
فائل تصویر آئی اے این ایس
’این پی سی آئی انٹرنیشنل پیمنٹس لمیٹڈ‘ (این آئی پی ایل) نے بدھ کے روز نیو پے (NEOPAY) اور اعمار انٹرٹینمنٹ کے اشتراک سے اعلان کیا کہ ’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ میں آن لائن بکنگ کے لیے اب یو پی آئی ادائیگی کی سہولت شروع کر دی گئی ہے۔ ’نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا‘ (این پی سی آئی) کی بین الاقوامی شاخ نے ایک بیان میں کہا کہ اس سے ہندوستانی سیاح دنیا کی سب سے بلند عمارت میں سیر و تفریح کے تجربے کی بکنگ اس کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے کر سکیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ قدم متحدہ عرب امارات میں ’نیو پے‘ کے ساتھ این آئی پی ایل کی موجودہ شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔ 2022 میں ملک میں کیو آر پر مبنی یو پی آئی مرچنٹ ادائیگیوں کے آغاز کے بعد سے ہندوستانی مسافر ’نیو پے‘ کے مرچنٹ نیٹورک پر ادائیگی کے لیے یو پی آئی سے فعال ایپس استعمال کر رہے ہیں۔
بہرحال، ’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ دبئی کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والے سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے، جہاں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں، جن میں ہندوستان سے آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ این پی سی آئی نے کہا کہ اب سیاح ’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ کی سرکاری ویب سائٹ پر یو پی آئی کے ذریعے اپنی پسند کا تجربہ منتخب کر سکتے ہیں اور وہاں پہنچنے سے پہلے ہی ادائیگی مکمل کر سکتے ہیں، جس سے سفر کی منصوبہ بندی مزید آسان اور سہل ہو جاتی ہے۔
این پی سی آئی انٹرنیشنل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر رتیش شکلا نے کہا کہ ’ایٹ دی ٹاپ، برج خلیفہ‘ میں آن لائن بکنگ کے لیے یو پی آئی ادائیگی کی سہولت متعارف کرا کے ہم مسافروں کے لیے اسی ادائیگی کے طریقے کو آسان بنا رہے ہیں جسے وہ جانتے ہیں اور جس پر انہیں اعتماد ہے۔ وہ متحدہ عرب امارات پہنچنے سے پہلے ہی اپنے سفر کی منصوبہ بندی کے دوران اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
’نیو پے‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وبھور منڈھڑا نے اسے ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ڈیجیٹل تجارت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی ’خلیجی تعاون کونسل‘ (جی سی سی) کے خطے میں ای-کامرس لین دین کے لیے یو پی آئی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ اس سے تاجروں کو ان لاکھوں ہندوستانی صارفین کی خدمت کرنے میں مدد ملے گی جو ڈیجیٹل ادائیگی کو ترجیح دیتے ہیں۔ اعمار انٹرٹینمنٹ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان ’ہمارے سب سے اہم بین الاقوامی بازاروں میں سے ایک ہے‘ اور ادائیگی کے ایک متبادل کے طور پر یو پی آئی کو شامل کرنے سے ہندوستانی مہمانوں کے لیے ’صارف کا تجربہ مزید آسان‘ ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ این آئی پی ایل کو 3 اپریل 2020 کو این پی سی آئی کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ این پی سی آئی کی بین الاقوامی شاخ کے طور پر این آئی پی ایل، ہندوستان سے باہر این پی سی آئی کے مقامی اور کامیاب ریئل ٹائم ادائیگی نظام، یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) اور کارڈ اسکیم (روپے) کے نفاذ کے لیے کام کر رہی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔