خبریں

اہم خبر: گوشت تاجر کا قتل، لاش بورے سے برآمد

کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رنديپ سنگھ سورجےوالا نے بدھ کو ٹوئٹ کیا کہ “گزشتہ سات دنوں میں خام تیل کی قیمت 13.65 فیصد گری ہے لیکن پٹرول-ڈیزل کے دام محض 0.90 فیصد ہی گھٹے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

لاپتہ گوشت تاجر کا قتل، لاش بورے سے برآمد

کانپور: اترپردیش میں کانپور کے برّا علاقے میں تین دن سے لاپتہ گوشت تاجر کا قتل کر دیا گیا جس کی لاش آج ایک بوری سے برآمد ہوئی۔

پولیس افسر(جنوب) روینہ تیاگی کے مطابق بدھ کے روز برَّا علاقے کے بَن پوروہ علاقے میں بورے سے بند ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی۔ اس کی شناخت گجینی علاقے میں رہنے والے گوشت تاجر پریم کے طور پر ہوئی ہے۔ مقتول کے اہل خانہ نے پولس پر لاپرواہی برتنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ مقتول کی بیوی ریکھا کا الزام ہے کہ تین روز قبل اس کا شوہر غائب ہوا تھا۔ وہ پولس سے شکایت کرنے گئی تھی لیکن ان کی سنوائی کے بجائے برَّا تھانے میں موجود پولس اہلکاروں نے اسے بھگا دیا۔ ریکھا کا الزام ہے کہ اگر وقت رہتے پولس مدد کرتی تو اس کا شوہر آج زندہ ہوتا۔

انہوں نے بتایا کہ ریکھا نے پڑوس میں رہنے والے سنجو، وِپول اور اجے پر قتل کرنے کا شک ظاہر کرتے ہوئے ان کے خلاف معاملہ درج کرکے انھیں گرفتار کر نے کا مطالبہ کیا۔

ریکھا نے پولس کو بتایا کہ اس کے شوہر پریم کے گھر سے جانے کے بعد پڑوسی دکاندار سنجو اور اجے، وِپول بھی نکلے تھے۔ حادثے کے بعد بھی وہ نہیں لوٹے....ہو نہ ہو میرے شوہر کے قتل کے پیچھے انہیں کا ہاتھ ہے۔ ریکھا کی تحریر پر ملزموں کے خلاف معاملہ درج کر وا دیا گیا ہے۔ پولس ان کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔

پولس افسر کا کہنا ہے کہ پولس پر عائد کیے گئے الزامات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ تفتیش میں اگر کوئی بھی مجرم ہوگا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

اترکھنڈ کے وزیر خزانہ پرکاش پنت کی ہوئی امریکہ میں موت

دہرادون: اتراکھنڈ کے وزیر خزانہ پرکاش پنت کی طویل علالت کی وجہ سے منگل کو امریکہ کے ٹیکساس میں موت ہوگئی۔ وہ 58 برس کے تھے۔ ان کے انتقال پر جمعرات کو ریاست میں تعزیتی تعطیل کی گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کینسر سے متاثر پرکاش پنت کا لمبے عرصے سے علاج چل رہا تھا۔ نئی دہلی میں گذشتہ ہفتے راجیو گاندھی کینسر اسپتال کے ڈاکٹروں کی سفارش پر انھیں امریکہ کے ٹیکساس میں داخل کرایا گیا تھا جہاں منگل کو ان کی موت ہوگئی ہے۔ پرکاش پنت کی موت کی اطلاع ملتے ہی پوری ریاست میں ماتم کی لہر دوڑ گئی۔

پرکاش پنت کی بیماری کی وجہ سے ان کے تمام محکمے پارلیمانی امور، قانون سازی، زبان، خزانہ، آب کاری، پینے کا پانی اور صفائی، گنا اور چینی کی صنعت کی ترقی کو وزیر اعلیٰ سنبھال رہے ہیں۔

ان کی موت پر گورنر بے بی رانی موریہ، وزیر اعلیٰ ترویندر سنگھ راوت، اسپیکر پریم چند اگروال نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

پاکستان میں عید کی نماز کے بعد پرتشدد جھڑپ، 10 لوگ ہلاک

ملتان: پاکستان میں ضلع ملتان کے جلالپور پيروالا تحصیل میں بدھ کے روز عید کی نماز کے بعد دو دھڑوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ میں کم از کم 10 لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔

نیوز انٹرنیشنل نے بتایا کہ عید کی نماز کے بعد غلام نازک دھڑے کے اراکین نے کالا جعفر گروپ کے ارکان پر فائرنگ کی جس میں دونوں دھڑوں کے کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی۔ واقعہ میں کئی دیگر زخمی بھی ہوئے جن میں سے چار کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی۔9 لوگ اب بھی اسپتال میں داخل ہیں۔

دریں اثنا، پنجاب کے وزیر اعلی سردار عثمان نے فائرنگ کے واقعہ پر نوٹس لیتے ہوئے ملتان کے علاقائی پولس افسر ( آر پی او) سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے آر پی اوکو مجرموں کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھاےگي۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

عصمت دری کے ملزم بی جے پی کے ممبر اسمبلی کلدیپ سینگر سے جیل میں ملے شاکشی مہاراج

اناؤ سے بی جے پی کے رہنما ساکشی مہاراج نے آج سیتاپور جیل میں عصمت دری کے ملزم بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سینگر سے ملاقات کرنے پہنچے، سینگر سے ملاقات کے بعد ساکشی مہاراج نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے جیل میں ہیں اور میں انتخابات کے بعد ان کا شکریہ کرنے کے لئے آیا ہوں۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

نیٹ امتحان میں تلنگانہ کی جی مادھوری ریڈی نے 7ویں رینک حاصل کی

حیدرآباد: قومی اہلیتی وانٹرنس ٹسٹ (NEET 2019)کے نتائج جاری کردیئے گئے۔ 14.1لاکھ امیدواروں کے منجملہ 7.97لاکھ امیدوار یعنی 52.27فیصد کوالیفائی ہوئے۔ لڑکیوں میں تلنگانہ کی جی مادھوری ریڈی ٹاپر بن ک رابھریں جبکہ انہوں نے آل انڈیا سطح پر ساتواں رینک حاصل کیا۔ نتائج سرکاری ویب سائیٹ ntaneet.nic.in پر دستیاب ہیں۔ نیٹ امتحان کا پانچ مئی کوانعقادعمل میں آیاتھا جبکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسیس کے لیے داخلے ہوں گے۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

نيٹ 2019 کے نتیجوں کا اعلان، راجستھان کے نَلن کھنڈیلوال نے کیا ٹاپ

نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے بدھ کو نيٹ 2019 کے امتحان کا رزلٹ جاری کر دیا، اسے این ٹی اے کی آفیشیل ویب سائٹ www.ntaneet.nic.in پر دیکھا جا سکتا ہے، اس بار میڈیکل انٹرنس ٹیسٹ میں 797042 اسٹوڈنٹس پاس ہوئے، راجستھان کے نَلن کھنڈیلوال نے پہلا نمبر حاصل کیا، انہوں نے 701 پوائنٹس (99.9999 پرسینٹائل) ملے ہیں۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

اجمیر میں عید کے موقع پر جنتی دروازہ صبح کھولا گیا

اجمیر: عیدالفطر کے موقع پر راجستھان کے اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ کے احاطہ میں آستانہ شریف کے باہر صبح کھولا گیا جنتی دروازہ دوپہر کے بعد بند کردیا گیا۔

جنتی دروازہ سے نکل کر آستانہ شریف پر حاضرین کا ہجوم صبح سویرے سے ہی امڈ پڑا۔ اس دوران پولس اور درگاہ کمیٹی کے ملازمین کو مشقت کر کے بھیڑ کو قابو کرنی پڑی۔ اس دوران جنتی دروازہ میں داخلہ کے لئے عقیدت مند قطار بند ہو کر انتطار کرتے رہے۔ عید کے مبارک موقع پر جنتی دروازہ کھولے جانے کی روایت بہت قدیم ہے اور اس موقع پر عقیدت مندوں کا زبردست ہجوم ہوتا ہے۔

جنتی دروازہ سال میں چار بار خاص مواقع پر ہی کھولا جاتا ہے جس میں عید کا دن بھی شامل ہے۔ رمضان کے مقدس مہینے کے 29 دنوں کے روزو ں کے بعد گزشتہ رات شوال کا چاند نظر آنے پر ملک کے دیگر مقامات کی طرح اجمیر شریف میں بھی روایتی طریقہ سے عیدمنائی گئی۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

تیل کے دام کم ہونے کا فائدہ لوگوں كو نہیں ملا: کانگریس

نئی دہلی: کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں ایک ہفتے میں 13 فیصد سے زیادہ کم ہوئی ہیں لیکن حکومت ملک کے عوام کو اس کا فائدہ دینے میں ناکام رہی ہے۔

کانگریس کے میڈیا سیل کے سربراہ رنديپ سنگھ سورجےوالا نے بدھ کو ٹوئٹ کیا کہ "گزشتہ سات دنوں میں خام تیل کی قیمت 13.65 فیصد گری ہے لیکن پٹرول-ڈیزل کے دام محض 0.90 فیصد ہی گھٹے ہیں۔ ایسا کیوں؟ بی جے پی حکومت خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لوگوں تک پہنچانے میں ناکام رہی ہے"۔

انہوں نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو امید ہے کہ وہ پٹرول- ڈیزل اور رسوئی گیس کے دام کم کرکے انہیں ریلیف دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "پٹرول-ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں ریلیف، یہی ہے عوام کی نئی حکومت سے امید"۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 05 Jun 2019, 4:10 PM IST