خبریں

اہم خبریں: خاتون کانسٹیبل کی سڑک حادثے میں موت

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی 

خاتون کانسٹیبل کی سڑک حادثے میں موت

رامپور: اترپردیش کے ضلع رامپور میں ہفتہ کو ایک خاتون کانسٹیبل کی سڑک حادثے میں دردناک موت ہوگئی۔ یوپی پولیس کے مطابق رامپوربھوٹ تھانہ علاقے میں تعینات خاتون کانسٹیبل ریکھا چودھری اپنے تعیناتی والے تھانے کے نزدیک قومی شاہراہ پر دو پہیہ گاڑی سے گزر رہی تھی تبھی انڈین گیس ٹینکر نے ان کی گاڑی کو پیچھے سے روند دیا۔ چودھری نے ہیلمیٹ پہن رکھا تھا۔ کانسٹیبل چودھری خاتون بااختیاری کے تحت خواتین کے لئے بیداری مہم میں شرکت کرکے واپس اپنی تعیناتی مقام پر لوٹ رہی تھیں۔ اسکوٹی سے لوٹتے وقت پیچھے سے آئے انڈین گھریلو گیس ٹینکر نے اسے بری طرح سے روند دیا۔ جس سے ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

گرتی معیشت کے درمیان جعلی نوٹوں کے بڑھتے اعداد و شمار، حکومت کی لاپرواہی کا زندہ ثبوت... کانگریس

کانگریس نے ٹوئٹ کیا کہ پورے ملک میں راتوں رات نوٹ بندی کا اعلان کرکے بدعنوانی کو ختم کرنے کا ڈرامہ کرنے والی بی جے پی کے دور حکومت میں جعلی نوٹوں کا بڑھتا ہوا رجحان ان کی پالیسی اور ارادوں پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ گرتی ہوئی معیشت کے درمیان جعلی نوٹوں کی بڑھتی ہوئی تعداد حکومت کی لاپرواہی کا زندہ ثبوت ہے۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

عام آدمی پارٹی نے سنت بلبیر سنگھ اور وکرم جیت سنگھ کو پنجاب سے راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا

پنجاب عام آدمی پارٹی نے پدم شری سنت بلبیر سنگھ سینچے وال اور پدم شری وکرم جیت سنگھ ساہنی کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا۔ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ بلبیر سنگھ ماحولیاتی دوست ہیں جبکہ وکرم جیت سنگھ پنجابی روایات سے وابستہ ہیں۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

انتہا پسند کم ہوئے تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ

گوہاٹی آسام کے دورے پر پہنچے بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے انتہا پسندی پر بات کرتے ہوئے کہا، ’’انتہا پسند عناصر بڑے پیمانے پر کم ہوئے، اس کے بعد ہم نے معاشی خوشحالی اور ترقی حاصل کی۔ اس کے باوجود کچھ لوگ باقی ہیں اور ہم انہیں قابو کر رہے ہیں۔‘‘

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

کورونا بحران کے وقت غریبوں اور خواتین کی مدد کی گئی، وزیر اعظم مودی

گجرات کا دورہ کر رہے وزیر اعظم مودی نے اٹکوٹ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’جب وبا کا آغاز ہوا تو غریبوں کے سامنے کھانے کا بحران پیدا ہو گیا، ہم نے ملک کے عوام کے لئے راشن کی دکانیں کھول دیں۔ خواتین کے وقار زندگی کے لئے ہم نے جن دھن کھاتوں میں براہ راست رقم منتقل کی۔ کسانوں کے کھاتوں میں رقم منتقل کی گئی۔‘‘

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

وزیر اعظم مودی کے ہاتھوں راجکوٹ میں ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح

وزیر اعظم نریندر مودی اس وقت گجرات میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے راجکوٹ کے اٹکوٹ میں نو تعمیر شدہ ماتوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کیا۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

آندھرا کے اننت پور ضلع میں گیس سلنڈر کا دھماکہ، 4 افراد ہلاک، 2 زخمی

اننت پور ضلع کے مولاکالیڈو گاؤں میں گیس سلنڈر کے دھماکہ سے ہونے والے حادثہ میں چار افراد کی جان چلی گئی، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ گیس سلنڈر کے دھماکہ سے پاس کے مکان کی دیوار منہدم ہو گئی، اسی سے لوگوں کی جان گئی۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

پنجاب میں 424 افراد کا سیکورٹی کور واپس

پنجاب میں 424 افراد کا سیکورٹی کور فوری اثر سے واپس لیا گیا ہے اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کو جالندھر کینٹ پہنچ کر اسپیشل ڈی ڈی جی پی اسٹیٹ آرمڈ پولیس، جے آر سی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان 424 افراد میں ریٹائرڈ پولیس افسران کے علاوہ مذہبی اور سیاسی رہنما شامل ہیں۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

ہندوستان میں کورونا کے 2685 نئے کیسز، 33 افراد ہلاک

مرکزی وزارت صحت کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2685 کیسز درج ہوئے۔ اس دوران 2158 افراد نے شفایابی حاصل کر لی جبکہ 33 افراد کی جان چلی گئی۔ اب ملک بھر میں کورونا کے 16308 کیسز فعال ہیں۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 28 May 2022, 9:24 AM IST