خبریں

اہم خبریں: جیل میں قید ہاتھرس واقعہ کے چاروں ملزمین سے سی بی آئی نے 7 گھنٹے کی پوچھ تاچھ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یو پی: جیل میں قید ہاتھرس واقعہ کے چاروں ملزمین سے سی بی آئی نے کی طویل پوچھ تاچھ

ہاتھترس واقعہ کی جانچ کر رہی سی بی آئ نے آج علی گڑھ جیل پہنچ کر چاروں ملزمین سے طویل پوچھ تاچھ کی۔ سی بی آئی کی پانچ رکنی ٹیم آج دوپہر 12 بجے جیل پہنچی تھی اور دن بھر پوچھ تاچھ کے بعد شام تقریباً 7 بجے جیل احاطہ سے باہر نکلی۔ اس دوران ٹیم نے باری باری سبھی ملزمین سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے پورے واقعہ کے تعلق سے جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

سماجی بہبود اسکیموں کے نام پر ہو رہے آن لائن فراڈ سے ہوشیار رہیں... سائبر پولیس

سری نگر: سائبر پولیس کشمیر نے لوگوں سے سماجی بہبود اسکیموں کے نام پر ہو رہے آن لائن فراڈ سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے۔ سائبر پولیس اسٹیشن کشمیر زون کے ایک ترجمان نے کہا کہ کچھ جعلساز اپنے آپ کو مرکزی سماجی بہبود محکمے سے وابستہ بتا کر لوگوں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ ٹھگ، لوگوں سے کہتے ہیں کہ اسکیم کے فنڈس آپ کے بینک کھاتوں میں راست جمع ہوں گے اور اس کے لئے ان سے بینک اکاؤنٹ نمبروں کی تفصیلات طلب کرتے ہیں'۔

موصوف نے کہا کہ جوں ہی کوئی ان جعلسازوں کو اپنے بینک کاؤنٹ کی تفصیلات کی جانکاری فراہم کرتا ہے تو وہ اس میں جمع پیسے نکالتے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے تاکید کی کہ ایسے کسی بھی شخص کے ساتھ اپنی بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شیئر نہ کریں۔ قبل ازیں سائبر پولیس کشمیر زون نے فیس بک کے ذریعے جعلی نوکریاں فراہم کرنے کے ایک اسکینڈل کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

مرزا پور میں پجاری کا گلا ریٹ کر قتل

مرزاپور: اترپردیش کے ضلع مرزا پور کے چیلہ تھانہ علاقے میں اتوار کی نصف شب مندر کے پجاری کی دھار دار ہتھیار سے گلا ریت کر قتل کردیا گیا۔ سپرنٹندنٹ آف پولیس اجے سنگھ نے پیر کو یہاں بتایا کہ علاقے کے دھہرورا گاؤ ں میں واقع ایک قدیم مندر کے پجاری منو(40) کا نامعلوم افراد نے گلا ریت کر قتل کردیا۔ قتل کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ منو مندر کی صاف صفائی کے علاوہ اس کی دیکھ بھال بھی کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کی رات میں کسی وقت نامعلوم حملہ آوروں نے دھار دار ہتھیار سے ان کا قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اجے سنگھ نے بتایا کہ ہلاکت کی خبر صبح مندر پر آرتی پوجن کے لئے گئے لوگوں کے ذریعہ ملی۔ ابھی تک ملزمین کو کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ ملزمین کی تلاش کے لئے چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جلد ہی انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

شوہر سے پریشان خاتون نے خودکشی کرلی

حیدرآباد: شوہر کی ہراسانی سے تنگ آکر ایک خاتون نے شادی کے چھ ماہ کے اندر ہی، اپنے اپارٹمنٹ کے اوپر سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ حیدرآباد کے چندا نگر پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مارکنڈے نامی شخص کی سب سے چھوٹی بیٹی سری ودیا، جو چندا نگر میں سری دیوی تھیٹر کے قریب ایک اپارٹمنٹ میں رہتی ہے، کی شادی چھ ماہ قبل بھوپال پلی کے شبریش سے ہوئی تھی۔ حال ہی میں اس جوڑے کے مابین جھگڑے شروع ہوگئے تھے۔ اس عمل کے دوران، شبریش اپنی بیوی کو روزانہ ہراساں اور جسمانی زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔ اس ماہ کی 14 تاریخ کو شبریش اپنے دوستوں کے ساتھ بنگلور گیا تھا۔ 17 اکتوبرکو سریو دیا چندا نگر میں اپنے والدین کے پاس آئی۔ اتوار کے روز اپنے شوہر سے فون پر بات کی۔ وہ پانچویں منزل پر اپنے سینڈل چھوڑ کر نیچے کود گئی۔ چوکیدار نے اس کے افراد خاندان کو آگاہ کیا اور فوری طور پر اسے مقامی اسپتال منتقل کردیا، وہاں سے بہتر علاج کے لئے اسے گچی باولی کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ پہلے ہی مر چکی ہے۔ مقتول کے والد کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے اور جانچ جاری ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

عدالتیں سیر گاہ نہیں کہ جب دل میں آیا چلے آئے، عدالت عظمیٰ نے مدھیہ پردیش حکومت کو لگائی پھٹکار

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومتیں جان بوجھ کر اپیلیں دائر کرنے میں تاخیر کرتی ہیں، کیونکہ انہیں عدالتیں بطور سیر گاہ نظر آتی ہیں۔ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس دنیش مہیشوری کی بنچ نے حال ہی میں مدھیہ پردیش حکومت کی خصوصی عرضی خارج کرتے ہوئے ان پر 25000 روپے جرمانہ عائد کیا۔ دریں اثنا عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ریاستی حکومتیں جان بوجھ کر اپیلیں دائر کرنے میں تاخیر کرتی ہیں، تاکہ ان کے پاس یہ کہنے کا بہانہ ہو کہ درخواست خارج کردی گئی۔

بنچ نے کہا کہ مقررہ مدت (لمیٹیشن پیریڈ) کونظر انداز کرنے والی ریاستی حکومتوں کے لئے عدالت عظمیٰ سیر گاہ نہیں ہوسکتی کہ جب دل میں آیا یہاں چلے آئے۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کو ’عدالتی وقت ضائع کرنے کا خمیازہ برداشت کرنا چاہیے‘ اور اس کے ذمہ دار حکام سے قیمت وصول کی جانی چاہیے۔ خیال رہے مدھیہ پردیش حکومت نے ’بھیرو لال معاملہ‘ میں 663 دن کی تاخیر کے ساتھ اپیل دائر کی تھی۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

کانپور میں گن پوائنٹ پر دلت خاتون کی اجتماعی عصمت دری

اتر پردیش میں خواتین کے ساتھ درندگی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ تازہ واقعہ کانپور سے سامنے آیا ہے۔ کانپور کے ڈیرہ پور میں دلت خاتون کے ساتھ بندوق کی نوک پر دو افراد پر اجتماعی عصمت دری کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

پلوامہ میں پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ پارٹی پر فائرنگ، ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی

سری نگر:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گانگو علاقے میں پیر کی صبح مشتبہ ملی ٹنٹوں نے پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک مشترکہ پارٹی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے ایک اہلکار زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گونگو پلوامہ میں پیر کی صبح ملی ٹنتوں نے پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 182 بٹالین سی آر پی ایف کے ایک جوان زخمی ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی جوان کو فوری طور پر ایک نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

ماسکو میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 6000 سے متجازو

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے اموات کی تعداد چھ ہزار سے تجاوز کرگئی۔ یہ اطلاع ماسکو کے کورونا وائرس رسپانس سینٹر نے دی۔ مرکز نے گزشتہ روز بتایا کہ’’ماسکو میں کورونا وائر س کے باعث 51 مزید مریضوں کی موت ہوگئی‘‘۔ اس سے قبل یہاں ہفتہ کے روز 52 اور جمعہ کے روز 54 مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔ مرکز نے بتایا کہ ماسکو میں کووڈ- 19 سے اموات کی تعداد 6009 ہوگئی ہے۔ اتوار کے روز روس میں اس مہلک وائرس کے 15099 نئے کیسز درج کیے گئے تھے اور ان میں سے 4610 کیسز ماسکو میں درج ہوئے تھے۔ اب تک روس میں تقریباً 13.99 لاکھ افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ماسکو میں کووڈ- 19 کے 24187 مریض ہیں۔

میانمار میں کار حادثہ، چار افراد ہلاک

ینگون: میانمار کے صوبہ شان کے ایک شہر میں کار حادثے میں چار افراد ہلاک اور ایک شخص لاپتہ بتایا جا رہا ہے۔ مقامی میڈیا نے پیر کے روز اطلاع دی ہے۔ یہ حادثہ ضلع سنگھراہالیہ کے نوناگن گاؤں کے قریب اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے پیش آیا۔ حادثے کے وقت کار میں سات افراد سوار تھے۔ ڈرائیور کے گاڑی پر کنٹرول کھو دینے کے بعد کار دریائے شولی میں جا گری۔ ڈرائیور اور دو خواتین ڈوبنے والی گاڑی سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں لیکن ایک شخص نے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ گاڑی میں دیگر تین خواتین اور ایک بچہ پھنسا ہوا ہے۔ تین خواتین کی لاشیں ملی ہیں جبکہ بچہ لاپتہ ہے، جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

بہرائچ میں خاتون کو بدمعاشوں نے گولی مار دی

بہرائچ: اترپردیش کے بہرائچ ضلع کے حضورپور علاقے میں اتوار کو ایک خاتون کو اس کے گھر کے سامنے بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ زخمی خاتون کو نزدیک میں واقع ہیلتھ سینٹر میں بھرتی کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے علاج کے لئے میڈیکل کالج ریفر کردیا گیا۔ پولس نے تین بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے۔

پولس نے بتایا کہ حضور پور تھانہ کے لودھن پوروا ٹیپرا گاؤں کی رہنے والی بدھنا (45) کا گاؤں کے ہی کچھ لوگوں سے پرانی رنجش تھی۔ اتوار کو بدمعاش اپنے ساتھیوں کے ساتھ خاتون کے گھر پہنچ کر گالی گلوچ کرنے لگا۔ الزام ہے کہ جب خاتون نے اس کی مخالفت کی تو بدمعاشوں نے گولی مار دی۔ لوگوں نے اسے ہیلتھ سینٹر میں بھرتی کرایا جہاں ڈاکٹروں نے سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے علاج کے لئے میڈیکل کالج ریفر کردیا۔ حضورپور تھانہ انچارج آر پی یادو نے بتایا کہ متاثرہ کی جانب سے تحریری شکایت کی گئی ہے۔ شکایت کے مطابق گاؤں کے سنجے، چھوٹو و بڑکاؤ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

پنجاب اور اتر پردیش میں آج سے کھلیں گے اسکول

اتر پردیش اور پنجاب میں کورونا وبا کی وجہ سے سات مہینے سے بند اسکول آج سے کھل جائیں گے۔پنجاب میں آج سےسرکاری اسپتالوںمیں او پی ڈی خدمات بھی شروع کردی جائیں گی۔

اتر پردیش میں دو شفٹوں میں اسکول چلیں گے اور اسکول آنے کےلئے سرپرست کی تحریری منظوری ضروری ہے۔ اسکول اور کالج کے طلباء اس منظوری کے بعد اسکول میں آکر پڑھ سکتے ہیں۔اترپردیش میں پہلی شفٹ صبح 8.50سے11.50اور دوسری شفٹ12.20 سے3.20 تک چلے گی۔پہلی شفٹ میں نویں اور دسویں کےطلباء اور دوسری شفٹ میں گیارہویں اور بارہویں کے طلبا ء پڑھ سکیں گے۔

پڑھائی سے پہلے جہاں اسکول اور کلاس کوپوری طرح سینیٹائز کیا جائےگا وہیں سماجی دوری اور ضروری تقاضوں پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔واضح رہے پنجاب میں کچھ نجی تعلیمی ادارہ 15 اکتوبر سے ہی کھل گئے تھے۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Oct 2020, 8:24 AM IST