قومی خبریں

ایم کے اسٹالن کو شکست دینے والے ٹی وی کے رکن اسمبلی وی ایس بابو کا انتقال

وزیر اعلیٰ وجے نے کہا کہ ’’کولاتھور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی وی ایس بابو کے علالت کے بعد انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا صدمہ اور دکھ ہوا ہے۔ وی ایس بابو کا اچانک انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>وی ایس بابو، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@CMOTamilnadu</p></div>

وی ایس بابو، تصویر سوشل میڈیا @CMOTamilnadu

 

تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں کولاتھور سے سابق وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کو شکست دینے والے ٹی وی کے رکن اسمبلی وی ایس بابو کا آج 75 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہیں گزشتہ دنوں سانس سے متعلق بیماری کے بعد چنئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ایم جی ایم ہیلتھ کیئر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’تمل ناڈو قانون ساز اسمبلی کے رکن تھرو وی ایس بابو کو 9 ستمبر 2026 کو سانس سے متعلق ایک پرانی بیماری کے باعث ایم جی ایم ہیلتھ کیئر میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے (انٹینسیو کیئر) میں زیر علاج تھے۔‘‘

اسپتال نے مزید کہا کہ ’’جامع طبی انتظامات اور ہماری ملٹی ڈسپلنری کلینک ٹیم کی بہترین کوششوں کے باوجود ان کی حالت بگڑتی چلی گئی۔ اس کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا اور 19 نومبر کو دوپہر 2:24 بجے ان کا انتقال ہو گیا۔ ایم جی ایم ہیلتھ کیئر اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ، دوست و احباب اور خیر خواہوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔‘‘

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ جوزف وجے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کولاتھور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی وی ایس بابو کے علالت کے بعد انتقال کی خبر سن کر مجھے گہرا صدمہ اور دکھ ہوا ہے۔ وی ایس بابو کا اچانک انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے خود کو پوری طرح عوامی زندگی کے لیے وقف کر رکھا تھا، عام لوگوں کے درمیان انہی میں سے ایک بن کر رہتے تھے اور سب کی محبت، حمایت اور اعتماد حاصل کیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی لکھا کہ ’’میں ان کے اہل خانہ، رشتہ داروں، دوستوں، ٹی وی کے کے عہدیداروں اور کارکنان نیز کولاتھور اسمبلی حلقہ کے تمام لوگوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، جو ان کے انتقال پر غمزدہ ہیں۔‘‘

تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کولاتھور اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی وی ایس بابو کے انتقال کی خبر سے مجھے گہرا صدمہ پہنچا ہے۔ اسپتال میں کئی دنوں کے علاج کے بعد ان کی حالت میں بہتری آنے کی خبریں آ رہی تھی، اس لیے ان کے اچانک انتقال کی خبر ایک بڑا جھٹکا ہے۔ میں ان کے سوگوار خاندان اور ان کی پارٹی کے اراکین سے اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘

تمل ناڈو کے وزیر آدھو ارجن نے وی ایس بابو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وی ایس بابو کے چہرے پر ہمیشہ مسکان رہتی تھی۔ وہ تھلاپتی (سی ایم جوزف وجے) کے پسندیدہ لوگوں میں سے ایک تھے۔ جب وہ ہماری پارٹی میں شامل ہوئے تو انہوں نے ہمارے لیڈر کو بتایا کہ چنئی، خاص طور پر شمالی چنئی کے لوگوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شمالی چنئی کے لوگوں میں مقبول اور معزز کسی شخص کو کولاتھور اسمبلی حلقے سے انتخاب لڑنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ ان کے لیے میری ذاتی محبت اور اپنائیت ہمیشہ برقرار رہے گی۔ ان کا انتقال بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ وی ایس بابو ایک تجربہ کار سیاست داں تھے۔ 75 سالہ بابو نے 2006 میں ڈی ایم کے کے رکن کی حیثیت سے پوراوسلکم اسمبلی حلقے سے انتخاب جیتا تھا۔ وہ 2006 سے 2011 تک پوراوسلکم کے رکن اسمبلی رہے۔ بابو 7 فروری 2026 کو وجے کی سیاسی پارٹی ٹی وی کے میں شامل ہوئے تھے۔ وہ 2011 تک ڈی ایم کے کے شمالی چنئی کے ضلعی سکریٹری رہے۔ 2011 کے اسمبلی انتخاب میں کولاتھور حلقے کی ذمہ داری سنبھالنے کے باوجود وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کی کم فرق سے جیت پر ان سے سوالات کیے گئے۔ اس کے بعد انہیں پارٹی قیادت کی حمایت حاصل نہیں رہی۔ وہ بعد میں پلانی سوامی کی قیادت والی اے آئی اے ڈی ایم کے میں شامل ہوئے اور پھر ٹی وی کے کا حصہ بن گئے۔

2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں ایک بڑا سیاسی الٹ پھیر دیکھنے کو ملا تھا، جب اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کو کولاتھور اسمبلی حلقے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہیں ٹی وی کے کے وی ایس بابو نے 7731 ووٹوں کے فرق سے ہرایا تھا۔ اس شکست کے بعد ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن ریاست کی تاریخ میں سابق وزیر اعلیٰ جے للیتا کے بعد دوسرے ایسے وزیر اعلیٰ بن گئے تھے، جنہیں اسمبلی انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1996 میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا، جب برگور اسمبلی حلقے میں ڈی ایم کے کے ای جی سوگاونم نے جے للیتا کو شکست دی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے کولاتھور اسمبلی حلقے سے 2011، 2016 اور 2021 میں مسلسل کامیابی حاصل کی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔