
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس دیپک مشرا کے خلاف تحریک مواخذہ پیش کرنے کے بعد کانگریس نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا ہے۔ کانگریس لیڈر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کپل سبل نے اعلان کیا ہے کہ اگر چیف جسٹس دیپک مشرا اپنے عہدہ پر بنے رہتے ہیں اور عدالت میں معاملوں کی سماعت کرنا جاری رکھتے ہیں تو وہ ان کی عدالت میں پیشی کے لیے نہیں جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ سبل اس وقت ایودھیا تنازعہ کے ساتھ ساتھ سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے کیس سمیت کئی اہم معاملوں میں پیروی کر رہے ہیں۔
سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے اپنے فیصلے کو پیشہ ورانہ اقدار کے مطابق بتاتے ہوئے کہا کہ وہ 23 اپریل سے سی جے آئی دیپک مشرا کی عدالت میں نہیں جائیں گے۔ ایک انگریزی اخبار کے مطابق سبل نے کہا کہ اب جب تک ہندوستان کے چیف جسٹس سبکدوش نہیں ہو جاتے، وہ اس وقت تک ان کی عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ سبل نے کہا کہ اگر سی جے آئی دیپک مشرا تحریک مواخذہ کی تجویز پیش کیے جانے کے بعد بھی سبکدوشی تک معاملوں کی سماعت جاری رکھیں گے تو یہ مقرر پیمانوں کے خلاف ہوگا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔