
کانگریس صدر کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ کیا کہہ دیا، بی جے پی لیڈران ان پر اقلیتی طبقہ کی خوشنودی کا الزام عائد کرنے لگے۔ برسراقتدار طبقہ کو لفظ ’عید‘ پر اتنا اعتراض ہوا کہ انھوں نے باضابطہ پریس کانفرنس کر ملکاجن کھڑگے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس معاملہ میں اب کانگریس نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ گنگا جمنی تہذیب میں سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلا جاتا ہے، لیکن بی جے پی لیڈران ہمیشہ نفرت انگیز بیانات دیتے ہیں۔
پون کھیڑا نے اس معاملہ میں ایک میڈیا ادارہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ کہیں گے، اور عید کو ’خوشیوں کی ہولی‘ کہیں گے۔ ہم گنگا جمنی تہذیب کو مانتے ہیں۔ ہم سبھی مذاہب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کسی سنکی عاشق کی طرح نہیں کہ ہمیشہ ک... ک... ک... ک... کانگریس کرتے رہیں، یا ملک کے سیکورٹی فورسز کو ملک کے نوجوانوں اور اپوزیشن کے خلاف مشتعل کرنے یا اکسانے کا کام کریں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیا نے پیر کے روز پریس کانفرنس میں ملکارجن کھڑگے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کھڑگے نے دیوالی کو ’خوشیوں کی عید‘ بتایا تھا، جس پر بھاٹیا نے انھیں ’ریموٹ کنٹرول سے چلنے والا صدر‘ کہہ ڈالا اور الزام عائد کیا کہ کانگریس قیادت ایک ’ہندو مخالف اور سناتن مخالف ذہنیت‘ کو فروغ دے رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کھڑگے کے بیان کو مسلم طبقہ کی خوشنودی کرنے والا اور ہندو طبقہ کے جذبات کو مجروح کرنے والا بتایا تھا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔