
اسلام آباد: جموں وکشمیر کے معاملے میں ہندوستان کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدامات کے وجہ سے پاکستان نے بدھ کو دوطرفہ ڈپلومیٹک تعلقات کم کرنے اور تجارت روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستانی حکومت کی پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دفتر میں آج قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ کی جس میں ہندوستان کے ذریعہ کئے گئے اقدامات پر غوروفکر کیا گیا۔ میٹنگ میں ہندوستان کے ساتھ ڈپلومیٹک تعلقات کم کرنے، دوطرفہ تجارت روکنے، دوطرفہ نظم کے جائزہ اوراس معاملے کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کو اس سال ’کشمیریوں اور ان کے خودارادیت کے حق‘ کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر اور ہندوستان کے یوم آزادی 15 اگست کو ’’یوم سیاہ‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے فوج کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔ ڈپلومیٹک اہلکاروں کو جموں وکشمیر سےمتعلق معاملے میں ہندوستان کے فیصلوں سے دنیا کو باخبر کرانے کے لئے سرگرم کردار ادا کرنے کو کہا گیا ہے۔ میٹنگ میں وزیر خارجہ ، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر تعلیم، حقوق انسانی کے وزیر، کشمیر اور گلگت بلتستان معاملے کے وزیر، آئی ایس آئی کے ڈائرکٹر جنرل ،بری فوج کے سربراہ اور خارجہ سکریٹری بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے آئینی قرارداد اور ریاست کے دو مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں تقسیم کرنے سے متعلق ’جموں وکشمیر نوتشکیل بل 2019‘ کو منگل کو منظوری دے دی۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے اترپردیش میں ضمنی الیکشن کے پیش نظر امروہہ کے رکن پارلیمنٹ دانش علی کی جگہ پر جونپور سے منتخب رکن پارلیمنٹ شیام سنگھ یادو کو لوک سبھا میں پارٹی کا لیڈر مقرر کیا ہے۔
بی ایس پی نے بدھ کو یہاں بتایا کہ امبیڈکرنگر سیٹ سے رکن پارلیمنٹ رتیش پانڈے کو لوک سبھا میں ڈپٹی لیڈر بنایا ہے۔ حالانکہ ایوان میں پارٹی کے چیف وہپ نگینہ سیٹ سے منتخب گریش چندر جاٹو بدستور اپنے عہدے پر قائم رہیں گے۔ پارٹی نے اترپردیش میں تنظیم میں تبدیلی کرتے ہوئے سابق راجیہ سبھا رکن منقاد علی کو ریاستی یونٹ کا صدر بنا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اترپردیش یونٹ کے سابق صدر آرایس کشواہا کو پارٹی کی مرکزی یونٹ کا جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
پریاگ راج: یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں اتر پردیش میں جرائم پیشے پوری طرح بے خوف نظر آ رہے ہیں۔ اترپردیش کے ضلع پریاگ راج کے دھومن گنج علاقے میں بدھ کو نامعلوم بدمعاشوں نے ایک شخص کا قتل کر کے اس کی شناخت چھپانے کے لئے اس کے چہرے پر تیزاب ڈالا دیا۔
پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھومن گنج تھانہ علاقہ کے فوجی کالونی باشندہ عمران (27) کی لاش بوقت صبح لوگوں نے دیکھا۔ اس کی اینٹ-پتھروں سے مار مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس کی شناخت چھپانے کے لئے ملزموں نے اس کا چہرہ تیزاب سے جلا دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول کی جیب سے ملے موبائل کی بنیاد پر اس کی شناخت ہوئی اور پتہ چلا کہ وہ پرتاپ گڑھ کا رہنے والا عمران ہے۔ پولس نے عمران کے اہل خانہ کو اس حادثہ کی خبر دے دی ہے۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
سپریم کورٹ میں ایودھیا معاملہ پر سماعت جاری ہے اور اس درمیان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی اور نرموہی اکھاڑا کے وکیل سشیل کمار جین کے درمیان سوال و جواب ہو رہا ہے۔ جسٹس رنجن گوگوئی نے وکیل سشیل کمار جین سے کہا کہ ’’ہم آئندہ دو گھنٹے میں دستاویزی یا زبانی ثبوت دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ جسٹس دھننجے چندرچوڑ نے سماعت کے دوران کہا کہ ’’ہمیں اصلی کاغذات دکھائیے۔‘‘ اس پر وکیل سشیل کمار جین نے کہا کہ دستاویزوں کا تذکرہ الٰہ آباد (ہائی کورٹ) کے فیصلے میں ہے۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
ایودھیا کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے نرموہی اکھاڑا کے وکیل سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس رام جنم بھومی کی ملکیت سے متعلق کوئی ثبوت، کاغذ یا ریونیو ریکارڈ وغیرہ ہے۔ اس کے جواب میں نرموہی اکھاڑا نے عدالت کو بتایا کہ ’’1982 میں ایک ڈکیتی ہوئی تھی جس میں سبھی ثبوت اور کاغذات ختم ہو گئے۔‘‘
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
پنجاب کے لدھیانہ واقع سندر نگر میں موجود تریمورتی ہوزری مل اس وقت زبردست آگ کی زد میں ہے۔ آگ کی لپٹیں کافی تیز ہیں اور اس پر قابو پانے کے لیے جائے وقوع پر تقریباً 50 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موجود ہیں۔ فی الحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے اور آگ لگنے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اس آگ کی وجہ سے کافی مالی نقصان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
سپریم کورٹ کے ذریعہ بابری مسجد اور رام جنم بھومی اراضی تنازعہ کیس کی سماعت روزانہ کرنے کے فیصلہ کے بعد آج دوسرے دن کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ 6 اگست یعنی منگل کے روز پہلے دن سماعت میں کافی تلخ بحثیں ہوئی تھیں۔ دونوں فریقین کی جانب سے کئی باتیں سپریم کورٹ کے سامنے رکھی گئیں۔ ایک طرف نرموہی اکھاڑا کی پیروی کر رہے وکیل نے زمین کی ملکیت نرموہی اکھاڑا کو سونپنے کی وکالت کی تو دوسری طرف راجیو دھون نے تاریخی چیزوں کو سامنے رکھتے ہوئے اس کی مخالفت کی۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
اتر پردیش کے قنوج سے ایک بار پھر نابالغ لڑکی کی عصمت دری کی خبریں آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج، قنوج کے وارڈ بوائے نے ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زنا کیا جو اب پولس گرفت میں ہے۔ متاثرہ لڑکی کو میڈیکل جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور پولس نے پورے معاملے کی تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Aug 2019, 9:10 AM IST