خبریں

اہم خبر: 6 سالہ بیٹی پر پٹرول پھینک کر اناؤ واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والی خاتون گرفتار!

ڈاکٹرو نے بتایا کہ جمعہ کی شام سے ہی متاثرہ کی حالت خراب ہو رہی تھی۔ ہماری کوششوں کے باوجود متاثرہ کو بچایا نہیں جا سکا۔ رات تقریباً 11 بجے اسے دل کا دورہ پڑا اور تقریباً 11.40 بجے اس نے دم توڑ دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

عصمت دری کے بڑھتے واقعات سے ناراض خاتون نے اپنی ہی 6 سالہ بیٹی پر پھینکا پٹرول

اناؤ اجتماعی عصمت دری متاثرہ کی موت سے پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ہفتہ کے روز متاثرہ کے ساتھ ہوئی حیوانیت کے احتجاج میں ایک خاتون نے صفدر جنگ اسپتال کے باہر اپنی 6 سالہ بیٹی پر پٹرول پھینک دیا۔ بچی کو علاج کے لیے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس نے ملزم خاتون کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد صفدر جنگ اسپتال احاطہ میں افرا تفری پھیل گئی اور پولس و انتظامیہ کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہو گئی۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

ممبئی میں مسلم ایسوسی ایشن فورپیس اور ہارمونی کا آبرو ریزی اور قتل کے خلاف احتجاج

ممبئی : ممبئی میں مسلم اسوسی ایشن فورپیس اور ہارمونی نے ملک بھر میں آبرو ریزی اور قتل کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کیخلاف احتجاج کیا گیا ہے اور اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایسے درندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور اس سلسلہ میں خصوصی قانون بنایا جائے ۔مسلم ایسوسی ایشن کے صدر محمد عباس نے کہاکہ حیدرآباد میں زانیوں کو انکاؤنٹر میں قتل کرنا کمزورقانون اور گندی سیاست کا نتیجہ ہے۔ انہوں نےکہا یہ گندی سیاست اور ناقص قانون کا سبب ہے کہ لوگ ایسی درندگی کیخلاف سڑکوں پر آجاتے ہیں۔کیونکہ انہیں قانون پر بھروسہ نہیں رہا ہے۔اس لیے حکومت اور عدالت کو چاہیے کہ لوگوں میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرے۔ مذکورہ احتجاج میں اناو کی متاثرہ کی موت پر تعزیت کی گئی اور قصورواروں کیخلاف سخت سے سخت سزا کا مطالبہ بھی کیا گیا۔شمال۔مغربی ممبئی کے زری مری علاقہ میں ہوئے مظاہرہ میں سعید خان ,نوشاد خان،اسماعیل سید،شیخ شیخو،طاہر خان ،رفیق شیخ،جنید شاہ ،عبدالحسن شیخ نے حصہ لیا اورجلد ازجلد کارروائی کامطالبہ کیا۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

اگر انصاف بدلے کی شکل اختیار کر لے تو اس کا کردار ہی بدل جائے گا: سی جے آئی

صبح اندھیر میں ملزمین کو مڈبھیڑ میں پولیس کے ذریعہ فائرنگ میں مارنے پر ایک بڑا طبقہ سوال اٹھاتے ہوئے پوچھ رہا ہے کہ کیا یہ بدلہ کی کارروائی ہے ، کیا یہ پولیس کی نا ا ہلی ہے کہ چار ایسے ملزم جن کا جرائم کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے ان کو قابو نہیں پایا سکا اور ان کو مارنا پڑا، کیا یہ سارے معاملہ کو ختم کرنے اور پولیس کی شبیہ کو اچھا بنانے کے لئےکرنا پڑا؟ ان سوالوں کے درمیان اب چیف جسٹس نے یہ بیان دیا ہے کہ ’’انصاف بدلہ نہیں ہونا چاہئے۔ میں مانتا ہوں کہ انصاف کا اپنا کردار ہی ختم ہو جاتا ہے اگر وہ بدلہ بن جائے۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

میں نے سنا ہے کہ اناؤ عصمت دری کے ملزمین کا کنکشن بی جے پی سے ہے: پرینکا گاندھی

اتر پردیش کے اناؤ میں عصمت دری متاثرہ کے گھر والوں سے ملاقات کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’متاثرہ کی پوری فیملی گزشتہ ایک سال سے لگاتار پریشان ہے۔ میں نے سنا ہے کہ ملزمین کا بی جے پی سے کنکشن ہے۔ اسی لیے انھیں بچایا جا رہا تھا۔ ریاست میں جرائم پیشوں میں کوئی خوف نہیں ہے۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

جھارکھنڈ میں تشدد کے دوران ایک بجے تک 45 فیصد سے زیادہ پولنگ

رانچی: جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران ضلع گملا کے سیسئی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر پولس کی فائرنگ سے ایک دیہاتی ہلاک ہو گیا، جبکہ پولس اہل کار سمیت کم از کم چھ افراد زخمی ہوگئے۔

دریں اثنا ، دوسرے علاقوں میں پولنگ پر امن طریقے سے جاری ہے۔ دوپہر ایک بجے تک 45 فیصد سے زیادہ پولنگ ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ پولس کے مطابق ضلع گملا کے سیسئی اسمبلی حلقہ کے پولنگ اسٹیشن نمبر 36 پر پولس نے گڑبڑی کی کوشش کے دوران فائرنگ کی۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں ایک دیہاتی کی موت ہوگئی ہے۔ واقعے کے بعد اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ روک دی گئی۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

کرناٹک: 7 سالہ بچی سے عصمت دری کرنے والے شخص کو 10 سال سزائے قید

کرناٹک کے شموگا میں 7 سالہ بچی سے عصمت دری کے معاملے میں 32 سالہ شخص کو عدالت نے قصورار قرار دیا ہے۔ عدالت نے مجرم کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے 30 ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ریاستی حکومت کو یہ حکم دیا ہے کہ متاثرہ کو 3 لاکھ روپے کا معاوضہ دے۔ واضح رہے کہ عصمت دری کا یہ معاملہ سال 2014 کا ہے۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

روزانہ کسی نہ کسی خاتون کے ساتھ عصمت دری، چھیڑ چھاڑ، پٹائی کے بارے میں پڑھتے ہیں: راہل گاندھی

کیرالہ کے سلطان باتھری میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آپ دیکھ رہے ہیں کہ پورے ملک میں تشدد بڑھ رہا ہے، خواتین کے خلاف مظالم کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ روزانہ ہم کسی نہ کسی خاتون کے ساتھ عصمت دری، چھیڑ چھاڑ، پٹائی کے بارے میں پڑھتے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اقلیتی طبقات کے خلاف تشدد ہو رہا ہے، ان کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ دلتوں کے خلاف بھی تشدد ہو رہا ہے، انھیں مارا پیٹا جا رہا ہے۔ قبائلیوں پر مظالم کی انتہا ہو رہی ہے، ان کی زمین چھینی جا رہی ہے۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

صفدر جنگ اسپتال سے مقتولہ عصمت دری متاثرہ کی لاش اناؤ کے لیے روانہ

95 فیصد جل چکی اناؤ عصمت دری متاثرہ کی موت گزشتہ شب ہوئی تھی اور اب صفدر جنگ اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اسپتال سے اب مقتولہ کی لاش اناؤ واقع اس کے آبائی گاؤں لے جایا جا رہا ہے۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

جھارکھنڈ الیکشن: سیکورٹی فورسز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش، فائرنگ میں ایک شخص زخمی

جھارکھنڈ میں دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ کے درمیان سسئی اسمبلی حلقہ میں فائرنگ کی خبر ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کچھ لوگوں نے ریپڈ ایکشن فورس کے جوانوں سے ان کا اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے بچاؤ میں فائرنگ کی ہے۔ اس دوران ایک شخص کو گولی لگنے کی خبر ہے۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

اناؤ عصمت دری متاثرہ کی موت سے غمزدہ اکھلیش یادو اسمبلی کے باہر دھرنے پر بیٹھے

اتر پردیش میں خواتین کے خلاف ظلم میں لگاتار ہو رہا ہے اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اس کے لیے ریاست کی یوگی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے رہے ہیں۔ آج جب انھوں نے اناؤ عصمت دری متاثرہ کی موت کی خبر سنی تو وہ کافی غمزدہ ہوئے اور احتجاجاً ریاستی اسمبلی کے باہر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ انھوں نے کہا کہ اناؤ کی بیٹی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے اور قصورواروں کے خلاف سختی سے پیش نہ آنا ناقابل قبول ہے۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

حیدر آباد انکاؤنٹر: سپریم کورٹ میں عرضی داخل، پولس اہلکاروں کے خلاف جانچ کا مطالبہ

ایک طرف حیدر آباد انکاؤنٹر میں عصمت دری اور قتل واقعہ کے ملزمین کو ہلاک کیے جانے پر عوام جشن منا رہی ہے، وہیں دوسری طرف ایڈووکیٹ جی ایس منی اور پردیپ کمار یادو نے سپریم کورٹ میں اس پورے واقعہ کی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک عرضی داخل کی ہے۔ انھوں نے عرضی میں کہا ہے کہ اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اور جانچ کے ساتھ ساتھ ان پولس اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے جو چاروں ملزمین کے انکاؤنٹر میں شریک تھے۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

زندگی کی جنگ ہار چکی اناؤ عصمت دری متاثرہ کا پوسٹ مارٹم جاری

جمعہ کی دیر رات زندگی کی جنگ ہار چکی اناؤ عصمت دری متاثرہ کا اس وقت پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ صفدر جنگ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیل گپتا نے این اے آئی سے بات چیت کے دوران کہا کہ ڈاکٹر ایم کے واہی کی قیادت میں 10 بجے مقتولہ کا پوسٹ مارٹم ہوگا۔ ڈاکٹر واہی فورنسک یونٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ہیں۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

شاہ سلمان نے امریکہ کے ساتھ تعاون کی ہدایت دی

سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدلعزیز السعود نے ملک کی سیکورٹی ایجنسیوں کو امریکہ کے فلوریڈا میں بحریہ کے اڈے پر فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں امریکی تفتیشی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واشنگٹن میں واقع سعودی عرب کے سفارت خانے نے جمعہ کے روز ایک بیان جاری کر کے کہا ’’شاہ سلمان نے ملک کی سکیورٹی ایجنسیوں کو امریکہ کی متعلقہ ایجنسیوں کو معلومات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے، جس سے اس خوفناک حملے کی تحقیقات میں مدد مل سکے‘‘۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے ایک ’ٹرینی پائلٹ‘ نے فلوریڈا میں واقع بحریہ کے اڈے پر خود کو گولی مارنے سے پہلے تین افراد کا فائرنگ کر قتل کر دیا تھا ۔ اس واقعہ میں کم از کم سات دیگر افراد زخمی ہوئے تھے ۔شاہ سلمان نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرتے ہوئے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

اناؤ عصمت دری متاثرہ صفدر جنگ میں ہار گئی زندگی کی جنگ

اناؤ عصمت دری متاثری جمعہ کی دیر شب دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ متاثرہ 95 فیصد جل چکی تھی، اسے بچانے کی کوشش کی گئی لیکن دیر رات اسے دل کا دورہ پڑا جس کے بعد اس کی موت ہو گئی۔ متاثرہ کو جمعرات کی شب ائیر لفٹ کرا کر لکھنؤ سے دہلی لایا گیا تھا۔ اس کا علاج کرنے والے صفدر جنگ اسپتال کے برن اینڈ پلاسٹک سرجری ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر شلبھ کمار نے بتایا کہ وہ 95 فیصد تک جلی حالت میں آئی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ جمعہ شام سے ہی اس کی حالت خراب ہونی شروع ہو گئی تھی، لیکن ہماری کوششوں کے باوجود متاثرہ کو بچایا نہیں جا سکا۔ رات تقریباً 11.10 بجے اسے دل کا دورہ پڑا اور تقریباً 11.40 بجے اس نے دم توڑ دیا۔

متاثرہ کی موت کی خبر ملنے کے بعد مہیلا کانگریس کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ اس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش حکومت سو گئی، ہندوستان کی ایک اور بیٹی نے دم توڑ دیا۔‘‘

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Dec 2019, 8:50 AM IST