 5 ہزار یا اس سے کم ہو سکتی ہے۔
Published: undefined
رپورٹس کے مطابق اس بار سب سے زیادہ اثر سیلز، کنسلٹنگ اور ایکس باکس گیمنگ ڈویژن پر پڑ سکتا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ابھی تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا، لیکن متعدد معتبر رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ یہ فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں مائیکروسافٹ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر ریکارڈ سرمایہ کاری کی ہے۔ کمپنی اوپن اے آئی کے ساتھ اپنی شراکت داری کو وسعت دے رہی ہے، نئے اے آئی ڈاٹا سینٹرز قائم کر رہی ہے اور کو-پائلٹ جیسے اے آئی پروڈکٹس پر اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہے۔ ایسے میں دوسری جانب آپریٹنگ اخراجات کم کرنے کے لیے کمپنی مسلسل اپنے ملازمین کی تعداد گھٹا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ اخراجات کم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروبار کو اے آئی کے مطابق دوبارہ ترتیب دینا چاہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جن ٹیموں میں آٹومیشن یا اے آئی کی مدد سے کام کیا جا سکتا ہے، وہاں ملازمین کی تعداد کم کی جا رہی ہے۔
Published: undefined
مائیکروسافٹ کے گیمنگ کاروبار یعنی ایکس باکس میں بھی تبدیلیوں کی تیاری جاری ہے۔ گزشتہ کچھ عرصہ سے ایکس باکس کے اندر بڑے پیمانے پر تنظیم نو (ری اسٹرکچرنگ) کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ نئی قیادت آنے کے بعد کاروبار کو نئے سرے سے منظم کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے گیمنگ ڈویژن میں بھی کئی عہدے ختم کیے جا سکتے ہیں اور بعض ٹیموں کی ازسر نو تشکیل کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مائیکروسافٹ ملازمین کی تعداد کم کر رہی ہے۔ گزشتہ سال بھی کمپنی نے مختلف مراحل میں ہزاروں ملازمین کی چھنٹنی کی تھی۔ اس وقت بھی کمپنی نے اے آئی میں سرمایہ کاری بڑھانے اور اخراجات کم کرنے کو اس کی بڑی وجہ قرار دیا تھا۔ مائیکروسافٹ اس معاملے میں اکیلی کمپنی نہیں ہے۔ 2026 میں میٹا، امیزون، اوریکل، لنکڈ اِن، کوائن بیس، گروپون اور کئی دیگر بڑی ٹیک کمپنیوں نے بھی ملازمین کی تعداد کم کی ہے یا اس کا اعلان کیا ہے۔ متعدد کمپنیوں نے کھل کر کہا ہے کہ اے آئی کی وجہ سے کام کرنے کا طریقہ بدل رہا ہے اور مستقبل میں کم ملازمین کے ساتھ زیادہ کام کیا جائے گا۔
Published: undefined
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined