خبریں

کورونا UPDATES: سنگین معاشی بحران کے تعلق سے سونیا گاندھی نے لکھا وزیر اعظم مودی کو خط

لاک ڈاؤن میں راحت ملنے کے بعد کئی ریاستوں میں دکانیں کھل گئی ہیں اور خریداری کے لیے لوگوں کی بھیڑ نظر آ رہی ہے۔ ممبئی میں بھی کرلا علاقہ کے لوگ برتن وغیرہ خریداری کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سنگین معاشی بحران کے تعلق سے سونیا گاندھی نے لکھا پی ایم مودی کو خط

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کو درپیش سنگین معاشی بحران کے تعلق سے خط لکھا ہے۔ انہوں نے ’ایم ایس ایم ایز‘ کے خدشات کا اعادہ کیا اور ازالہ کیلئے پانچ تجاویز بھی دیں۔

خط میں سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ ایک دن کا لاک ڈاؤن سیکٹرز کو 30 ہزار کروڑ کا نقصان پہنچا رہی ہے۔ بیشتر ایم ایس ایم ایز کو جو احکامات موصول ہوئے تھے وہ اب ختم ہو چکے ہیں، جس کا اثر ان کے کام کاج پر نظر آئے گا۔ ایم ایس ایم ایز سے 11 کروڑ افراد کی ملازمت منسلک ہے، یہی وجہ ہے کہ معاشی بحران کے اس دور نے اس شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

پولس نے اپنے ہی محکمہ کی خاتون حولدار کے خلاف درج کرائی ایف آئی آر

دہلی پولس نے اپنے ہی محکمہ کی ایک خاتون حولدار کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ خاتون حولدار کا نام نیلم ہے اور الزام ہے کہ اس نے ڈاکٹروں کے احکام کی خلاف ورزی کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خاتون حولدار کی لاپروائی کی وجہ سے کئی دیگر لوگوں کے درمیان کورونا بیماری پھیلنے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی پولس نے اس خاتون حولدار کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ دراصل ڈاکٹروں نے حولدار نیلم کو کوارنٹائن میں رہنے کے لیے کہا تھا لیکن جب ان کا حال چال لینے کے لیے پولس محکمہ کے کچھ افسران اس کے گھر گئے تو وہ نہیں ملیں، اور تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ وہ گڑگاؤں چلی گئی ہیں۔ اسی بات سے ناراض ہو کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

بغیر منصوبہ بندی کے ساتھ لاک ڈاؤن کے سبب کروڑوں ملازمتیں گئیں: کانگریس

کورونا وائرس انفیکشن پر قابو پانے کے لیے پی ایم مودی کے ذریعہ کیے گئے لاک ڈاؤن پر کانگریس نے سوال اٹھا دیا ہے۔ مرکز کی مودی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ بغیر سوچے سمجھے اور بغیر منصوبہ بنائے فیصلہ لینے سے نقصان صرف معاشی نہیں ہوتا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ جس طرح بغیر منصوبہ کے نوٹ بندی کی گئی تھی اسی طرح بغیر منصوبہ کے لاک ڈاؤن کرنے کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کی ملازمتیں چلی گئی ہیں اور آنے والے وقت میں مزید کروڑوں ملازمتیں جانے کا خطرہ ہے۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

صرف سامان فروخت کرنے والی دکانیں کھلیں گی، سیلون یا اسپا کھولنے کی اجازت نہیں: حکومت

مرکز کی مودی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی دیتے ہوئے سبھی دکانیں کھولنے کا جو بیان جاری کیا تھا، اس سلسلے میں ایک نیا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جو دکانیں سامان فروخت کر رہی ہیں وہ تو کھل سکتی ہیں لیکن جو خدمات فراہم کر رہی ہیں، مثلاً سیلون، بیوٹی ٹریٹمنٹ، اسپا وغیرہ، ان کو کھولنے کی اجازت ابھی نہیں ہے۔ وزارت داخلہ کے نئے احکام کے مطابق کسی بھی طرح کے ریسٹورینٹ کو کھولنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ یہ جانکاری مرکزی وزارت داخلہ کی جوائنٹ سکریٹری پنیہ سلیلا شریواستو نے میڈیا کو دی

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

اترپردیش: 30 جون تک کوئی بھی عوامی جلسہ ممنوع، یوگی حکومت کا فیصلہ

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ 30 جون تک کسی بھی عوامی جلسہ کی اجازت کسی کو نہ دی جائے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آگے کا فیصلہ حالات کو دیکھ کر لیا جائے گا۔ ایسے ماحول میں اب قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کیا یو پی حکومت 3 مئی کے بعد بھی ریاست میں لاک ڈاؤن کی توسیع کرے گی؟

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

دہلی میں اب تک 6 مریضوں پر پلازمہ تھیراپی کا استعمال، نتیجے خوش آئند: وزیر صحت

دہلی میں کورونا کے سنگین حالت میں پہنچ چکے مریضوں پر پلازمہ تھیراپی کا تجربہ جاری ہے اور اب تک خوش آئند نتیجے برآمد ہوئے ہیں۔ آج دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے میڈیا کو بتایا کہ ”دہلی میں اب تک ہم نے 6 مریضوں کو پلازمہ تھیراپی دی ہے۔ 2 کو کل دی تھی، 2 کو پرسوں دی تھی اور 2 کو چار دن پہلے دی تھی۔ جن کو چار دن پہلے یہ تھیراپی دی گئی تھی، وہ تقریباً ٹھیک ہو چکے ہیں۔“ ستیندر جین نے یہ بھی بتایا کہ جتنے بھی مریضوں کو پلازمہ تھیراپی دی گئی ہے ان کی حالت سنگین تھی اور ان میں اس وقت قابل ذکر بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

پٹنہ واقع ایمس میں کورونا مریضوں کا علاج پلازمہ تھیراپی سے کرنے کی تیاری

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گزشتہ روز 4 کورونا مریضوں پر پلازمہ تھیراپی استعمال کیے جانے کی خبر میڈیا کو دینے کے بعد یہ بھی بتایا تھا کہ ان چاروں پر پلازمہ تھیراپی کا مثبت اثر دیکھنے کو ملا ہے۔ اب پٹنہ واقع ایمس نے بھی اس تھیراپی کا استعمال کرنے کا ارادہ کیا ہے۔ خبروں کے مطابق بہار کے پرنسپل ہیلتھ سکریٹری سنجے کمار کا کہنا ہے کہ بہار حکومت ایمس (پٹنہ) میں پلازمہ تھیراپی استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

اس مشکل وقت میں سرکاری ملازمین کا ڈی.اے. کاٹنا ٹھیک نہیں: منموہن سنگھ

مرکزی حکومت کے ذریعہ سرکاری ملازمین کے ڈی.اے. پر روک لگائے جانے کے فیصلہ کو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ منموہن سنگھ کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں ان سرکاری ملازمین کا ڈی.اے. کاٹنا نامناسب ہے۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

مرکزی حکومت سے ملی چھوٹ کے بعد کئی دکانیں کھلیں، خریداری کے لیے لگی بھیڑ

مرکزی حکومت کے ذریعہ لاک ڈاؤن میں نرمی دیتے ہوئے گلی محلوں کی سبھی دکانوں کو کھولنے کی کچھ شرطوں کے ساتھ منظوری دی گئی ہے۔ اس راحت کے ملنے کے بعد کئی ریاستوں میں دکانیں کھل گئی ہیں اور خریداری کے لیے لوگوں کی بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ممبئی میں بھی کرلا علاقہ کے لوگ برتن وغیرہ خریداری کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 25 Apr 2020, 9:40 AM IST