اگر سنجے دت کے سب سے یادگار و مثالی کردار کے بارے میں پوچھا جائے تو فلم ’منابھائی ایم بی بی ایس‘ کا نام ذہن میں ضرور آتا ہے۔ انہوں نے اس میں ٹپوری انداز میں لوگوں کو ہنسانے اور ان کے مسائل حل کرنے کی زبردست کوشش کی تھی۔ فلم سپرہٹ ہوئی اور ان کا کردار بھی مقبول ہو گیا۔ اس کے بعد ’منابھائی‘ سیریز کا دوسرا حصہ آیا، جس میں گاندھی گیری کے ذریعے لوگوں کو سبق دیا گیا۔
سنجے دت حال ہی میں شیکھر سمن کے شو میں بھی گئے، جہاں انہوں نے ’منابھائی‘ کے انداز میں ایک تقریر کی۔ سنجے دت سے کہا گیا کہ اگر ان کا کردار ’منابھائی‘ آج کے دور میں ہندوستان کا وزیر اعظم بنتا تو وہ ملک کے مفاد میں کیا فیصلے لیتا؟ اس پر اداکار نے بھی اسی انداز میں کئی باتیں کہیں۔ اسی دوران انہوں نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی ’منابھائی‘ کے انداز میں زبردست پیغام بھیجا۔
سنجے دت نے ’منابھائی‘ والی زبان میں کہا کہ ’’اپُن دیکھ رہا ہے کہ ٹرمپ ماموں پوری دنیا کو آؤٹ آف فریم کرنے پر لگا پڑا ہے۔ اس لیے سب سے پہلے اپُن ٹرمپ ماموں سے ملنے امریکہ جائے گا۔ بولے تو ٹرمپ ماموں تھوڑا بھٹک گیا ہے نا، ہاں؟ اپُن ان کو ایک دم نرمی سے سمجھائے گا کہ ماموں سب پر حملہ وملہ نہیں کرے گا، دنیا کی واٹ نہیں لگائے گا۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔