خبریں

1997کے انتخابات میں عمران اصول پرست تھے :جمائمہ

عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائمہ خان نےعمران کو مبارکباد تو دی ہے لیکن یہ بھی کہا ہے کہ وہ 1997 میں اصول پرست تھے جبکہ ان کی دوسری اہلیہ نے ان کو ضمیر بیچنے کی دہائی دیتے ہوئے طنز کیا ہے ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا  

پاکستانی کرکٹ کے سابق کپتان اور ملک کے ہونے والے وزیر اعظم عمران خان کو ان کی پہلی اہلیہ جمائمہ خان نے مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں عمران خان کو اپنے بیٹوں کے والد کہہ کر مخاطب کیا ہے اور ان کو یہ بھی ذہن میں رکھنے کے لئے کہا ہے کہ وہ جس مقصد کے لئے سیاست میں آئے ہیں اس کو نہ بھولیں ۔ دوسری جانب ان کی دوسری اہلیہ ریحام خان نے عمران کی جیت پر طنز کیا ہے۔

جمائمہ نے ٹویٹ میں لکھا ہے ’’بے عزتی، رکاوٹوں اور قربانیوں کے 22 سال بعد میری بیٹوں کے والد پاکستان کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے ۔ یہ مضبوط ارادے، یقین اور شکست کو قبول نہ کرنے کی سیکھ کا نتیجہ ہے۔ چیلنج اب اس بات کا ہے کہ وہ یہ یاد رکھیں کہ وہ سیاست میں کیوں آئے تھے۔مبارکباد‘‘۔

Published: 27 Jul 2018, 12:24 PM IST

انہوں نے یاد کیا کہ 1997 کی انتخابی ہار نے عمران کو کیسے حیرت زدہ کر دیا تھا ۔ انہوں نے تحریر کیا ’’عمران خان کا 1997 کا پہلا چناؤ یاد ہے تب عمران اصول پرست تھے اور سیاست میں نئے تھے ۔ تب میں تین ماہ کے بیٹے سلیمان کو ساتھ لے کر ملک بھر میں گھومی تھی ۔ میں لاہور میں عمران کے فون کا انتظار کر رہی تھی ، تبھی عمران نے مجھے فون کیا اور بتایا کہ یہ کلین سویپ ہے۔ کچھ پل ان کی سانسیں رکی رہیں اور پھر عمران زور سے ہنسے اور کہا کہ ان کے خلاف کلین سویپ ہوا ہے یعنی ہماری پارٹی ہار گئی ہے ۔

واضح رہے خود سے عمر میں 22 سال بڑے عمران خان سے جمائمہ نے 1995 میں شادی کی تھی۔ اس وقت عمران 43 سال کے تھے اور جمائمہ 21 کی تھیں ۔ کہا جاتاہے کہ عمران سیاست اور اپنے خاندان میں بیلنس نہیں بنا پائے اور اسی وجہ سے ان کی علیحدگی ہوئی ۔ طلاق کے بعد جمائمہ اپنے دونوں بیٹوں سلیمان اور قاسم کے ساتھ اپنی والدہ کے پاس لندن چلی گئیں۔ طلاق کے بعد دونوں کے اچھے رشتہ ہیں اور جمائمہ ہر مشکل وقت میں عمران کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہیں ۔ بہت ممکن ہے کہ عمران خان کی سیاسی پارٹی تحریک انصاف کی عمران کے بعد ان کے دونوں بیٹوں میں سے کوئی پارٹی کی ذمہ داری سنبھالے جیسے نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور بے نطیر کےبیٹے بلاول ہیں۔ ہمیں یہاں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ حال ہی میں جب عمران کی دوسری بیوی ریحام خان نے عمران پر الزامات لگائے تو جمائمہ نے ہی عمران کا دفاع کیا ۔

دوسری جانب عمران کی دوسری بیوی ریحام خان نے عمران کی جیت پر طنز کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں عمران کا نام لکھے بغیر لکھا ہے’’ اصول فروخت کر کے مسند خریدنے والوں، نگاہیں اہل وفا میں بہت حقیر ہو تم ’’۔ اردو میں لکھے اس شعر میں ریحام خان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ عمران خان نے اصولوں کا سودا کر کے ہی اقتدار حاصل کیا ہے ۔ ویسے اس بات میں کچھ صداقت بھی نظر آ تی ہے کیونکہ جو لوگ ان کے ساتھ ہیں ان میں سے کئی پر بہت سنگین الزامات ہیں اوردوسری جانب عمران کی پہلی بیوی جمائمہ نے بھی عمران کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سال 1997 میں جب عمران نے پہلے چناؤ لڑا تھا تب ’وہ اصول پرست تھے ‘۔

Published: 27 Jul 2018, 12:24 PM IST

واضح رہے کہ عمران خان نے جب اپنا ووٹ دکھا کر ڈالا تھا تو اس وقت بھی ریحام خان نے کہا تھا کہ وہ بس نکاح چھپ کر کرتے ہیں ۔ عمران پر الزام لگتا رہا ہے کہ انہوں نے نے جمائمہ کے بعد کئے جانے والے اپنے دونوں نکاح چھپ کر کئے ۔ عمران نے ریحام سے سال 2015 میں شادی کی تھی اور یہ رشتہ ایک سال بھی نہیں چلا اور اس سال کے ابتداء میں عمران نے تیسری شادی کر لی ہے اور ان دونوں کی عمر میں بھی 25 سال کا فرق ہے ۔

Published: 27 Jul 2018, 12:24 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 27 Jul 2018, 12:24 PM IST