خبریں

شیخ حسینہ کو واپس لے جانے کے لیے ہندوستان نے بنگلہ دیش کے سامنے رکھی 2 شرائط!

ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج شیخ حسینہ کو واپس لے جانے کی ذمہ داری اٹھائے۔ اس کے لیے بنگلہ دیشی فوج کو اپنا فوجی طیارہ دہلی بھیجنا ہوگا۔ اسی طیارہ کے ذریعہ شیخ حسینہ کو ڈھاکہ لے جایا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ</p></div>

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ

 

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی واپسی کو لے کر ہندوستان نے 2 شرائط رکھی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج انہیں واپس لے کر جائے اور وہاں ان کے مقدمے کی منصفانہ سماعت ہو۔ یہ شرائط بنگلہ دیش میں طارق رحمٰن کی قیادت والی بی این پی حکومت کے سامنے رکھی گئی ہے۔ حالانکہ ہندوستان کی ان دونوں شرائط کی بھی آزادنہ طور پر تحقیق نہیں ہوئی ہے۔ ’بی بی سی بنگلہ‘ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان شیخ حسینہ کی واپسی کو لے کر دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کا راستہ تلاش کر رہا ہے۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ (13 نومبر) کو کہا کہ حوالگی ایک قانونی معاملہ ہے اور اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیش کی فوج شیخ حسینہ کو واپس لے جانے کی ذمہ داری اٹھائے۔ اس کے لیے بنگلہ دیشی فوج کو اپنا فوجی طیارہ دہلی بھیجنا ہوگا۔ اسی طیارہ کے ذریعہ شیخ حسینہ کو ڈھاکہ لے جایا جائے۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ فوج ہندوستان اور بنگلہ دیش کی سرحد پر کسی طے شدہ مقام سے انہیں اپنے ساتھ لے جائے۔ اگست 2024 میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد شیخ حسینہ بنگلہ دیش چھوڑ کر ہندوستان آ گئی تھیں۔ اس وقت بھی وہ فوجی طیارہ کے ذریعے ہندوستان پہنچی تھیں۔

ہندوستان کی دوسری شرط شیخ حسینہ کے قانونی تحفظ سے جڑی ہے۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ بنگلہ دیشی حکومت انہیں سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کا موقع دے۔ ساتھ ہی جولائی 2024 میں مظاہرین کی ہلاکتوں سے متعلق معاملے میں ان کے مقدمے کی دوبارہ سماعت ہو۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ شیخ حسینہ کو قانونی کارروائی کے تحت اپنا موقف پیش کرنے کا پورا موقع ملے۔ نومبر 2025 میں بنگلہ دیش کی عدالت نے شیخ حسینہ کی غیر موجودگی میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی سے متعلق سنگین الزامات ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ شیخ حسینہ نے دسمبر 2026 میں بنگلہ دیش واپس آنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے دہلی میں واقع بنگلہ دیشی سفارت خانہ سے اپنا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ (این آئی ڈی) مانگا ہے۔ حالانکہ بنگلہ دیشی حکومت نے پاسپورٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بی این پی کے جوائنٹ جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ خیر الکبیر کھوکون نے ’اے این آئی‘ سے کہا کہ شیخ حسینہ پاسپورٹ مانگ کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شیخ حسینہ پر انسانیت کے خلاف جرائم، اغوا اور قتل جیسے سنگین معاملات ہیں۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش میں اب شیخ حسینہ کی سیاست میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔