
ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کو لے کر کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی مخالفت کے بعد بھی حکومت نے صورت حال کا نوٹس کیوں نہیں لیا؟
کیا حکومت چاہتی تو قانون میں ترمیم نہیں لا سکتی تھی؟
وجہ صاف ہے-
پہلے ملک کو ہندو-مسلمان میں تقسیم کیا،اب دلت-غیر دلت میں بانٹنے کی سازش۔
اتر پردیش کے ڈی آئی جی (قانون) نے بتایا کہ بھارت بند کے دوران ریاست میں ہوئے تشدد میں 1 شخص کی موت جبکہ 3 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں اور 35 لوگوں کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 448 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولس کے مطابق، مدھیہ پردیش میں بھارت بند کے دوران ہوئے تشدد میں 4 افراد کی موت ہوئی ہے۔ جبکہ پرتشدد مظاہرے میں لوگوں کے ساتھ کئی پولس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بھارت بند کی حمایت کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ’’عام آدمی پارٹی ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کو لے کر سپریم کورٹ کے فیصلے سے پیدا ہوئی صورتحال کے مد نظر دلت سماج کی تحریک کے ساتھ ہے۔ مرکزی حکومت سپریم کورٹ میں ملک کے جانے مانے سینئر وکلاء کو پیش کرے تاکہ ایکٹ کی ضرورت اور اس کے اصل جذبات کو ملحوظ خاطر رکھے‘‘
میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ مرکزی حکومت کی وجہ سے ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کمزور ہوا اور ملک میں ایسے حالت بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف مظالم میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ آزاد نے کہا کہ مرکزی حکومت ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کو کمزور ہونے سے روکنے کے لئے مناسب طریقے سے پیروی نہیں کی۔ آزاد نے کہا کہ اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ مرکزی حکومت کو دلتوں اور پسماندہ طبقے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
ایس سی-ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلیاں اور بھارت بند کو لے کر کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد اور ملک ارجن کھڑگے نے میڈیا کو خطاب کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے آزادی سے پہلے اور آزادی کے بعد ہمیشہ دلتوں اور كمزوروں کی لڑائی لڑی ہے۔
میرٹھ کی ایس ایس پی منجل سینی نے کہا کہ بھارت بند کے دوران تشدد پھیلانے کے الزام میں بی ایس پی کے سابق ممبر اسمبلی یوگیش ورما کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگیش ورما اس تشدد کے اہم سازشی ہیں۔
ہندوستان بند کے پیش نظر مایاوتی نے پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد پھیلانے والے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ تشدد کے واقعات مں ان کی پارٹی کا کوئی ہاتھ نہیں ہے اور انھیں صرف قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔
بھارت بند کے دوران پٹنہ میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ مظاہرے میں حصہ لیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا ’’بھارت بند کے دوران راشٹریہ جنتا دل کے تمام ممبران اسمبلی کے ساتھ بہار اسمبلی سے ڈاك بنگلا دوراہے تک پیدل مارچ کر بھارت بند کی حمایت کی۔ دلت، قبائلی اور پسماندہ طبقات کی یکجہتی کی وجہ سے بند کامیاب رہا، تمام انقلابی ساتھیوں کا شکریہ‘‘
مدھیہ پردیش میں ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی کے خلاف دلتوں کی تحریک لگاتار تیز ہوتی جا رہی ہے اور ریاست میں جگہ جگہ پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران پرتشدد واقعات میں 4 لوگوں کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہ اموات ریاست کے مرینا اور گوالیار علاقے میں ہوئی ہیں۔
سپریم کورٹ نے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے معاملے میں مرکز کی جانب سے دائر درخواست پر فوری طور پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس معاملے کو فوری طور پر دیکھے جانے کی ضرورت نہیں۔
اتر پردیش کے اعظم گڑھ میں بند کے دوران مظاہرین نے روڈویز بسوں میں آگ زنی اور توڑ پھوڑ کی۔
یوپی کے مظفر نگر میں بھارت بند کے دوران مظاہرین نے کئی گاڑیوں میں آگ لگا دی اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔
’بھارت بند‘ کے دوران مدھیہ پردیش میں کئی مقامات پر تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کر تے ہوئے کہا ’’حکومت ہند کی طرف سے آج سپریم کورٹ میں ریویو پٹيشن دائر کر دی گئی ہے۔ عوام سے درخواست ہے کہ وہ براہ مہربانی امن و امان برقرار رکھیں۔ ہماری حکومت ایس سی/ایس ٹی کے حقوق کی حفاظت کے لئے پابند عہد ہے۔‘‘
بھارت بند کے دوران مدھیہ پردیش کے گوالیار میں ہوئے پرتشدد مظاہرے کے دوران 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں، ان میں دو لوگوں کی حالت نازک ہے۔ وہیں 3 اپریل کی صبح 6 بجے تک گوالیار میں انٹرنیٹ خدمات پر روک لگا دی گئی ہے۔
اتر پردیش کے میرٹھ میں بند کے دوران کئی مقامات پرپر تشدد مظاہے دیکھنے کو ملے۔ یہاں مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا۔
راجستھان کے الور میں پرتشدد مظاہرے کے دوران پولس اور مظاہرین کے مابین تصادم۔ پولس فائرنگ 3نوجوان زخمی ہو گئے ہیں۔
دہلی پولس کے ترجمان دپیندر پاٹھک نے کہا کہ ’بھارت بند‘ کو دیکھتے ہوئے شہر میں سخت سیکورٹی کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بہت سی جگہوں پرپولس تعینات کی گئی ہے۔ سینئر افسران علاقوں میں تعینات ہیں۔ قانون کے نظام کو قائم رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔‘‘
مدھیہ پردیش کے مرینا میں ایک شخص کی گولی لگنے سے موت کے واقعہ کے بعد گوالیار سے بھی ایک شخص کی موت کی خبر موصول ہو رہی ہے۔ یہ موت کس طرح ہوئی، اس کی تفصیل معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
خبر رساں ادارہ اے این آئی نے گوالیار میں پرتشدد مظاہرہ کے درمیان کا ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس میں ایک شخص گولی چلاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ حالات دھیرے دھیرے بے قابو ہوتے جا رہے ہیں۔
ہندوستان بند کا اثر ملک کی دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ راجدھانی دہلی میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی-این سی آر میں دہرہ دون ایکسپریس اور رانچی راجدھانی ایکسپریس وغیرہ کو روک دیا گیا ہے۔ سپت کرانتی ایکسپریس، اُتکل ایکسپریس، کانپور شتابدی ایکسپریس جیسی ٹرینیں میرٹھ، مودی نگر میں ٹھہر گئی ہیں۔ اس درمیان
دہلی کی سڑکوں پر بھی دلت طبقہ احتجاجی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس کے سبب کناٹ پلیس میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ دہلی پولس نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
گجرات کے دلت لیڈر جگنیش میوانی نے سپریم کورٹ کی کچھ باتوں کو تکلیف دہ اور افسوسناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بی جے پی کو یہ مسئلہ حل کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی نے ایسا نہیں کیا تو 14 اپریل کو ہم انھیں امبیڈکر کے مجسمے کو ہاتھ نہیں لگانے دیں گے۔
ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں ہوئی تبدیلی کی پرزور مخالفت کے بعد مرکزی حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ این ڈی اے میں شریک پارٹیوں اور اپوزیشن کے بڑھتے دباؤ کے درمیان پیر کو مرکزی وزارت برائے قانون کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں ریویو پٹیشن داخل کی گئی۔
اس سے قبل راہل گاندھی نے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی کے خلاف قدم اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ بدھ کو صدر جمہوریہ سے ملاقات کی تھی۔ راہل گاندھی نے کہا تھا کہ دلتوں اور قبائلیوں کے خلاف ملک بھر میں مظالم کے واقعات بڑھ گئے ہیں جب کہ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کمزور ہوا ہے۔
مدھیہ پردیش کے مرینا میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔ تشدد بڑھ جانے کے بعد یہاں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہندوستان بند کے دوران مرینا میں پرتشدد واقعات بڑھ گئے ہیں اور احتجاجیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد دہشت کا ماحول ہے۔ حالات بے قابو ہو گئے ہیں۔
ریاست اتر پردیش کے فیروز آباد میں پرتشدد مظاہرہ کے دوران ایک شخص کی موت کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ فیروز آباد کے نارکی میں مظاہرہ کے دوران پولس نے لاٹھی چارج کی جس میں زخمی ہوئے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی ہے۔
ہندوستان بند کے دوران مدھیہ پردیش کے مرینا میں پرتشدد مظاہرے ہو رہے ہیں۔ یہاں لوگوں نے آگ زنی کی اور ریلوے ٹریک پر جام لگا دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ مظاہرہ کے دوران احتجاجیوں نے ہوائی فائرنگ بھی کی جس سے پورے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ مظاہرین نے بس اسٹینڈ اور بیریر چوراہے پر پتھراؤ کرتے ہوئے کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ مظاہرین پر قابو پانے کے لیے پولس کو طاقت کے استعمال کے ساتھ آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑنے پڑے۔
بند کے دوران اتر پردیش کے میرٹھ میں کئی مقامات پر تشدد آمیز مظاہرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ پولس نے مظاہرین کے خلاف سخت رخ اختیار کرتے ہوئے ان پر زبردست لاٹھی چارج کیا ہے جس میں کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
ایم پی میں بھی ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے خلاف بند کے دوران تشدد، توڑ پھوڑ کے بعد روکی گئیں ٹرینیں۔
بھارت بند کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی نے کیا ٹوئٹ۔ انہوں نے لکھا ’’دلتوں کو ہندوستانی سماج کے سب سے نچلے پائیدان پر رکھنا بی جے پی-آر ایس ایس کے ڈی این اے میں ہے۔ جو اس سوچ کو چیلنج دیتا ہے، وہ اسے تشدد سے دباتے ہیں۔ ہزاروں دلت بھائی-بہن آج سڑکوں پر اترکر اپنے حقوق کی حفاظت کا مودی حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہم ان کو سلام کرتے ہیں۔
راجستھان کے الور میں مظاہرین نے شتابدی ایکسپریس ٹرین روک دی ہے، اس کے شیشوں اور انجن کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
كھیرتھل میں ایک ڈبل ڈیکر بس پر پتھر پھینکنے کی خبر ہے، وہیں مہوا میں غریب رتھ ٹرین روکی گئی ہے۔
بھارت بند کے دوران یوپی کے میرٹھ سے پر تشدد مظاہرہ کی خبر آ رہی ہیں۔ مظاہرین نے یہاں کے كنكركھیڑا تھانے کی شوبھا پور پولس چوکی کو جلا دیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی ٹرینوں میں توڑ پھوڑ کے ساتھ آگ لگائے جانے کی بھی خبریں ہیں۔
بھارت بند کے سپورٹ میں کچھ طلبا نے پی ایم مودی کا پتلا جلانے کا اعلان کیا ہے۔ اربندو کالج، دہلی یونیورسٹی نارتھ کیمپس کی آرٹس فیکلٹی، ستيہ وتی کالج اور جامعہ یونیورسٹی میں اس طرح کا مظاہرہ ہو سکتا ہے۔
میرٹھ میں دلت مظاہرین دہلی-ہری دوار ہائی وے پر پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹ ہے کہ بڑی تعداد میں مظاہرین ریلوے ٹریک پر بھی پہنچ گئے ہیں اور ٹرین روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مظاہرین’جے بھیم‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔
مغربی اترپردیش میں پر تشدد مظاہرے، آگرا، سہارا نپور میں موٹر سائیکل اور بسیں نذر آتش
بھارت بند کے دوران راجستھان کے باڑ میر میں دلت تنظیموں اور کرنی سینا کے درمیان جھڑپ کی خبر آرہی ہیں۔ خبروں کے مطابق، مظاہرین پر قابو پانے کے لئے پولس نے لاٹھی چارج بھی کیا ہے، جس میں مظاہرین کو چوٹیں آئی ہیں۔
ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں ترمیم کے خلاف ملک بھر میں دلت خواتین بھی سڑکوں پر اتر رہی ہیں۔ راجستھان کے بھرت پور میں بھی خواتین نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے روڈ جام کیا۔
ہندوستان بند کے درمیان عراق میں ہلاک 38 ہندوستان کے باقیات کو ہندوستان لایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں لاش لانے میں رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ یکم اپریل کو 38 ہندوستانیوں کے باقیات کو لانے کے لیے موصل روانہ ہوئے تھے۔ انھیں موصل میں عراق حکومت کے افسران نے ہندوستانیوں کے باقیات سپرد کر دیے ہیں۔ وی کے سنگھ موصل سے ہندوستانیوں کے باقیات کے ساتھ آج ہندوستان لوٹ رہے ہیں۔ ہندوستان لوٹنے کے بعد وہ سب سے پہلے پنجاب کے امرتسر جائیں گے اور مہلوکین کے اہل خانہ کو سونپیں گے۔ اس کے بعد وہ پٹنہ اور کولکاتا جا کر مہلوکین کے کنبہ کو ان کے باقیات سپرد کریں گے۔
راشٹریہ جنتا دل لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں تبدیلی سے متعلق مرکزی حکومت سے کئی سوال کیے ہیں اور اسے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’پہلے آپ یہ بتائیں کہ سپریم کورٹ کے سامنے ایس سی/ایس ٹی معاملے میں صحیح دلائل پیش کرنے میں ناکام کیوں تھے؟ جائزہ عرضی کی جگہ آپ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ پر ایک آرڈیننس کیوں نہیں لے کر آئے؟
سی پی آئی ایم ایل کارکنان سمیت مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے بہار کے آرہ اسٹیشن پر ٹرین کا راستہ بلاک کر دیا۔ یہاں احتجاجیوں نے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔ فاربس گنج سے بھی ٹرین روکے جانے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر ابھشیک منو سنگھوی نے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ سے متعلق معاملے کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے اس کیس کو مناسب طریقے سے پیش نہیں کیا جس کی وجہ سے سپریم کورٹ کا فیصلہ دلتوں کے خلاف گیا ہے اور اس کی جانچ ہونی چاہیے۔
اڈیشہ کے سنبھل پور میں مظاہرین نے سپریم کورٹ کے ایس سی/ایس ٹی ایکٹ پر دیے گئے فیصلہ کے خلاف مظاہرہ کے دوران ریلوے لائن بلاک کر دیا۔ اس سے ٹرین کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
ایس سی/ ایس ٹی قانون میں بدلاؤ کئے جانے کے خلاف ملک بھر کی دلت تنظیموں نے آج ملک گیر بند کا اعلان کیا ہے۔ اس کے پیش نظر کئی ریاستوں نے سخت حفاطتی انتظامات کئے ہیں۔ پنجاب میں احتیاط کے طور پر اسکول کالج بند کر دئے گئے ہیں۔ مرکزیر وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا ہے کہ ایس سی/ ایس ٹی ایکٹ کو لے کر سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف مرکز کی جانب سے نظر ثانی کی درخواست دائر کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Apr 2018, 10:21 AM IST