
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، گرافکس ’ایکس‘ @INCIndia
اعظم گڑھ کی ووٹر لسٹ میں بے ضابطگی کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ جانچ کے بعد کچھ افسران پر کارروائی بھی کی گئی ہے، لیکن کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ کارروائی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اپنی کرسی بچانے کے لیے کی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ووٹ چور گیانو چھوٹے پیادوں کو نمٹا کر خود کو بچانے میں مصروف ہے۔‘‘
یہ تبصرہ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’پہلے پیلی بھیت میں 2 ایس ڈی ایم اور کچھ ملازمین کو ہٹایا گیا۔ اب اعظم گڑھ میں مجموعی طور پر 9 لوگوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔‘‘ آگے مطلع کیا گیا ہے کہ ’’دراصل اعظم گڑھ کی ووٹر لسٹ میں وکاس یادو کے نام سے 13 ووٹ پائے گئے۔ ووٹر لسٹ کی اس گڑبڑی کے لیے کمپیوٹر اسسٹنٹ اور 5 بوتھ لیول افسران (بی ایل او) کو ملازمت سے نکالا جائے گا۔‘‘ پارٹی نے یہ بھی بتایا کہ ’’اُس وقت کے ای آر او اور 2 اے ای آر او پر محکمہ جاتی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔‘‘
کانگریس نے ہونے والی مذکورہ بالا سبھی کارروائی کو چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے لیے دفاعی عمل ٹھہرایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’گیانو کا ووٹ چوری کا کھیل اب ملک بھر سے سامنے آنے لگا ہے اور اپنی کرسی بچانے کے لیے گیانو چھوٹے ملازمین کو نمٹا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی اپوزیشن پارٹی لکھتی ہے کہ ’’عوام حقیقت جان چکی ہے، ووٹر لسٹ کی ان خامیوں کے لیے گیانو ذمہ دار ہے، جس نے مودی کے کہنے پر یہ عمل انجام دیا ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔