قومی خبریں

ایس آئی آر کے نام پر ایک بھی جائز ووٹ نہیں کٹنے دیں گے، دہلی کانگریس الرٹ موڈ پر: دیویندر یادو

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ایس آئی آر کے دوران کسی بھی جائز ووٹر کا نام فہرست سے نہیں کٹنے دیا جائے گا۔ پارٹی نے بی ایل اے-1 کارکنوں کی خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

 

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا ہے کہ ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) کے نام پر کسی بھی جائز ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے نہیں کٹنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس جمہوریت اور حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر پوری طرح چوکس اور پرعزم ہے۔

دیویندر یادو نے یہ بات راجیو بھون میں بی ایل اے-1 ساتھیوں کے لیے منعقدہ خصوصی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ورکشاپ میں ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور ناموں کی کٹوتی کے خدشات سے نمٹنے کے لیے پارٹی کارکنوں کو عملی تربیت دی گئی۔ پروگرام میں دہلی کانگریس کے انچارج قاضی نظام الدین بھی موجود تھے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایس آئی آر کے عمل کے نام پر کسی بھی دلت، اقلیتی برادری، بازآبادکاری کالونیوں میں رہنے والے کم آمدنی والے طبقے کے شہری یا کسی بھی جائز ووٹر کا ووٹ نہ کٹے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن گھر گھر جا کر یہ یقینی بنائیں گے کہ تمام اہل ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ میں محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاندنی چوک اسمبلی حلقے کے بعض بوتھوں پر بڑی تعداد میں نام کاٹے جانے کے معاملے کو کانگریس زور شور سے اٹھائے گی۔ حالیہ دنوں میں جن لوگوں کو بے گھر کیا گیا ہے، ان کے ووٹ کے حقوق کے معاملے کو بھی ترجیحی بنیاد پر اٹھایا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر پارٹی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ ایس آئی آر کے دوران عوام کی مدد کے لیے جھگی جھونپڑی کلسٹروں، آر ڈبلیو اے دفاتر، گاؤں کی چوپالوں اور اہم بازاروں میں ووٹر مدد مراکز قائم کیے جائیں گے۔

قاضی نظام الدین نے کہا کہ انہوں نے اتراکھنڈ میں ایس آئی آر کے دوران ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے انہوں نے بی ایل اے-1 کارکنوں سے کہا کہ اگر یہ عزم کر لیا جائے کہ کسی بھی جائز شہری کا ووٹ نہیں کٹنے دیا جائے گا تو کوئی بھی ضابطہ اسے اس کے حقِ رائے دہی سے محروم نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں نام شامل ہونے کی بنیادی شرط بھارتی شہری ہونا ہے، جب کہ کسی شخص کا مستقل پتہ ہونا یا بے گھر ہونا اس کے حقِ رائے دہی کو متاثر نہیں کرتا۔ انہوں نے موجودہ صورتحال میں عوام کی تشویش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقوق کے تحفظ کی اس جدوجہد میں عوام کے ساتھ کھڑے رہیں۔

ورکشاپ کا انعقاد بوٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین راجیش گرگ نے کیا۔ اس میں دہلی کی مختلف اسمبلیوں سے آئے بی ایل اے-1 کارکنوں کو ایس آئی آر کے کلیمز اینڈ آبجیکشنز مرحلے کے دوران ووٹروں کی مدد کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔

دہلی کانگریس کے قانونی شعبے کے چیئرمین ایڈووکیٹ سنیل کمار نے ایس آئی آر کے قانونی پہلوؤں، نوٹسز کے جواب، منطقی تضادات اور بے ضابطگیوں سے متعلق معاملات میں قانونی طریقہ کار کی وضاحت کی۔ پروگرام میں تنظیم کے جنرل سکریٹری اور سابق رکن اسمبلی انیل بھاردواج، جنرل سکریٹری گوری شنکر شرما سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

ورکشاپ کا مقصد ووٹروں کو اپنے حقوق کے بارے میں بیدار کرنا اور ووٹر لسٹ سے نام حذف ہونے کی صورت میں اسے دوبارہ شامل کرانے کے طریقہ کار سے واقف کرانا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔