خبریں

اہم خبر: مُحمد شامی کی بیوی حسین جہاں ضمانت پر آزاد

خبروں کے مطابق یہ فیصلہ سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے لیا گیا ہے ساتھ ہی ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام کو بھی آسان بنانے کے لئے کیا گیا۔ پابندی آج یعنی 29 اپریل سے لاگو ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا ہندوستانی کرکٹر محمد شمی اور ان کی شریک حیات حسین جہاں

محمد شامی کی بیوی حسین جہاں کو راحت، ضمانت پر ملی آزادی

نئی دہلی: ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سرکردہ تیز گیند باز اور انڈین پریمیرز لیگ کی کنگز الیون پنجاب کے کھلاڑی محمد شامی سے علیحدگی اختیار کرنے والی اُن کی اہلیہ حسِین جہاں کو اپنے سسرال میں ہنگامہ کرنے پر پولیس نے حراست میں لے لیا تھا، تاہم اب انھیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق حسِین جہاں اتوار کو دیر رات اپنے شوہر محمد شامی کے گھر پہنچیں، جب اُن کے سسرالیوں نے گھر سے جانے کا کہا تو اُنہوں نے خود کو اپنے بچوں کے ساتھ ایک کمرے میں بند کرلیا۔ اس پر گھر والوں نے پولیس کو بلالیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر فریقین کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کی لیکن ناکامی پر حسِین جہاں کو حراست میں لے لیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسِین جہاں نے کہا کہ میں اپنے شوہر کے گھر آئی تھی اور میں ہر رات کو یہیں رہتی ہوں، میرے سسرالی بدسلوکی کررہے ہیں اور پولیس انہیں گرفتار کرنے کے بجائے مجھے تھانے لے آئی ہے۔ محمد شامی ان دنوں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے انڈین پریمیئر لیگ میں مصروف ہیں۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

سری لنکا میں الرٹ جاری، فوج کی وردی میں دہشت گرد کر سکتے ہیں دھماکے

سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد ایک بار پھر حملے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سیکورٹی افسران نے متنبہ کیا ہے کہ ایسٹر پر بم دھماکوں کو انجام دینے کے بعد اسلامک اسٹیٹ یہاں پر مزید حملوں کو انجام دے سکتا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد فوج کی وردی پہن کر گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے دھماکوں کو انجام دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسٹر کے موقع پر ہوئے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 350 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ وہیں اس حملے میں 500 سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے تھے۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

گجرات: زہریلی غذا کے استعمال سے 45 طالب علم بیمار

امریلی: گجرات کے امریلی تعلقہ میں زہریلا کھانا کھانے کے بعد 45 طالب علم بیمار ہو گئے۔ سول اسپتال کے اہلکار نے پیر کے روز بتایا کہ تروڈا گروکل میں اتوار کی رات 45 طالب علموں کو کھانا کھانے کے بعد پیٹ میں درد، قے اور اسہال کی شکایت ہوئی۔ ان میں سے آٹھ طالب علموں کو سول اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جنہیں علاج کے بعد آج سویرے چھٹی دے دی گئی۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

تلنگانہ: ضلع عادل آباد میں درجہ حرارت 45.3 ڈگری درج

حیدرآباد: آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے نرمل،عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال،نظام آباد، کاماریڈی،پداپلی،جگتیال،کریم نگر،راجناسرسلہ،جئے شنکر بھوپال پلی،بھدردری کوتہ گوڑم، کھمم کے بعض حصوں میں گرمی کی لہر کی برقراری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ انتباہ دیا۔اپنے بلیٹن میں اس نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد اور عادل آباد کے بعض حصوں میں گرمی کی لہر کی دیکھی گئی۔تلنگانہ میں اعظم ترین درجہ حرارت 45.3 ڈگری سلسیس ضلع عادل آباد میں درج کیاگیا۔حیدرآباد میں اعظم ترین اور اقل ترین درجہ حرارت تقریبا بالترتیب41 اور28 ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ میں درجہ حرارت 43.3 ڈگری سلسیس درج کیاگیاجبکہ وجئے واڑہ میں درجہ حرارت 40 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

دہلی: نارائنا واقع کیمیکل فیکٹری میں لگی خوفناک آگ، فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیاں جائے وقوع پر موجود

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے نارائنا میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں پیر کو خوفناک آگ لگ گئی۔فائر بریگیڈ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ دوپہر گیارہ بجکر سینتیس منٹ پر آگ کی اطلاع ملی۔ موقع پر فائر بریگیڈ کی 30 گاڑیاں بھیجی گئیں ہیں اور آگ بجھانے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے اسباب کا فی الحال پتہ نہیں چل پایا ہے۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

شارٹ سرکٹ سے پانچ گھر جل کر خاک، 5 افراد جھلسے

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں ضلع پرتاپ گڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے 70 کلومیٹر دور پر تھانہ کنڈہ کوتوالی علاقے کے بسواہی گاؤں میں اتوار کی شام ٹرانسفارمر کے شارٹ سرکٹ سے لگی آگ سے جہاں پانچ گھر جل کر خاک ہوگئے وہیں دو درجن مویشیوں کی موت ہوگئی اور چار خواتین سمیت پانچ افراد جھلس گئے۔

کنڈہ فائر بریگیڈ انچارج انل سنگھ کے مطابق شارٹ سرکٹ سے لگی آگ کے سبب شری پال سروج، جواہر لال، رام دین، پتّی لال اور امرت لال سمیت پانچ افراد کے گھر خاکستر ہوگئے۔ جہاں گائے، بھینس و بکری سمیت دو درجن مویشیوں کی جھلس جانے کے سبب موت ہو گئی۔ وہیں آگ بجھانے کی کوششوں میں پریتی، انجلی، چوبا دیوی، سپنا اور گنیش سمیت پانچ افراد جھلس گئے۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

گھر میں لگی آگ، بیٹی کی شادی کے لیے رکھی رقم بھی جل خاک

حیدرآباد: شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گھر کو آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں بیٹی کی شادی کے لئے رکھی ہوئی رقم کے علاوہ طلائی زیورات اور گھر کا سارا سامان فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ملگ ضلع کے گورتور تانڈہ میں پیش آیا۔

موضع سے تعلق رکھنے والے ویرانا اور اس کی بیوی بوجی نے اپنی بیٹی کی شادی کے لئے ایک لاکھ روپے نقد رقم انھوں نے جمع کر کے رکھی تھی اس کے علاوہ 17 تولہ وزنی سونے کے زیورات بھی رکھے تھے۔ کل اچانک ان کے مکان میں بجلی کی سپلائی بند ہوگئی۔ وہ سونے کے لئے باہر چلے گئے تھے کہ اس دوران اچانک بجلی کی سپلائی بحال ہوگئی جس کے نتیجے میں ان کے گھر کو آگ لگ گئی۔

گھر کا سارا سامان نقدی اور فرنیچر وغیرہ جل کر خاکستر ہوگیا۔ بیٹی کی شادی کے لئے رکھے روپے بھی جل گئے۔ اس واقعہ میں سب کچھ لٹ جانے پر اس خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا اور وہ زاروقطار رونے لگے۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

سری لنکا میں چہرہ ڈھکنے پر پابندی

کولمبو: سری لنکا کے صدر مائتری پالا سری سینا نے ملک میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے واقعات کے بعد اتوار کو چہرہ ڈھکنے پر پابندی عائد کرنے والے ایک حکم نامہ پر دستخط کیے۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔

ایڈا ڈیرانا نیوز پورٹل کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ سیکورٹی وجوہات سے لیا گیا ہے ساتھ ہی ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام کو بھی آسان بنانے کے لئے کیا گیا۔ پابندی آج یعنی 29 اپریل سے لاگو ہو گئی ہے۔ ایسٹر کے موقع پر ملک میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے واقعات سے سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ اس کے بعد گزشتہ جمعہ کو تین دیگر دھماکوں سے ملک کا مشرقی شہر كالمونائی دہل اٹھا۔ سری لنکا نے مشرقی حصے میں کرفیو نافذ کر دیا۔ دہشت گرد تنظیم داعش نے مبینہ طور پر حملوں کی ذمہ داری لی تھی۔

سری لنکا میں حملوں کے فوراً بعد جانچ شروع کر کے 100 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق نو خود کش حملہ آوروں نے دہشت گردانہ حملوں کو انجام دیا اور ان میں سے آٹھ کی شناخت پہلے ہی ہو چکی ہے۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 29 Apr 2019, 10:10 AM IST