خبریں

اہم خبریں: بی جے پی ایم پی کا الزام۔ بنگال پولیس کے ہاتھوں پھینکے بم سے ہوئی کارکن کی موت

تیجسوی سوریہ, تصویر آئی اے این ایس
تیجسوی سوریہ, تصویر آئی اے این ایس 

بی جے پی ایم پی کا الزام۔ بنگال پولیس کے ہاتھوں پھینکے بم سے ہوئی کارکن کی موت

بی جے پی یووا مورچہ کے صدر اور رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے الزام لگایا ہے کہ مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں پارٹی کے احتجاج کے دوران ممتا کی پولیس کے ذریعہ پھینکے بم سے ہوئے دھماکے میں پارٹی کا ایک کارکن اولن رائے شدید زخمی ہوگیا تھا، جو بعد میں مر گیا ہے۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

چار نابالغ ساتھیوں کی مدد سے ایک لڑکی کے ساتھ عصمت دری

گونڈہ: اترپردیش کے ضلع گونڈہ کے کھوڈارے علاقے میں ایک شخص نے اپنے چار نابالغ ساتھیوں کی مدد سے گاؤں میں ایک لڑکی کے ساتھ عصمت دری کا معاملہ پیش آیا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیلیش کمار پانڈے نے پیر کو بتایا کہ ملزم منیش (19) نے اپنے چار نابالغ ساتھیوں کی مدد سے ایک 19 سالہ لڑکی کو نامعلوم مقام پر لے جاکر اس کے ساتھ عصمت دری کی۔ متاثرہ کے والد کی تحریر پر پولیس نے منیش کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس واقعہ میں اس کے معاون ساتھیوں کو بھی پولیس حراست میں لے کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حراست میں لئے گئے ملزمین میں دو سگے بھائی ہیں جبکہ دو چچیرے بھائی ہیں۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے متاثرہ کی میڈیکل جانچ کرائی گئی ہے۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

ممتا بنرجی نے کہا- بنگال کے عوام گاندھی کو مارنے والوں کے سامنے نہیں جھکائیں گے سر

مغربی مدنا پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اشاروں میں بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کو مارنے والوں کے سامنے مغربی بنگال کے عوام کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

صحافی امیش دیوگن کے خلاف دائر ایف آئی آر منسوخ کرنے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے صوفی خواجہ معین الدین چشتی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے معاملے میں صحافی امیش دیوگن کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے سے پیر کے روز انکار کر دیا۔ جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ نے اگرچہ واضح کیا کہ تادیبی کارروائی سے صحافی امیش دیوگن کو 8 جولائی کو دیا گیا تحفظ جاری رہے گا۔ عدالت نے دیوگن کے خلاف دائر سبھی ایف آئی آر کو ایک ساتھ کرنے اور انہیں اجمیر منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ 15 جون کو نشر ہونے والے پرائم ٹائم شو میں صوفی معین الدین چشتی کے خلاف کیے گئے نازیبا تبصرے کی بنیاد پر دیوگن کے خلاف راجستھان، مدھیہ پردیش، اترپردیش، مہاراشٹر اور تلنگانہ میں سات معاملے درج کرائے گئے ہیں۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

دہلی کے شکر پور علاقے میں تصادم، پانچ دہشت گرد گرفتار

نئی دہلی: دلی پولیس کے اسپیشل سیل کی ٹیم نے یہاں تصادم کے بعد پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے جن میں دو پنجاب اور تین کشمیر کے ہیں۔ اسپیشل سیل کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ پیر کی صبح مشرقی دلی کے شکر پور علاقے میں تصادم کے بعد پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے قبضے سے ہتھیار کے علاوہ دیگر مشتبہ سامان ضبط کیا گیا ہے۔ دو دہشت گرد پنجاب اور تین کشمیر کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے لوگ کس دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں، فی الحال اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس جانچ میں مصروف ہے۔ ایسا امکان ہے کہ دہشت گرد راجدھانی میں کسی بڑے حملے کی سازش کر رہے تھے لیکن وقت رہتے سبھی کو گرفتار کرکے پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 60 ہزار سے متجاوز

روم: اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 564 مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 60 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ اطلاع اٹلی کی وزارت صحت نے دی ہے۔ وزارت کے مطابق یہاں اس وبا سے اب تک 60078 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ وہیں اس دوران یہاں کورونا انفیکشن کے 18887 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اٹلی میں کورونا سے اب تک 1728878 لوگ متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے تقریباً 913500 لوگوں نے اس مہلک وائرس کو شکست دی ہے۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

ٹرمپ کے نجی وکیل گوئلانی کورونا سے متاثر

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے76 سالہ نجی وکیل روڈی گوئلانی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔اس بات کی اطلاع ٹرمپ نے دی ہے۔ انہوں نے اتوار کو ٹوئٹ کرکے کہا ’’نیویارک کی تاریخ میں اب تک کے بہترین میئر اور امریکہ کی تاریخ کے سب سے کرپٹ انتخابات کا انکشاف کرنے کے لئے بغیر تھکے کام کررہے مسٹر روڈی گوئلانی چائنیز وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ جلد صحت مند ہوجاؤ روڈی۔ہم آگے بڑھیں گے‘‘۔ اگرچہ مسٹر گوئلانی کی جانب سے ابھی تک اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ مسٹر گوئلانی کے بیٹے اینڈو نے 20 نومبر کو مسٹر ٹرمپ کی پریس کانفرنس میں شامل ہونے کے بعد خود کے کووڈ سے متاثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

الجزائرمیں سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

شمالی افریقی ملک الجزائر میں سردی کی شدید لہر نے 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔الجزائر کی بیشترریاستوں میں برفباری سے درجہ حرارت منفی سے نیچے آگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کی 34 ریاستوں میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔الجزائر کے 19 صوبوں میں 15سینٹی میٹر تک بڑف پڑچکی ہے، سب سے زیادہ برف باری تاریخی شہر’تیم قاد‘ میں پڑی ہے۔دسمبر کے آخر تک الجزائر کے بالائی حصوں میں برف باری جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید برف باری کے باعث ملک کے پہاڑی علاقوں میں شاہراہیں بند کردی گئیں، جس کے سبن ان شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Dec 2020, 7:44 AM IST