
واشنگٹن: دنیا کے متعدد ممالک میں کورونا وائرس انفیکشن کے علاج کے لئے مختلف ویکسینز اور دیگر علاج کے طریقوں پر تحقیق اور کام کیا جا رہا ہے۔ اسی حوالہ سے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے اسٹیم سیل تھریپی کے کلینکل ٹرائل کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی بائیو ٹیک کمپنی نے انسانی پلیسینٹا سے اسٹیم سیل حاصل کیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسٹیم سیل تھریپی کا تجربہ کورونا سے نبرد آزما چھیاسی مریضوں پر کیا جائے گا۔
ادھر متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی کورونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے لیے نئی دریافت میں پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات ابوظہبی کے اسٹیم سیل سینٹر میں کی جارہی ہیں۔ نئے طریقٗ علاج سے 73 مریض مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اتر پردیش واقع بستی کے ضلع مجسٹریٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مہاراشٹر سے جو بس مزدوروں کو لے کر جھانسی ہوتے ہوئے بستی پہنچی، ان میں 7 مزدوروں میں کورونا انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ بس سے آنے والے مزدوروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 7 کا ریزلٹ پازیٹو آیا ہے۔
سی آر پی ایف کے 68 مزید جوانوں میں کورونا انفیکشن پایا گیا ہے۔ یہ سبھی جوان اس بٹالین سے جڑے ہیں جس کا کیمپ ایسٹ دہلی میں ہے۔ بٹالین میں اب کل پازیٹو کیسز کی تعداد بڑھ کر 122 ہو گئی ہے اور سی آر پی ایف میں کورونا کے کل معاملے بڑھ کر 127 ہو گئے ہیں۔ ان میں سے ایک جوان ٹھیک ہو گیا ہے جب کہ ایک کی موت واقع ہو گئی ہے۔
عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر پوری دنیا پر چھایا ہوا ہے۔ امریکہ پر اس وائرس انفیکشن کا حملہ سب سے زیادہ ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ذریعہ پیش کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 1883 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 65 ہزار سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ مریضوں کی تعداد 11 لاکھ کے پار پہنچ چکی ہے۔
مدھیہ پردیش کے مہاجر مزدوروں کو لے کر ناسک سے چلی مزدور اسپیشل ٹرین مسرود ریلوے اسٹیشن (بھوپال کے پاس) پہنچ گئی ہے۔ سبھی مسافروں کو ریاست میں ان کے متعلقہ ضلعوں کے لیے روانہ کرنے سے پہلے ہیلتھ افسر ان کی اسکریننگ کریں گے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 May 2020, 8:50 AM IST