
میڈیا ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی کے جوہو اے ٹی ایس نے خفیہ جانکاری کی بنیاد پر کانپور انکاؤنٹر کے دو ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ٹی ایس جوہو یونٹ کو پتہ چلا تھا کہ ایک ملزم ٹھانے میں ہے۔ خبر ملتے ہی پولس نے کولشیٹ روڈ، ٹھانے میں ایک جال بچھایا اور ملزم اروند عرف گڈن رام ولاس تریویدی اور اس کے ڈرائیور سونو تیواری کو گرفتار کر لیا۔
جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین پر اس وقت کورونا انفیکشن کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ انھوں نے انفیکشن کا پتہ لگانے کے لیے آج کورونا ٹیسٹ کرایا۔ ساتھ ہی ان کی بیوی نے بھی اپنا سیمپل کورونا ٹیسٹ کے لیے دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹیسٹ کا ریزلٹ آج شام تک برآمد ہو جائے گا۔
مدھیہ پردیش واقع اجین کے مہاکال تھانہ میں کام کرنے والے کانسٹیبل وجے راٹھور نے وکاس دوبے کے تعلق سے ایک اہم انکشاف کیا ہے۔ اس نے کہا کہ ”جب ہم وکاس دوبے کو تھانے لائے تھے تو وہ بہت غصہ میں تھا۔ اس نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ’میں اتر پردیش میں ہوتا تو تمھارے گھروں میں آگ لگوا دیتا۔ تمھارے ہاتھ-پیر کٹوا دیتا۔ تمھیں برباد کر دیتا۔‘ میں نے اسے ہتھکڑی لگائی تھی اس لیے مجھ سے زیادہ ناراض تھا۔“
گینگسٹر وکاس دوبے کے انکاؤنٹر کے بعد کانپور واقع بکرو گاؤں میں کچھ مقامی لوگوں نے وکاس کے خلاف آواز اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ اس درمیان گاؤں میں ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف) کی ایک ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ اس درمیان ایک مقامی باشندہ نے کہا کہ ”ہماری 80-70 سال پرانی باپ-دادا کے زمانے کی زمین تھی۔ وکاس دوبے نے زبردستی ہم سے چھین کر دوسری پارٹی کو دے دی تھی۔ اس کے جانے سے خوف کچھ کم ہوا ہے اس لیے پولس کو بتا پائے۔ اگر پہلے کہتے تو مارے جاتے۔“
7ویں ایس بی آئی بینکنگ اور اکونومکس کنکلیو میں آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے کہا کہ کووڈ-19 گزشتہ 100 سالوں میں سب سے خراب صحت اور معاشی بحران ہے جس نے پروڈکشن اور ملازمتوں پر منفی اثر ڈالا ہے۔ اس نے دنیا بھر میں موجودہ نظام، لیبر اور کیپٹل کے موومنٹ کو کم کیا ہے۔
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا نے پھر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں 27114 نئے کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں اور 519 اموات بھی ہوئی ہیں۔ اس طرح سے مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی تعداد ہندوستان میں 820916 ہو گئی ہے اور مجموعی اموات کی تعداد 22123 تک پہنچ گئی ہے۔
کرناٹک کے وزیر برائے مویشی پروری پربھو چوہان نے کہا ہے کہ کئی ریاستوں نے گئوکشی کے خلاف قانون پاس کیا ہے اور ہم اسے کرناٹک میں بھی نافذ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت جلد ہی کئی دیگر ریاستوں کی طرح گئوکشی، فروخت اور گائے کا گوشت استعمال کرنے پر پابندی عائد کرے گی۔
آج پی ایم نریندر مودی نے ریوا میں سولر پاور پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ”آج ریوا نے واقعی تاریخ رقم کر دی۔ ریوا کی شناخت ماں نرمدا کے نام سے اور سفید باگھ سے رہی ہے۔ اب اس میں ایشیا کے سب سے بڑے سولر پاور پروجیکٹ کا نام بھی جڑ گیا ہے۔“ پی ایم مودی کے اس بیان کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے پی ایم مودی کے بیان پر صرف ایک لفظ لکھا ہے اور یہ لفظ بہت کچھ کہہ جاتا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ”استیاگرہی“۔ ہندی کے اس لفظ کا مطلب ہوتا ہے جھوٹ۔ دراصل پی ایم مودی نے ریوا کے سولر پاور پروجیکٹ کو ایشیا کا سب سے بڑا پاور پروجیکٹ بتایا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔
فلپائن کے صوبہ ڈاواؤ ڈیل سور میں ہفتہ کے روز لوگوں نے زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔ فلپائن جیولوجیکل انسٹی ٹیوٹ نے یہ اطلاع دی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق صبح 2.16 بجے شہر کبلہ وان کے جنوب مشرق میں 11 کلومیٹر دور محسوس کیے گئے۔ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے بانسالان اور میگسیسے میں بھی محسوس کیے گئے۔
ممبئی کے بوریولی ویسٹ واقع ایک شاپنگ سنٹر میں زبردست آتشزدگی کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی 14 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔
دارالحکومت کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں کورونا کے زیرعلاج صحافی ترون سسودیا کی خودکشی کے معاملےمیں ایمس ٹروما سنٹر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو میں جمعہ کی رات ہٹا دیا گیا۔ مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹویٹ کرکے اس بارے میں مطلع کیا۔ مسٹر ہرش وردھن نے کہا ’’کورونا سے متاثرہ صحافی ترون سسودیا کی خودکشی کے معاملے می ایمس ٹروما سنٹر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے‘‘۔
صحت کےمرکزی وزیر نے کہا ’’صحافی ترون کی خودکشی کے معاملے کی تحقیقات کے لئے قائم چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے آج اپنی رپورٹ پیش کی۔ کمیٹی کو ترون کی موت میں کسی غلط ارادے کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ اس کے علاوہ کووڈ ۔19 کے ٹریٹمنٹ پروٹوکول میں بھی کمیٹی کو کوئی نقص نظر نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ایمس انتظامیہ میں مناسب تبدیلیوں کے مشورے کے لئے ایک ماہر کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مجھ سے اس معاملے پر 27 جولائی سے پہلے رپورٹ دینے کو کہا گیا ہے‘‘۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 11 Jul 2020, 7:07 AM IST