خبریں

اہم خبریں LIVE: برطانیہ سے آیا شخص کورونا متاثر پایا گیا

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی 

برطانیہ سے آیا شخص کورونا متاثر پایا گیا

تھانے: مہاراشٹر میں کلیان ڈونبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) کے علاقے میں برطانیہ سے آنے والوں میں سے ایک شخص کورونا وائرس ے متاثر پایا گیا ہے۔ ہفتہ کو یہاں جاری ایک بیان کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں برطانیہ سے تقریباً 55 افراد کے ڈی ایم سی کے علاقہ میں آئے اور ان تمام لوگوں کی کورونا جانچ کی گئی جس میں سے ڈونبیولی کا ایک شخص کورونا سے متاثر پایا گیا اور اسے سب سے الگ رکھا گیا ہے۔ کورونا متاثر شخص کی حالت قابل اطمینان ہے۔ کے ڈی ایم سی کے افسران نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جو لوگ حال ہی میں برطانیہ سے آئے ہیں، انہیں اپنی جانچ کرالینی چاہیے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

کرن بیدی کی لوگوں سے کورونا وائرس پر احتیاط برتنے کی اپیل

پڈوچیری: پڈوچیری کی لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگروہ نہیں چاہتے کہ یہاں کورونا وائرس کا انفیکشن بڑھے تو تمام طرح کی احتیاط برتیں۔ کرن بیدی نے ریاست کے لوگوں سے اپنے ہفتہ وار پیغام میں کہا کہ’’اب ہم تہواروں کے موسم کی انتہا پر ہیں جو کہ نیا سال ہے اور ایسی حالت میں ہمیں تمام ضروری احتیاط کرنی چاہیے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

میرٹھ میں صراف کے گھر 37 لاکھ کی ڈکیتی

میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے شاستری نگر علاقے میں چھ نقاب پوش بدمعاشوں نے ایک صراف کے گھر میں گھس کر وہاں موجود سبھی اہل خانہ کا اغوا کر لیا اور 37لاکھ کی ڈکیٹی کر کے فرار ہوگئے۔ آج علی الصبح بدمعاشوں کے جانے کے بعد متاثرہ کنبے نے پولیس تھانے میں اس کی اطلاع دی۔ آس پاس سے ملے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر بدمعاشوں کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق شاستری نگر کے ایل بلاک میں صراف تیج پال ورما کنبے کے ساتھ رہتے ہیں ان کے گھر کے ہی باہری حصے میں زیورات کی دوکان ہے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

مکان میں آتشزدگی، ماں کے ساتھ 3 بچوں کی زندہ جھلس کر موت

باندہ: اترپردیش کے ضلع باندہ کے مرکا تھانہ علاقے کے دوبے پوروا گاؤں میں ایک کچے مکان میں مشتبہ حالت میں ایک کچے مکان میں آگ لگنے سے اس میں موجود ماں و 3 بچوں کی زندہ جھلس کر موت ہوگئی۔ آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا سکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گاؤں باشندہ کلو کے گھر میں آگ لگ گئی۔ گھر کے اندر ان کی بیوی سنگیتا (35) اور تین بچے انجلی (09)، بیٹا آشیش (06)اور تین سالہ بیٹی موجود تھے۔ کچے مکان کے کسی حصے میں گیہوں کا بھوسہ بھی رکھا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی اور کسی کو نکلنے کی مہلت بھی نہ مل سکی۔ کلو راجستھان کے جئے پور میں مزدوری کرتے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ مقامی افراد نے صبح تقریباً ساڑھ چار بجے گھر سے آگ کی اونچی اونچی شعائیں دیکھ کر ہنگامہ مچایا اور پولیس کو اطلاع دی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس و محکمہ دمکل کے افسران موقع پر پہنچے۔ کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو حاصل کیا جاسکا لیکن تب تک ماں سمیت 3 بچوں نے جھلس کر دم تو ڑیا دیا تھا۔ پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے ملبے سے لاشیں نکالی ہیں۔ موقع پر ایس ڈی ایم و سی او سمیت کئی افسران نے پہنچ کر جائزہ لیا۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

حیدرآباد میں زیرعلاج رجنی کانت کی صحت بہتر

حیدرآباد: مشہور اداکار رجنی کانت جو بی پی میں اتار چڑھاو کے سبب حیدرآباد کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیرعلاج ہیں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ ان کو گزشتہ روز بی پی کے مسئلہ کی وجہ سے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، وہ شوٹنگ کے سلسلہ میں حیدرآباد آئے ہوئے تھے۔ اسپتال کے عہدیداروں کے مطابق اداکار کا بی پی گزشتہ روز کے مقابلہ بہتر ہے۔ ان کی طبی جانچ میں کسی بھی قسم کے خطرہ کی کوئی بات نہیں ہے۔ اداکار کی صحت پر ڈاکٹرس قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کو مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور ان سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ اداکار کے ہفتہ کو بھی کئی معائنے کیے گئے۔ ان کے معائنوں کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی ان کو ڈسچارج کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اسی دوران تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راو نے رجنی کانت کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائیں ظاہر کیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ایک ٹوئٹ کیا۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

یوپی کی طرز پر ایم پی میں بھی جبری تبدیلی مذہب کے خلاف بل کو منظوری

اتر پردیش کی یوگی حکومت کی طرز پر مدھیہ پردیش حکومت کی شیوراج حکومت بھی جبری تبدیلی مذہب کے خلاف بل لے کر آئی ہے۔ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں ’ایم پی فریڈم آف ریلیجن بل 2020‘ (ایم پی آزادی مذہب بل 2020) کو منظوری دی گئی۔

مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا، ’’نئے ایم پی آزادی مذہب بل 2020 کے تحت نابالغوں، خواتین، ایس سی اور ایس ٹی سے متعلق لوگوں کی جبری تبدیلی مذہب کرانے کا قصوروار پائے جانے پر 2 سے 10 سال کی قید اور کم از کم 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 22 ہزار نئے معاملے، مجموعی تعداد 1 کروڑ 1 لاکھ 69 ہزار

ہندوستان میں کورونا وائرس کے 22272 نئے معاملوں کی تصدیق کی گئی ہے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 10169118 ہو گئی ہے۔ جبکہ 251 نئی اموات کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 147343 ہو گئی۔

ملک میں اس وقت 281667 کیسز فعال ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 9740108 افراد شفایاب ہو چکے ہیں اور 22275 افراد نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شفایابی حاصل کر لی۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

ماہی گیری جہاز میں آگ، 3 افراد ہلاک

بیونس آئرس: بحر اوقیانوس میں اسپین کے زیر انتظام کینری جزائر میں لا لوز بندرگاہ کے قریب روسی ماہی گیری کے جہاز میں آگ لگنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ ہسپانوی میڈیا نے جمعہ کو دیر رات اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔

رپورٹ کے مطابق جہاز کے انجن روم میں آگ لگنے کے بعد 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد جہاز میں کاربن مونو آکسائیڈ کی گیس سےچار افراد بے ہوش ہو گئے ، جنہیں اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ موقع پر پہنچنے والے نو فائر فائٹر کشتیوں کے ذریعے آگ پر قابو پالیا گیا۔آگ کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جب واقعہ پیش آیا اس وقت جہاز میں مرمت کے کام کئے جارہے تھے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

خطہ مراٹھواڑہ میں کورونا کے 231 نئے کیسز

اورنگ آباد: گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹرا کے خطہ مراٹھواڑہ کے آٹھ اضلاع میں عالمی وبا کورونا وائرس ’کووڈ19‘ کے مزید231 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ اطلاع خطہ کے ہیلتھ افسران نے دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران علاقے میں کورونا وائرس سے چھ افراد کی موت ہوگئی ہے۔

تمام ضلع ہیڈ کوارٹرز سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق خطے کے آٹھ اضلاع میں اورنگ آباد میں سب سے زیادہ انگلینڈ سے لوٹی خاتون سمیت 89 کیسزاور تین افراد کے ہلاک ہو نے کی اطلاع ہے۔ اس کے بعد نانڈیڑ میں 28 کیسز اور دو اموات ، ضلع جالنا میں 31 کیسز اورایک موت ، ضلع لاتور میں 33 ، ضلع بیڈ میں 28 ، ضلع عثمان آباد میں 11 ، ضلع پربھنی میں 9 اور ضلع ہنگولی میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

’اسرائیلی فضائیہ کا غزہ پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر حملہ‘

تل ابیب: اسرائیلی فضائیہ کی جوابی کارروائی میں غزہ پٹی میں حماس کے راکٹ بنانے والے مقام ، زیر زمین مراکز اور ایک فوجی چوکی پر حملے کئے ہیں۔

یہ اطلاع اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز دی۔ دفاعی دستوں کا کہنا تھا کہ فضائیہ نے یہ کارروائی حماس کے اسرائیل پر فائر کیے جانے والے راکٹ کے جواب میں کی ہے۔ دفاعی دستوں کے مطابق جمعہ کے روز رات گئے اسرائیل کے جنوبی شہر اشکیلون اور غزہ پٹی کی سرحد کے قریب حماس سے دو راکٹ فائر کیے گئے ، جنہیں راستہ میں ہی مار گرایا گیا۔

دفاعی دستوں کا کہنا تھا کہ ’’ آج رات غزہ پٹی کی جانب سے اسرائیل پر فائر کیے گئے دو راکٹوں کے جواب میں اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے اڈے پر حملہ کیا ، جس میں راکٹ تیار کرنے والی سائٹ ، زیر زمین انفراسٹرکچر ، ایک فوجی چوکی بھی شامل ہے۔‘‘

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

آٹھ یورپی ممالک میں کورونا وائرس کا نیا اسٹرین: عالمی ادارہ صحت

زیورخ: آٹھ یورپی ممالک میں کورونا وائرس کا نیا اسٹرین پایا گیا ہے۔ یہ اطلاع عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے یوروپ کے ریجنل ڈائریکٹر ہینس کلوز نے دی ہے۔ انہوں نے جمعہ کو دیررات ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’ڈبلیو ایچ او کے یوروپی مرکز نے براعظم کے آٹھ ممالک میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین ووک 202012/01 کا پتہ چلا ہے۔

موجودہ حفاظتی اقدامات مثلاً سوشل ڈسٹنسنگ ،ماسک کور سپورٹ ببلز میں رہنا ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کا نیا اسٹرین پرانے وائرس کے مقابلہ نوجوانوں میں پھیل رہاہے ‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’چوکسی اہم ہے۔ اس کے اثرات کی وضاحت کے لئے تحقیق جاری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ہفتے برطانیہ میں کورونا وائرس کے ایک نئے اسٹرین کا پتہ چلا ہے ، جو پرانے وائرس سے 70 فیصد تیزی سے پھیل رہا ہے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

ماسکو میں کورونا سے مزید 77 مریضوں کی ہلاکت سے مجموعی تعداد 10840 ہو گئی

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے مزید 77 مریض ہلاک ہوئے ہیں جس سے یہاں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 10840 ہوگئ ہے۔ جمعہ کے روز کورونا وائرس رسپانس سینٹر نے یہ اطلاع دی۔ مرکز نے کہا ’’کوڈ 19 کے سبب ماسکو میں مزید 77 مریض ہلاک ہوئے ہیں‘‘۔ خیال رہے ایک دن پہلے ہی ماسکو میں اس وائرس سے 74 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

فرانس میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس

فرانس میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔یہ اطلاع مقامی میڈیا نے دی ہے۔ جمعہ کو دیر رات رپورٹ میں بی ایف ایم ٹی وی نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ حال ہی میں برطانیہ سے واپس آنے والا ایک فرانسیسی شہری ٹورس میں کورونا کے نئے اسٹرین میں مبتلا پایا گیا ہے۔ چینل نے اطلاع دی ہے کہ اس شخص میں وائرس کا آثار نہیں نظر آرہےہیں اور فی الحال گھریلو قرنطین میں ہے۔قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Dec 2020, 8:33 AM IST