
بی جے پی نے ایک مرتبہ پھر رافیل سودے پر کانگریس کے جے پی سی سے جانچ کرانے کے مطالبہ کو ٹھکرا دیا ہے۔ جے پی سی جانچ نہ کرانے کی کوئی ٹھوس وجہ بتانے کے بجائے بی جے پی نے کانگریس پر الزام لگایا ہے کہ وہ دشمن ممالک کے ساتھ خفیہ جانکاری ساجھا کرنا چاہتی ہے ۔جس ایچ اے ایل کو رافیل ڈیل سے باہر کر کے انل امبانی کی کمپنی کو سودے میں شامل کیا گیا تھا اس ایچ اے ایل کے بارے میں بی جے پی کا کہنا ہے کہ ایچ اے ایل ہماری طاقت ہے ، یو پی اے نے دس سال میں دس ہزار کروڑ سالانہ دیئے جبکہ ہماری حکومت نے ساڑھے چار سال میں22 ہزار500 کروڑ روپے سالانہ دیئے۔
جے پی سی سے جانچ کرانے کے مطالبہ سے انکار کرنے پر کانگریس نے بی جے پی اور حکومت سے سوال کیا ہے کہ وہ اس مدے پر جے پی سی تشکیل دینے سے کیوں ڈر رہی ہے ۔ سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ پارلیمنٹ میں بی جے پی کی اکثریت ہے اس لئے جے پی سی میں بھی انہیں کی اکثریت ہوگی تو پھر وہ ڈر کیوں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تمام فائلیں پبلک نہیں کی جا سکتیں ، لیکن جے پی سی میں تو ایسا کیا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے اس دوران کانگریس نے اس معاملہ کو سی اے جی اور سی وی سی کے سامنے اٹھایا ہے۔کانگریس نے سی وی سی سے اس ڈیل پر روک لگانے کی مانگ بھی کی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
تصویر: پریس ریلیز