
دہلی: صحافی ترن کی موت کو لے کر آج پریس کلب آف انڈیا کے باہر صحافیوں نے دھرنا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتال نے صحافی ترن کا موبائل آخر کیوں لیا گیا؟ صحافیوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس معاملے کی چھان بین کی جائے۔" وہیں خبروں کے مطابق مرکزی وزیر صحت نے اس معاملے کو لے کر ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ جو 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔
نئی دہلی: کووڈ-19 کے بڑھتے معاملات کے درمیان اسکول کے نہ کھل پانے کی وجہ سے نظام تعلیم پر اثر اور کلاسز کے اوقات میں بھی آئی کمی کے پیش نظر سی بی ایس ای نے منگل کو تعلیمی سال 21-2020 کے لئے 9ویں -12ویں کا نصاب 30 فیصدی تک کم کر دیا ہے۔ سی بی ایس ای کے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کورسز میں بنیادی تصورات کو برقرار رکھا گیا ہے اور کم کیے گئے کورسز سال کے آخر میں بورڈ امتحانات اور داخلی تشخیص کے لئے مقرر کردہ مضامین کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اسکول کے سربراہ اور اساتذہ بھی مختلف موضوعات کو یکجا کرنے کے لئے طالب علموں کو کم کیے گئے مواد کی بھی وضاحت کرنے کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وابستہ اسکولوں میں متبادل تعلیمی کیلنڈر اور این سی ای آر ٹی کے دیگر اِن پٹ بھی درس تدریس کا حصہ ہوں گے۔ اسکول ابتدائی کلاس اول سے ہشتم کے لئے این سی ای آر ٹی کے ذریعہ مخصوص متبادل تعلیمی کیلنڈر پر عمل کریں گے۔ ترمیم شدہ نصاب سی بی ایس ای کی تعلیمی ویب سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ سی بی ایس ای اکیڈمک ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ ان پر دستیاب ہے۔
ستنا: مدھیہ پردیش کے ضلع ستنا میں ایک دس سالہ بچے کی تالاب میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ پولس ذرائع کے مطابق نگود تھانہ علاقہ کے گاوں پتھرودھا تالاب میں نہاتے وقت پانی میں ڈوبنے سے ابھیشیک پانڈے کی موت ہوگئی۔ وہ کل صبح سے لاپتہ تھا۔
مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے شیوراج حکومت میں وزارت کے محکموں کی تقسیم کو لے کر کہا کہ سودے بازی کرکے حکومت بنی ہے، سودے ہی سے کابینہ تشکیل دی گئی اور اب سودے بازی ہی سے محکمہ تقسیم کیے جائیں گے، ریاست کی یہ حالت ہوگئی ہے۔
اتر پردیش میں نظامِ قانون کی حالت انتہائی خراب ہے۔ اس کے خلاف یو پی کانگریس صدر اجے کمار للو نے گورنر کو عرضداشت پیش کرنے کا فیصلہ کیا اور سینکڑوں کارکنان کے ساتھ وہ گورنر ہاؤس پہنچ رہے تھے لیکن پولس نے انھیں گرفتار کر لیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں آرادھنا مشر مونا، نسیم الدین صدیقی، آلوک پرساد سمیت سینکڑوں پارٹی کارکنان شامل ہیں۔
ممبئی پولیس کے ڈی سی پی زون-9 نے بتایا کہ پولیس نے اس بلڈنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو اپنے قبضہ میں لیا ہے جہاں سوشانت سنگھ راجپوت قیام کرتے تھے۔ واضح رہے کہ سوشانت کے فلیٹ کے باہر کوئی سی سی ٹی وی کیمرلے نصب نہیں تھا۔ تاہم پولیس کو فارینسک رپورٹ کا انتظار ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی گلوان وادی میں چینی فوج کے ساتھ تصادم میں شہید ہوئے 20 ہندوستانی جوانوں کا معاملہ لگاتار اٹھا رہے ہیں اور مرکز کی مودی حکومت سے سوال پوچھ رہے ہیں۔ آج ایک بار پھر انھوں نے مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ آخر ہماری زمین پر 20 غیر مسلح جوانوں کے قتل کو چین کیسے درست ٹھہرا رہا ہے؟ ساتھ ہی یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ گلوان وادی کی علاقائی سالمیت کا کوئی تذکرہ کیوں نہیں ہے؟
کورونا مریضوں کے ذریعہ خودکشی کے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ اب مہاراشٹر کے کونڈھا میں پونے میونسپل کارپوریشن کے کوارنٹائن سنٹر میں ایک 60 سالہ کورونا پازیٹو مریض نے خودکشی کر لی۔ اس کا اور اس کے بیٹے کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ خودکشی کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
امریکی لیڈر مائک پومپیو نے چینی سوشل میڈیا ایپس سے متعلق ایک انتہائی اہم بیان دیا ہے۔ ہندوستان کے ذریعہ کئی چینی ایپس پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد اب امریکہ نے بھی اس طرف قدم اٹھانے کا عزم کیا ہے۔ مائک پومپیو کا کہنا ہے کہ امریکہ ٹک ٹاک سمیت چینی سوشل میڈیا ایپس پر پابندی عائد کرنے کے متعلق غور کر رہا ہے۔
ہندوستان میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے ریکارڈ معاملے سامنے آئے ہیں۔ جاری کردہ تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 22252 نئے معاملوں کے ساتھ ہندوستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 لاکھ کے پار پہنچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 467 اموات بھی ہوئیں جس کے بعد مجموعی طور پر اس وبا سے ہندوستان میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 20160 ہو گئی ہے۔
ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 21 دنوں تک اضافہ ہونے کے بعد گزشتہ 8 دنوں تک کوئی اضافہ نہیں ہوا تھا، لیکن آج ایک بار پھر ڈیل کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منگل کو سرکاری تیل کمپنیوں نے ڈیزل کی قیمت میں تبدیلی کرتے ہوئے 25 پیسے کا اضافہ کیا ہے۔ راجدھانی دہلی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 80.43 روپے ہے جب کہ ایک لیٹر ڈیزل کے لیے 80.78 روپے خرچ کرنے ہوں گے۔
وزارت داخلہ نے اعلی تعلیم کے مرکزی سکریٹری کو مکتوب لکھ کر یونیورسٹیز اور اداروں کے ذریعہ امتحانات منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔
امتحانات کے لئے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی ہدایات کے مطابق اور یونیورسٹی کے لئے تعلیمی کیلینڈر اور مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کے ذریعہ منظور شدہ معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے مطابق آخری سیشن کے امتحانات منعقد کر نا لازمی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jul 2020, 5:50 AM IST