خبریں

اہم خبریں: مغربی بنگال کو ہم گجرات نہیں بننے دیں گے... ممتا بنرجی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / تصویر آئی اے این ایس
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی / تصویر آئی اے این ایس 

ہم مغربی بنگال کو گجرات نہیں بننے دیں گے: ممتا بنرجی

کولکاتا میں بنگلہ سنگیت میلہ 2020 کے دوران مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’ہمیں اپنی مٹی کی عزت کرنی ہے اور اس کا وقار برقرر رکھنا ہے۔ بنگال کو کوئی تباہ نہیں کر سکتا۔ ہم بنگال کو گجرات نہیں بننے دیں گے۔‘‘

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

’ہونڈا کارس‘ نے بند کیا نوئیڈا پلانٹ، ہزاروں لوگوں کی ملازمت خطرے میں!

ہونڈا کارس انڈیا لمیٹڈ نے بدھ کے روز گریٹر نوئیڈا کے دو کارخانوں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کارخانہ کے بند ہونے سے ایچ سی آئی ایل کا ملک میں سی آر-وی اور سیویک ماڈل کا پروڈکشن بھی تھم گیا ہے۔ ان دونوں ہی ماڈل کا پروڈکشن انہی کارخانوں میں کیا جاتا تھا۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ان کارخانوں کے بند ہونے سے ہزاروں لوگوں کی ملازمت خطرے میں پڑ گئی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ سال 1997 میں وجود میں آئے اس کارخانے میں پروڈکشن بند کرنے کا فیصلہ مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کی نوتشکیل سے متعلق ہو رہی کوششوں کا حصہ ہے۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

سڑک حادثے میں بال ۔ بال بچے آرجے ڈی رکن اسمبلی رن وجے ساہو

حاجی پور: بہارمیں ویشالی ضلع کے گنگا بریج تھانہ علاقہ میں بدھ کو سڑک حادثے میں موروا اسمبلی حلقہ کے راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) رکن اسمبلی رن وجے ساہو بال ۔ بال بچ گئے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ آرجے ڈی رکن اسمبلی رن وجے ساہو اپنی نجی گاڑی سے پٹنہ سے سمستی پور جا رہے تھے، تبھی مہاتما گاندھی سیتو پر ان کی گاڑی میں ٹرک نے ٹکر مار دی۔ اس دوران رکن اسمبلی کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ حالانکہ گاڑی پر سوار رن وجے ساہو سمیت سبھی افراد بال۔ بال بچ گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ رن وجے ساہو کو معمولی چوٹ لگی ہے۔ حاجی پور صدر اسپتال میں ابتدائی علاج کے بعد رکن اسمبلی دوسری گاڑی سے سمستی پور کی جانب روانہ ہوگئے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

نالندہ میں لاکھوں کی لوٹ، مکان مالک زخمی

راجگیر: بہار میں نالندہ ضلع کے رہوئی تھانہ علاقہ میں ڈاکوﺅں نے ایک مکان میں ڈاکہ ڈال کر تین لاکھ روپے کی املاک لوٹ لی اور مکان مالک کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس ذرائع نے بدھ کو یہاں بتایا کہ منگل کی دیر رات ڈاکوﺅں نے دیکپورا گاﺅں باشندہ نارائن پاٹھک کے مکان پر دھاوا بولا۔ اس کے بعد ڈاکوﺅں نے اسلحہ کا خوف دکھا کر اہل خانہ کے اراکین کو قبضے میں لیا اور لوٹ پاٹ کی کوشش کی۔ مخالفت کرنے پر ڈاکوﺅں نے نارائن پاٹھک کو گولی مار کر زخمی کر دیا اور نقد اور زیورات سمیت تین لاکھ روپے کی املاک لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو بہار شریف صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی پولیس کے سنیئر افسران نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

کانگریس ریاستی صدر اجے کمار للو گھر میں نظر بند

لکھنؤ: سابق وزیرا عظم آنجہانی چودھری چرن سنگھ کی جینتی پر کانگریس کے پہلے سے ہی اعلان شدہ ریاست گیر احتجاجی مظاہرے کے دوران اراکین اسمبلی و پارلیمنٹ کے گھروں کا گھیراؤ کرنے جا رہے ریاستی صدر کو پولیس نے ان کے گھر میں ہی نظر بند کر دیا۔ نظر بندی کے بعد اجے کمار للو نے گھر میں ہی تھالی و تالی بجا کر زرعی قوانین کی مخالفت و کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اجے کمار للو کی نظر بندی پر پارٹی کارکنان دھرنے پر بیٹھ گئے۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

وائرل ویڈیو میں شراب پیتے نظر آئے داروغہ و کانسٹبل، لائن حاضر

بلندشہر: اترپردیش کے ضلع بلندشہر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) نے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ویڈیو کی بنیاد پر پہاسو تھانے میں تعینات راج بہادر راٹھی اور ہیڈ کانسٹیبل جتیندر سنگھ کو لائن حاضر کر دیا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش کمار سنگھ نے آج یہاں کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں داروغہ راج بہادر راٹھی، ہیڈ کانسٹیبل جتیندر سنگھ ایک کمرے میں بیٹھے نظر آرہے ہیں اور ان کے سامنے میز پر شراب کی ایک بوتل رکھی ہے۔ وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں پولیس اہلکار کو تھانے سے ہٹا کر لائن حاضر کر دیا گیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ پولیس سرکل افسر شکارپور گوپال سنگھ کو سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانچ رپورٹ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

اسرائیل میں آئندہ سال 23 مارچ کو پارلیمانی انتخابات

تل ابیب: اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسیٹ کے اسپیکر یریو لیون نے کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات اگلے سال 23 مارچ کو ہوں گے۔ لیون نے میٹنگ کے بعد کنیسیٹ ٹی وی چینل کو بتایا کہ ’’اس وقت کنیسیٹ کو تحلیل کیا جارہا ہے۔ 24 ویں کنیسیٹ کا انتخاب 23 مارچ 2021 کو ہوگا‘‘۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

حیدرآباد: تلنگانہ میں برسراقتدار جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ کورونا کی علامات پائے جانے پر پرکاش گوڑ نے معائنہ کروایا جس میں رپورٹ مثبت برآمد ہوئی۔ جس کے ساتھ رکن اسمبلی ڈاکٹروں کے مشورے پر گھر پر ہی الگ تھلگ ہوگئے۔ رکن اسمبلی نے گزشتہ ایک ہفتے سے ان سے ملاقات کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنے معائنے کروا لیں۔ پرکاش گوڑ شہر کے راجندر نگر اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 23950 ہزار نئے معاملے، مجموعی تعداد ایک کروڑ 99 ہزار

وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 23950 نئے معاملے درج کئے گئے، اس دوران 26895 افراد شفایاب ہو گئے، جبکہ 333 مریضوں نے دم توڑ دیا۔

کیسز کی مجموعی تعداد- 10099066

فعال کیسز کی تعداد - 289240

شفایاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد - 9663382

اموات کی مجموعی تعداد - 146444

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

جموں: دو مرتبہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رہے مدن لال شرما کا انتقال

جموں و کشمیر کے پونچھ سے دو مرتبہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے مدن لال شرما کا انتقال ہو گیا۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

کراچی: فیکٹری دھماکے میں 8 افراد ہلاک

کراچی: پاکستان کے صوبہ سندھ کی راجدھانی کراچی میں واقع ایک فیکٹری میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 16 دیگر زخمی ہوگئے۔ جیو نیوز نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) معین الدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ واقعہ منگل کے روز کراچی میں برف اور کولڈ اسٹرویج فیکٹری میں پیش آیا ہے۔

مسٹر معین الدین کے مطابق دھماکے سے عمارت تباہ ہوگئی اور فیکٹری کے آس پاس بھی نقصان ہوا ہے۔ جیو کے مطابق حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ فیکٹری کے ملبے کے نیچے متعدد لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔بچاؤ مہم جاری ہے۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

سائنسدانوں اور ماہرین کا برطانیہ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ

لندن: برطانیہ کے چیف سائنٹسٹ سمیت طبی مشیروں اور سائنسدانوں نے حکومت پر ملک گیرلاک ڈاؤن لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ نئی قسم کا کورونا وائرس ہر جگہ ہے، چوتھے درجے کا لاک ڈاؤن نہ لگایا تو ہزاروں جانیں جاسکتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم پہلی قسم سے زیادہ مہلک نہیں ہے۔ یورپی کمیشن نے رکن ملکوں سے برطانیہ پر عائد سفری پابندیاں مکمل طور پر اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ اتوار کو فرانس نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔ ان پابندیوں کے باعث اس وقت ڈوور بندرگاہ کے قریب یوروپ جانے والی تین ہزار کے قریب لاریاں پھنسی ہوئی ہیں۔

برطانیہ اور فرانس کے مابین سرحد کھولنے کا معاہدہ طے پا گیا، ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹس شیپس کے مطابق برطانیہ سے فرانس کے درمیان زمینی، فضائی اور بحری سفر آج سے دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ فرانس کے وزیر ٹرانسپورٹ جان بیپ ٹِسٹ نے کہا ہے کہ فرانس آنے والے مسافروں کو کووڈ ٹسٹ کروانا ہوگا۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

برطانیہ سے ائر انڈیا کی پرواز میں چار مسافر کورونا سے متاثرپائے گئے

برطانیہ میں کورونا وائرس کی ایک نئی اور تیزی سے پھیلنے والی قسم کی وجہ سے پوری دنیا میں مچی افراتفری کے دوران لندن سے کل آئی ایک پرواز کے چار مسافر کورونا سے متاثر پائے گئے۔

سرکاری اطلاع کے مطابق وندے بھارت مشن کے تحت کل 275 مسافر ائر انڈیا کی خصوصی پرواز نمبر اے 1172 سے آئے تھے۔سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جانچ کے دوران ان میں سے چار کورونا سے متاثر پائے گئے۔ سب کو یہاں کے ایس وی پی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس بات کی بھی جانچ کی جائے گی کہ آیا انہیں یہ نیا کورونا وائرس لاحق ہے یا نہیں۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Dec 2020, 6:26 AM IST