خبریں

مدھیہ پردیش: اشتہار کے ذریعہ بی جے پی نے عوام کو دیا دھوکہ

شیو راج سنگھ چوہان نے ایک اشتہار میں ایم پی کی سڑکوں کی جگہ بیرون ملکی سڑک کی تصویر کا استعمال کیا جس کے بعد کانگریس نے پارٹی پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات بس ہونے ہی والے ہیں اور اس درمیان بی جے پی کے ایک اشتہار کا کافی مذاق بن رہا ہے۔ اشتہار سڑک کے تعلق سے ہے جسے ’سمردھی سڑکوں کی‘ کے نام سے اخبارات میں شائع کیا گیا ہے۔ اس کا مذاق اس لیے بن رہا ہے کیونکہ اس میں مدھیہ پردیش کی سڑکوں کی جگہ کسی بیرون ملکی سڑک کی تصویر کا استعمال کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے اس دھوکے کی قلعی اس وقت کھلی جب لوگوں نے دیکھا کہ جو سڑک اشتہار میں دکھائی گئی ہے اس میں گاڑیاں بائیں جانب نہیں بلکہ دائیں جانب چل رہی ہیں، اور سڑک کی دائیں طرف گاڑی چلانے کا قانون ہندوستان میں نہیں بلکہ بیرون ممالک میں ہے۔

Published: 17 Nov 2018, 10:09 PM IST

اس اشتہار کی اشاعت کے بعد کانگریس نے سخت نوٹس لیا ہے اور اس نے بی جے پی پر عوام کو ورغلانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں شکایت کر دی ہے۔ کانگریس نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ اشتہار میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اور پی ایم نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ پس پشت میں جس طرح کا ایکسپریس وے بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، وہ تصویر ایم پی کی نہیں بلکہ غیر ملکی ہے۔ مدھیہ پردیش کانگریس میڈیا کنوینر نریندر سلوجا نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’اشتہار میں جو تصویر استعمال کی گئی ہے وہ بیرون ملکی ہائی وے یا پھر ایکسپریس وے کی ہے۔ اس کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت کرتے ہوئے بی جے پی پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔‘‘

Published: 17 Nov 2018, 10:09 PM IST

نریندر سلوجا نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن کمیشن میں تحریری شکایت دینے کے بعد بھروسہ ہے کہ جلد از جلد اس تعلق سے کوئی کارروائی ہوگی، اور بی جے پی کا اشتہار عوام کو گمراہ کرنے والا ہے اس میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اشتہار میں سبھی گاڑیاں رائٹ ہینڈ سائیڈ پر چل رہی ہیں جو کہ ہندوستانی اصولوں کے مطابق غلط ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے اس لیے شیو راج سنگھ نے اشتہارات میں بیرون ممالک کی سڑکوں کا استعمال کیا جو کہ بہت چمک رہا ہے۔‘‘

Published: 17 Nov 2018, 10:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 17 Nov 2018, 10:09 PM IST