خبریں

اہم خبر: غیر ملکی قرار دئے گئے سابق فوجی محمد ثناء اللہ کی ضمانت منظور

عمان کے دارالحکومت مسقط سے دبئی آ رہی عمان کی نیشنل ٹرانسپورٹ کمپنی کی ایک بس جمعرات کو شیخ محمد بن زاید شاہراہ پر سڑک کے کنارے بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

غیر ملکی قرار دئے گئے سابق فوجی محمد ثناء اللہ کی ضمانت منظور

گوہاٹی: گوہاٹی ہائی کورٹ نے غیر قانونی غیر ملکی قرار دئے جانے کے بعد گزشتہ ماہ حراستی کیمپ میں بھیجے گئے فوج کے ریٹائرڈ افسر محمد ثناء اللھ کی جمعہ کو ضمانت منظور کر لی۔

محمد ثناء اللھ کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست قبول کر لی ہے۔ان کی گوہاٹی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہوگئی ہے۔ ان کی ضمانت 20 ہزار روپے کے مچلکے پر منظور کی گئی ہے اوربغیر اجازت کے ریاستی سرحد سے باہر جانے پر روک سمیت بعض شرائط عائد کی گئی ہیں۔

محمد ثناء اللھ کو فی الحال گوالپاڑا حراستی کیمپ میں رکھا گیا ہے اور انہیں پیر تک رہا کرنے کا امکان نظر نہیں آ رہا ہے۔ وکیل نے کہا کہ عدالت نے مرکزی حکومت، ریاستی حکومت اور قومی شہری رجسٹرار اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو نوٹس بھیجا۔

محمد ثناء اللھ فوج سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد فی الحال آسام پولیس میں سب انسپکٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں 23 مئی کو غیر ملکیوں کے لئے بنایاگیا ٹربیونل نے غیر ملکی قرار دے دیا اور ان کو حراستی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا۔ وہ كامروپ (دیہی) ضلع کے بوکو کے باشندہ ہیں۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

اہم خبر: وائناڈ کے ہر شخص کے لئے میرے گھر کے دروازے کھلے ہیں، راہل گاندھی

کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز رائے دہندگان کا شکریہ ادا کرنے کے لئے جیت کے بعد پہلی مرتبہ وائناد لوک سبھا حلقہ انتخاب کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کس پارٹی سے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’آپ نے مجھے جو حمایت کی وہ بے مثال ہے۔ وائناڈ کے ہر شخص کے لئے میرے گھر کے دروازے کھلے ہیں۔‘‘

راہل گاندھی نے ملاپورم میں روڈ شو کے بعد جلسہ عام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں کیرالہ کا رکن پارلیمان ہوں۔ یہ میری ذمہ داری کہ میں نہ صرف وائناڈ بلکہ پورے کیرالہ کے شہریوں سے وابستہ ایشوز کو آواز دوں۔ وائناڈ کے لوگوں کی آواز سننا اور ان کی آواز بننا میرا فرض ہے۔ آپ نے میرے لئے جو محبت اور خلوص دکھایا اس کے لئے شکریہ۔‘‘

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

شہباز شریف 9 جون کو لوٹیں گے پاکستان

لاہور: پاکستان کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل-این) کے صدر شہباز شریف 9 جون کو ملک لوٹیں گے۔

شہباز لندن میں علاج کرانے گئے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق وہ 7 ہفتے سے علاج کے لئے لندن میں ہیں اور ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے اب انہیں سفر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

پی ایم ایل این صدر پاکستان لوٹنے پر اپنے بھائی سابق وزیراعظم نواز شریف اور ماں سے ملیں گے۔ وہ ملک کے حالات پر پی ایم ایل این لیڈروں کےساتھ غور وخوض کریں گے۔ پارٹی کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے شہباز شریف کے پاکستان لوٹنے کی رپورٹوں کی تصدیق کی ہے۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

نیپال میں طوفان سے دو افراد ہلاک، 75 زخمی

کٹھمنڈو: نیپال میں جمعرات کی رات، تیز طوفان کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور 75 زخمی ہوگئے۔ وزارت داخلہ کے سکریٹری پریم کمار رائے نے بتایا کہ کیلالی اور کنچن پور اضلاع میں دیر رات آنے والے طوفان کی وجہ سے دو افراد ہلاک اور 75 زخمی ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بچاؤ کا کام جاری ہے اور طوفان کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا اندیشہ بھی ہے۔

کٹھمنڈو پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق طوفان کے بعد تباہی کا منظر دیکھا گیا اور طوفان کی وجہ سے کئی کچے مکانات تباہ ہوگئے۔ طوفان کی وجہ سے نقصانات پر تفصیلی رپورٹ جمع کی جا رہی ہے۔

کیلالی ضلع کےاعلی افسر یگیہ راج بوہرا نے کہا،’’مقامی انتظامیہ پہلے سے ہی بچاؤ کے کام میں مصروف ہے۔ حکام کے مطابق، گرے ہوئے درختوں اور بجلی کے ستونوں نے سڑکوں پر رکاوٹ کھڑی کردی ہے، جس کے نتیجے میں بچاؤ کا کام میں خلل پڑ رہا ہے۔ طوفان نے گھروں اور عوامی اور نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا ہے‘‘۔

اسی طرح طوفان سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے ستون اکھڑ گئے ہیں، جس کی وجہ سے ضلع کے مختلف حصوں میں بجلی کی سپلائی رک گئی ہے۔ ٹوٹے ہوئے درختوں کی وجہ سے، مختلف سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ پولس نے کہا کہ طوفان کی وجہ سے دھنگڑی کے دھونگے مارکیٹ اکھڑے پیڑ کی زد میں آنے والے مائکروبس کے تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے بچالیا گیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

افغانستان کے خواجہ اوماری ضلع میں فوج کا پھر سے قبضہ

غزنی: افغانستان کے سلامتی دستوں نے مشرقی غزنی صوبے میں طالبانیوں کے قبضے والے خواجہ اوماری ضلع کو پھر سے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ مقامی ذرائع نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔

صوبائی حکومت نے ایک بیان میں کہا،’’ایک سال کے بعد افغانستان کے بہادر سلامتی دستوں نے جمعہ کی صبح نو بجے کے آس پاس جنگجو مخالف حملے میں خواجہ اوماری ضلع کو اپنے قبضے میں لے لیا۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک سال پہلی طالبان کے وفادار باغیوں نے حملے کے بعد ضلع سے سرکاری فوج کو وہاں سے پیچھے ہٹا دیا تھا۔ یہ صوبہ ملک کے دارالحکومت کابل سے 125 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ جہاں طویل عرصے سے سلامتی دستوں اور طالبانیوں کے درمیان شدید فائرنگ ہوتی رہی ہے۔ صوبے میں سلامتی دستوں سے لڑنے والے طالبانیوں نے ابھی تک اس واقعہ پر اپنا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

کشمیر میں دو دن کے بعد ریل سروس بحال

سری نگر: وادی کشمیر میں دو دنوں کے بعد جمعہ کے روز ریل سروس بحال ہوئی۔ بتادیں کہ ریل سروس کو عیدالفطر کے پیش نظر 5 اور 6 جون کو معطل رکھی گئی تھی۔ ایک سینئر ریلوے افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ جمعہ کے روز وادی میں ریل سروس حسب شیڈول جاری رہی۔

انہوں نے بتایا کہ محمکہ کو 4 جون کو ایک ایڈوائزری موصول ہوئی تھی جس میں عیدالفطر کے پیش نظر 5 اور 6 جون کو ریل سروس معطل رکھنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ ریلوے افسر نے بتایا کہ سال گزشتہ عیدالفطر کے موقع پر ریلوے املاک کو پہنچائے گئے نقصان کے پیش نظر امسال اس روز ریل سروس بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔

دریں اثنا لوگوں کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر ریل سروس کی لوگوں کو زیادہ ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اپنے احباب و اقارب کے پاس جاسکیں لیکن اس روز ریل سروس بند رکھنا باعث حیرانگی ہے۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

پرینکا نے علی گڑھ میں بچی کے قتل کو شرمناک قرار دیا

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے اترپردیش کے علی گڑھ میں روپے کے لین دین کے تنازعہ میں ڈھائی سال کی بچی کے قتل کو غیر انسانی اور صدمہ سے دوچار کردینے والا جرم قرار دیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ ’’بے قصور بچی کے ساتھ علی گڑھ میں انسانیت سے گری ہوئی، صدمہ دینے والی اور دل کو چوٹ پہنچانے والی قتل کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ بچی کی ماں باپ کو اس ظلم سے جو تکلیف پہنچی اس کا وہ تصور بھی نہیں کرسکتیں۔ آخر ہمیں کیا ہوگیا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ علی گڑھ کے ٹپل قصبے میں روپے کے لین دین کے تنازعہ میں ڈھائی سال کی بچی کو بے رحمی سے قتل کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بچی کی کٹی پھٹی لاش کوڑے کے ڈھیر میں پائی گئی تھی۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

کرائسٹ چرچ فائرنگ کے ملزم کی تصویر دکھانے پر عائد پابندی ختم

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے ہائی کورٹ نے کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ کرنے والے ملزم کا چہرہ دکھانے کے متعلق میڈیا پر عائد پابندی ہٹا لی ہے۔

اس معاملے کی سماعت کے بعد جج كیمرون منڈیر نے کہا ’’اس واقعہ کے ملزم کے چہرہ کو دکھانے پر عائد پابندی ہٹا لی گئی ہے۔ کراؤن نے مشورہ دیا ہے کہ ملزم کے چہرے کو چھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔ لہذا اس سلسلے میں جاری حکم اب کالعدم ہو گیا ہے۔‘‘

میڈیا کو اب 16 مارچ کو ضلع عدالت کے سامنے حاضری کے وقت ملزم کی لی گئی تصاویر کو استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ واضح ر ہے کہ 15 مارچ کو ہوئے اس واقعہ میں 51 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ برنٹن ہیریسن ٹارنٹ نامی ملزم نے اس واردات کو انجام دیا تھا۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

دبئی میں بس حادثہ کا شکار، 17 افراد جاں بحق

دبئی میں ایک مسافر بس کے حادثے کا شکار ہونے کی وجہ سے کم از کم 17 افراد کی موت ہو گئی۔ مقامی پولس نے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دی۔ پولس نے بتایا کہ عمان کے دارالحکومت مسقط سے دبئی آ رہی عمان کی نیشنل ٹرانسپورٹ کمپنی کی ایک بس جمعرات کو شیخ محمد بن زاید شاہراہ پر سڑک کے کنارے بنے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کی وجہ سے کم از کم 17 افراد کی موت ہو گئی۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

پولس کے مطابق حادثے کے وقت بس میں مختلف ممالک کے 31 مسافر سوار تھے اور ان میں سے زیادہ تر مسافر عید الفطر کی تعطیلات مناكر عمان سے واپس لوٹ رہے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ایک تیز رفتار بس شیخ محمد بن زیاد روڈ پر ایک سائن بورڈ سے ٹکرانے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے میں 3 شدید زخمی ہو گئے۔

پولس کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعے کی تحقیقات جا رہی ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈرائیور نے گاڑیوں کی سڑک سے بس میڑو اسٹیشن میں گھسانے کی کوشش کی، جس  کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Jun 2019, 9:10 AM IST