خبریں

اہم خبریں: معروف کارٹونسٹ سدھیر ڈار چل بسے

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ آج یوم آئین ہے اور اقتدار میں بیٹھے لوگ آئینی اقدار کو پامال اور جمہوریت میں عوام کی طاقت کمزور کر کے ’پیسہ تنتر‘ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

معروف کارٹونسٹ سدھیر ڈار چل بسے

نئی دہلی: کارٹونست سدھیر ڈار کا منگل کے روز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 87برس تھی۔ یہ اطلاع خاندان کے ذرائع نے دی ہے۔ الہ آباد میں پیدا ہوئے ڈار نے اپنے کیریئر کا آغاز آکاشوانی سے کیا۔ انہوں نے ریڈیو میں ایک پروگرام کے دوران ’اسٹیٹس مین‘ کے ایڈیٹر کا ہی کارٹون بنادیا تھا جس کے بعد انہیں اخبار میں کام کرنے کا آفر ملا۔

اس کے بعد ان کے کارٹون ہندوستان ٹائمس، دی انڈی پنڈنٹ، دی پائنیئر، دہلی ٹائمس، نیویارک ٹائمس سمیت متعدد اخبارات میں شائع ہونے لگے۔ اس کے علاوہ وہ وزارت سیاحت، وزارت خارجہ کے لئے ڈائری بناتے تھے اور انہوں نے ورلڈ بینک کے لئے بیس برسوں تک کلینڈر بھی بنایا۔ کئی ایوارڈ جیت چکے ڈار کو ایڈیٹوریل کارٹونسٹ کی دوسری نسل کے نمائندہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

جگدانند سنگھ آر جے ڈی کے ریاستی صدر منتخب

پٹنہ: بہار راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) کے سنیئر لیڈر جگدانند سنگھ کو آج بلامقابلہ پارٹی کا ریاستی صدر منتخب کر لیا گیا ہے ۔ آر جے ڈی کے ریاستی الیکشن افسر اور سابق رکن کونسل ڈاکٹر تنویر حسن نے یہاں سابق وزیر جگدانند سنگھ کے ریاستی صدر کے عہدہ پر بلامقابلہ منتخب کئے جانے کا اعلان کیا ۔ ریاستی آرجے ڈی کے صدر عہدہ کے لئے کل واحد نام جگدانند سنگھ نے داخل کیا تھا۔

ڈاکٹر حسن نے کہاکہ جانچ کے بعد جگدانند سنگھ کا پرچہ نامزدگی درست پایا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ آج سہ پہر ایک بجے تک پرچہ نامزدگی واپسی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔ وقت مقررہ ختم ہونے کے بعد صدر عہدہ کیلئے واحد امیدوار جگدانند سنگھ کو منتخب قرار دے دیا گیا ۔

واضح رہے کہ جگدانند سنگھ بہار کے رام گڑھ سے طویل عرصے تک رکن اسمبلی رہے ہیں اور بکسر لوک سبھا حلقہ سے ایک بار رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہوچکے ہیں۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

مچھلی تاجر سے دو لاکھ 88 ہزار کی لوٹ

پٹنہ: بہار میں دار الحکومت پٹنہ کے دیگھا تھانہ علاقہ میں کرجی پل کے نزدیک بدمعاشوں نے آج مچھلی تاجر سے دو لاکھ 88 ہزار روپے اور اسکوٹی لوٹ لی۔ پولس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مچھلی تاجر جتندر کمار اسکوٹی سے جارہے تھے تبھی کرجی پل کے نزدیک دو موٹرسائیکل پر سوار پانچ بدمعاشوںنے اسلحہ کا خوف دکھا کر انہیں روک لیا ۔ اس کے بعد بدمعاشوںنے تاجر سے اسکوٹی اور دو لاکھ 88 ہزار روپے لوٹ لئے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس سلسلے میں تاجر نے متعلقہ تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔

(یو این آئی)

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

پی ایم مودی، امت شاہ اور بی جے پی کارگزار صدر جے پی نڈّا کے درمیان میٹنگ

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایوان میں اپنے دفتر میں آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا کے ساتھ ایک انتہائی اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں کن ایشوز پر بات چیت ہوئی، اس سلسلے میں فی الحال جانکاری سامنے نہیں آ سکی ہے۔ لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہاراشٹر میں پیدا حالات پر بات چیت ہوئی ہوگی۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

سری نگر: کشمیر یونیورسٹی کے پاس گرینیڈ دھماکہ، 3 افراد زخمی

سری نگر واقع کشمیر یونیورسٹی کے دروازے پر گرینیڈ دھماکے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ شروعاتی خبروں میں کہا گیا تھا کہ اس دھماکہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں لیکن تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 3 افراد اس دھماکہ کا شکار ہوئے ہیں۔ اس دھماکہ سے متعلق مزید تفصیلات کا ابھی انتظار ہے۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

ایودھیا فیصلہ پر نظرثانی عرضی داخل نہیں کرے گا سنی وقف بورڈ

سنی وقف بورڈ کی آج ہوئی میٹنگ میں ایک بار پھر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایودھیا معاملے پر سپریم کورٹ نے جو فیصلہ سنایا ہے اس کے تحت نظرثانی عرضی داخل نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنی وقف بورڈ کے 6 اراکین نظرثانی عرضی داخل کرنے کے خلاف ہیں۔ اس میٹنگ میں پانچ ایکڑ زمین سے متعلق بھی بات ہوئی لیکن فی الحال یہ طے نہیں ہو سکا ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ 5 ایکڑ زمین وقف بورڈ کو دینے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس زمین کو منظور کیا جائے یا نہیں۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

پارلیمنٹ میں اپوزیشن پارٹیوں کا مظاہرہ، صدر جمہوریہ کے خطاب کا بائیکاٹ

اپوزیشن پارٹی نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کے خطاب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے سبھی اراکین پارلیمنٹ امبیڈکر کے مجسمہ کے سامنے جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیوں نے امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس ہی احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی پارلیمنٹ پہنچ چکے ہیں اور دھیرے دھیرے اراکین پارلیمنٹ کی بھیڑ مجسمہ کے پاس جمع ہو رہی ہے۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

اقتدار میں بیٹھے لوگ آئینی اقدار کو درکنار کر رہے ہیں: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوم آئین کے موقع پر ٹوئٹ کر کہا ہے کہ ’’آج یوم آئین ہے اور اقتدار میں بیٹھے لوگ آئینی اقدار کو درکنار کرنے اور جمہوریت میں عوام کی طاقت کمزور کر کے ’پیسہ تنتر‘ کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 26 Nov 2019, 10:23 AM IST