
بہار سیلاب / آئی اے این ایس
نیپال سے لے کر اتر پردیش، اتراکھنڈ، اڈیشہ اور تھائی لینڈ تک شدید بارش، سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ نیپال میں جہاں زمین کھسکنے سے کئی لوگوں کی جانیں چلی گئی ہیں، وہیں اتر پردیش میں بھی شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیپال میں گزشتہ چند دنوں کے دوران بارش سے متعلق واقعات میں 21 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ منانگ ضلع میں ایولانچ یعنی برفانی تودہ گرنے سے 2 لوگوں کی موت ہو گئی اور 10 افراد لاپتہ ہیں۔
اتر پردیش میں گزشتہ 3 دنوں سے مسلسل بارش اور آندھی و طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 56 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں دریاؤں میں طغیانی ہے اور سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ غازی پور، ایودھیا، سیتاپور اور لکھیم پور کھیری سمیت کئی علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ وارانسی میں گنگا ندی کی سطح آب مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے گھاٹوں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے لگا ہے۔ خطرے میں اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے طور پر کشتیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔