خبریں

اہم خبریں: سوشانت سنگھ خودکشی معاملہ، ریا چکرورتی کے خلاف ایف آئی آر درج

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سوشانت سنگھ خودکشی معاملہ، ریا چکرورتی کے خلاف بہار میں ایف آئی آر درج

بہار: پٹنہ سنٹرل زون کے انسپکٹر جنرل سنجے سنگھ نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے والد نے اداکارہ اور سوشانت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی کے خلاف پٹنہ کے راجیو نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔ ایف آئی آر میں ریا چکرورتی پر کئی طرح کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

شمالی بنگال میں شدید بارش، 2افراد کی موت

کولکاتا: شمالی بنگال کے دوارس علاقے میں تباہ کن بارش کی وجہ سے نیشنل ہائی وے 31 اور سلی گوڑی سے رابطہ ختم ہوگیا ہے اور دو افراد کی موت ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی ہے کہ شمالی بنگال کے اضلاع کالمپونگ، علی پور دوار، دارجلنگ، کوچ بہار اور جلپائی گوڑی میں جمعہ کی صبح تک شدید بارش کا امکان ہے۔ نیشنل ہائی وے 31 پر جورانتی کولا پر واقع برج شدید بارش کی وجہ سے تباہ ہوگیا ہے۔ اس کی وجہ سے آسام سے سلی گوڑی جارہا ایک ٹرک پلٹ گیا اور اس میں سوار ڈرائیور اور اس کے معاون کی موت ہوگئی۔ ڈرائیور نہیں دیکھ پایا کہ برج ٹوٹا ہوا ہے اور اس کی وج سے یہ حادثہ ہوا ہے۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

مظفر پور، سیلاب متاثرین نے سڑک کے کنارے لگائے عارضی خیمے

بہار میں لوگ سیلاب سے کافی پریشان ہیں، پوری ریاست میں سیلاب سے اب تک 10 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑ رہا ہے۔ مظفر پور میں لوگوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑک کے کنارے عارضی پناہ گاہیں قائم کی ہوئی ہیں، وہاں کے لوگ خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

اترپردیش حکومت بی ایڈ میں داخلہ امتحان ملتوی کرے... پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے کورونا کے تیزی سے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر اترپردیش حکومت سے بی ایڈ داخلہ امتحانات کی تاریخ پر ازسرنو غور کرنے کی اپیل کی ہے۔ پرینکا وڈرا نے منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اترپردیش میں ہونے والے نو اگست کو بی ایڈ کے داخلہ امتحان ہونے والے ہیں۔ ریاست میں کورونا کی رفتار تیزی سے بڑھ رہی ہے، مختلف تعلیمی اداروں سے بھی کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے ریاستی حکومت سے اس داخلہ امتحان کو ملتوی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسے میں طالب علموں کی سلامتی کا اندازہ کیے بغیر تقریباً 4.5 لاکھ طالب علموں کو خطروں میں ڈالنا مناسب نہیں۔ اترپردیش حکومت سے اپیل ہے کہ موجودہ حالات کو دھیان میں رکھتے ہوئے امتحان کے پروگرام پر ازسرنو غور کریں۔‘‘

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

کھجور کے پتوں سے راکھی بنا رہے ہیں دانتے واڑہ رہائشی انیل

چھتیس گڑھ کے دانتے واڑہ کے رہائشی انیل کھجور کے پتوں سے راکھی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "راکھی بنانے میں تقریباً آدھے گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فن گاؤں کے دیگر لوگوں کو بھی سیکھا رہا ہوں۔ انیل کو بچپن سے ہی ایک کان سے سنائی نہیں دیتا ہے، لیکن وہ اس کام میں مہارت رکھتے ہیں، انیل کا مزید کہنا ہے کہ انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ راکھی ​​بیچنے کے لئے مارکیٹ مہیا کرائے۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

تریپورہ میں لاک ڈاؤن کے دوران ڈور ٹو ڈور کورونا سروے شروع

تریپورہ حکومت نے ریاست میں تین روزہ لاک ڈاؤن کے دوران گھر گھر جاکر کورونا سروے شروع کیا ہے۔ محکمہ صحت کے عملہ کے ساتھ ساتھ مقامی پنچایت کے ممبران بھی سروے کر رہے ہیں۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

رام مندر تعمیر: زیر زمین ’ٹائم کیپسول‘ رکھے جانے کی خبر غلط... چمپت رائے

رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری چمپت رائے نے ایسی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ رام مندر تعمیر کے موقع پر زمین کے اندر ’ٹائم کیپسول‘ رکھا جائے گا۔ انھوں نے میڈیا کو دیے گئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ”5 اگست کو رام مندر کنسٹرکشن سائٹ کی زمین کے نیچے ٹائم کیپسول رکھے جانے کی خبر غلط اور بے بنیاد ہے۔ میں سب سے گزارش کروں گا کہ جب رام جنم بھومی ٹرسٹ کی طرف سے کوئی آفیشیل بیان آئے تبھی درست سمجھیں۔“

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

ہمیں فخر ہونا چاہیے کہ دنیا میں موجود باگھوں کی 70 فیصد آبادی ہندوستان میں ہے: پرکاش جاوڈیکر

آج مرکزی وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر اور وزیر مملکت بابل سپریو نے نیشنل میڈیا سنٹر میں ٹائیگر شماری کی رپورٹ جاری کی۔ اس موقع پر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ”1973 میں جب ٹائیگر ریزرو شروع ہوا تھا تب 9 ٹائیگر ریزرو تھے۔ بڑھتے بڑھتے یہ اب 50 ہو گئے ہیں۔ دنیا میں موجود باگھوں کا 70 فیصد ہندوستان میں ہے اور اس پر ہندوستان کو فخر ہونا چاہیے۔ ہمارے پاس 30 ہزار ہاتھی، 3000 ایک سینگ والے گینڈے اور 500 سے زائد شیر ہیں۔“

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

مہاراشٹر: گزشتہ 24 گھنٹے میں 138 پولس اہلکار کورونا پازیٹو، 3 کی موت

مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا انفیکشن کے درمیان پولس اہلکاروں پر بھی کورونا کا خطرہ کم ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 138 پولس اہلکار کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں جب کہ 3 پولس اہلکاروں کی موت بھی ہو گئی۔ اس طرح مہاراشٹر پولس میں اب تک 8722 اہلکار کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں اور مہلوکین کی مجموعی تعداد 97 پہنچ گئی ہے۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

بہار: دربھنگہ کے کشیشوراستھان تھانہ میں گھسا سیلاب کا پانی، سانپ بھی آیا نظر

بہار میں سیلاب کی صورت حال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دربھنگہ واقع کشیشوراستھان تھانہ میں بھی سیلاب کا پانی گھس گیا ہے۔ یہاں کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں سانپ پانی میں تیرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اے ایس آئی نے موجودہ حالات کے تعلق سے بتایا کہ ”پٹرولنگ پر جانے کے لیے کشتی بھی موجود نہیں ہے۔ اپنے پیسے سے کشتی خرید کر دیہی علاقوں میں پٹرولنگ کے لیے جا رہے ہیں۔ فی الحال درخت کے نیچے سارا کام کر رہے ہیں۔“

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

ہندوستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 47704 نئے مریض درج، 654 اموات

ہندوستان میں بڑھتے کورونا کیسز کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹے میں 47704 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ اس طرح ملک میں مجموعی کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 14 لاکھ 83 ہزار 157 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 654 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 33425 ہو گئی ہے۔ اس وقت تقریباً 5 لاکھ کیسز سرگرم ہیں۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

ہندوستان: پچھلے دو دنوں میں 10 لاکھ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ ہوئے

ہندوستان میں کورونا ٹیسٹ کی رفتار بڑھا دی گئی ہے۔ وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں 10 لاکھ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔ جہاں 26 جولائی کو ہندوستان نے کل 515000 سیمپل کا ٹیسٹ کیا، وہیں 27 جولائی کو کل 528000 سیمپل کا ٹیسٹ کیا گیا۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

موراری باپو رام مندر تعمیر کے لیے دیں گے 5 کروڑ روپے

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ 5 اگست کو بھومی پوجن تقریب کا بھی انعقاد ہونا ہے۔ اس درمیان روحانی لیڈر موراری باپو نے اعلان کیا ہے کہ وہ رام مندر تعمیر کے لیے 5 کروڑ روپے کا عطیہ کریں گے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق یہ رقم موراری باپو کا ویاس پیٹھ جلد ہی شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے حوالے کرے گا۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

تبلیغی جماعت معاملے کی سماعت جمعہ تک ملتوی

سپریم کورٹ نے تبلیغی جماعت میں شرکت کی وجہ سے بلیک لسٹ ہونے والے غیر ملکی شہریوں کی درخواست کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔
جسٹس اے ایم کھاویلکر کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی پیشی پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی کہ الزام قبول نہ کرنے والے غیر ملکیوں کے معاملات میں تیزی لائی جا سکتی ہے؟
مسٹر مہتا نے بینچ کو آگاہ کیا کہ 34 میں سے 23 درخواست گزاروں کو سزا سنائی گئی ہے اور ان پر ایک خاص جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ لہذا وہ گھر واپس جانے کے لئے آزاد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نو کو مقدمے کا سامنا کرنا ہے اور ان کا مقدمہ مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔
جسٹس کھانویلکر نے مسٹر مہتا سے پوچھا کہ نچلی عدالتوں میں جمع کرانے والوں کے خلاف مقدمات کی سماعت جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے کیا کیا جاسکتا ہے؟ سالیسیٹر جنرل نے کہا کہ وہ تفتیشی افسر سے بات کریں گے۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 28 Jul 2020, 6:12 AM IST