
سپریم کورٹ آف انڈیا
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) میں اصلاح کے حوالے سے مرکزی حکومت کیا کر رہی ہے، اس کے متعلق سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔ حکومت نے اس کے ذریعہ عدالت کو بتایا کہ وہ این ٹی اے کے امتحانات میں دھاندلی اور پیپر لیک کو روکنے کے لیے بنیادی سطح پر بڑی تبدیلیاں کر رہی ہیں۔ مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کو مضبوط اور ادارہ جاتی بنانے کے لیے اصلاحات پر کام جاری ہے۔
مرکز نے بتایا کہ منٹو روڈ احاطہ میں 39 سی آئی ایس ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ داخلے کے کنٹرول، اسکریننگ اور سیکورٹی جانچ کے لیے ایکسرے بیگج مشین اور میٹل ڈیٹیکٹر لگائے گئے ہیں۔ سوالنامہ تیار کرنے، ترجمہ، پرنٹنگ، پیکنگ، کیو آر کوڈ سے ٹریکنگ، ٹرانسپورٹ، امتحان مراکز کی سیکورٹی، او ایم آر کی واپسی اور نتائج تیار کرنے تک کے لیے ایس او پی نافذ کر دیے گئے ہیں۔ این ٹی اے میں بائیومیٹرک اور فیس آتھنٹیکیشن، سی سی ٹی وی، موبائل جیمر، اے آئی ٹولز اور کثیر سطحی نگرانی جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عدالت میں مرکزی حکومت نے بتایا کہ این ٹی اے نے چیف انفارمیشن سیکورٹی آفیسر (سی آئی ایس او) کا التزام کیا ہے۔ انفارمیشن سیکورٹی کے لیے سی ای آر ٹی-اِن اور سی-ڈی اے سی سے منسلک ایجنسیوں کے ذریعہ آزاد سائبر سیکورٹی آڈٹ بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ نندن نیلیکنی ٹاسک فورس نیٹ-یو جی کو پین-پیپر سے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹنگ میں تبدیل کرنے کے امکانات پر غور کر رہی ہے۔ اس میں دیہی، خواتین اور کم انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی والے علاقوں کے امیدواروں پر اثر جیسے مسائل کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔
مرکز کے مطابق این ٹی اے میں اعلیٰ سطح پر کئی افسران کی تقرری کی گئی ہے۔ اگست 2026 میں ہی 14 افسران این ٹی اے میں تعینات کیے گئے۔ ٹیکنالوجی، انسانی وسائل، اسسمنٹ آر اینڈ ڈی، ٹسیٹ سنٹر، امیدوار کا تجربہ، انفارمیشن سیکورٹی، ایگزام سیکورٹی اور ویجیلنس جیسے شعبوں میں ماہرین کی بھرتی کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ ڈاکٹر کے رادھاکرشنن کی صدارت والی ہائی لیول کمیٹی نے 21 اکتوبر 2024 کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی، جس میں 101 سفارشات شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نندن نیلیکنی کی سربراہی میں 27 جولائی 2026 کو ایک ہائی پاورڈ ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ اس کا مقصد این ٹی اے کے امتحانی نظام کو محفوظ، شفاف، قابل اعتماد اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے۔ این ٹی اے کو نئی دہلی کے منٹو روڈ واقع سرکاری عمارت میں 55,524.53 مربع فٹ دفتری جگہ الاٹ کی گئی ہے۔ خفیہ امور سے متعلق کام بھی نئے سرکاری احاطے میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔