قومی خبریں

مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھے جانے کا کیا اعلان، یکم رمضان 19 فروری کو

دارالقضا ادارۂ شرعیہ، اورنگ آباد، بہار نے اعلان کیا کہ بروز بدھ، 29 شعبان بمطابق 18 فروری بعد نماز مغرب چاند دیکھنے کا اہتمام ہوا۔ مطلع بالکل صاف تھا، شہر اورنگ آباد (بہار) میں رویت عام ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>چاند دیکھنے کی فائل تصویر</p></div>

چاند دیکھنے کی فائل تصویر

 
تصویر سوشل میڈیا

ہندوستان کے کئی خطوں میں آج بروز بدھ ماہِ رمضان المبارک کا چاند دیکھا گیا۔ مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی 29 شعبان کو چاند دکھائی دینے کی تصدیق کی ہے اور 19 فروری کو یکم رمضان ہونے کی بات کہی ہے۔ کچھ علاقوں میں آسمان ابر آلود تھا، جس کی وجہ سے چاند نہیں دیکھا گیا، لیکن دیگر علاقوں میں چاند کی شہادت کو پیش نظر رکھتے ہوئے مقامی ہلال کمیٹیوں نے جمعرات کو یکم رمضان کا اعلان کیا ہے۔

آل انڈیا ملی کونسل، بہار کی جانب سے جاری پریس بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی صاحب کنوینر رویت ہلال کمیٹی و صدر آل انڈیا ملی کونسل بہار نے اعلان کیا ہے کہ مورخہ 29 شعبان المعظم 1447ھ مطابق 18 فروری 2026، بروز بدھ ریاستی دفتر آل انڈیا ملی کونسل بہار، پھلواری شریف، پٹنہ اور ملی کونسل کے ذیلی شاخوں میں ماہ رمضان المبارک 1447ھ کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ پھلواری شریف اور اس کے اطراف میں چاند نظر نہیں آیا، لیکن ملک کے دیگر حصوں سے چاند دیکھے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے، جس کی تصدیق کر لی گئی ہے۔‘‘ اس بیان کے آخر میں لکھا گیا ہے کہ ’’مورخہ 19 فروری 2026، بروز جمعرات ماہ رمضان المبارک 1447ھ کی پہلی تاریخ قرار پائی۔‘‘

دارالقضا ادارہ شرعیہ، اورنگ آباد، بہار کی جانب سے بھی پریس بیان جاری کیا گیا ہے۔ فیضان سرور مصباحی کے دستخط سے جاری اس بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’بروز بدھ، 29 شعبان 1447ھ، بمطابق 18 فروری 2026 کا دن گزار کر بعد نماز مغرب رمضان شریف کا چاند دیکھنے کا اہتمام ہوا۔ مطلع بالکل صاف تھا، شہر اورنگ آباد (بہار) میں رویت عام ہوئی ہے۔ میں نے بھی بچشم خود ابھی کئی نمازیوں کے ساتھ چاند دیکھا ہے۔‘‘ آگے لکھا گیا ہے کہ ’’دارالقضا ادارۂ شرعیہ اورنگ آباد کی جانب سے اعلان کیا جاتا ہے کہ ابھی بعد نماز عشا، تراویح کی نماز پڑھی جائے گی، مرد مسجد میں جماعت کے ساتھ اور عورتیں اپنے گھروں میں تنہا تنہا پڑھیں۔‘‘ ساتھ ہی یہ جانکاری بھی دی گئی ہے کہ ’’آج رات ہی سے سحری کھا کر روزہ رکھنا شروع کریں گے۔ کل 19 فروری 2026، بروز جمعرات ’یکم رمضان المبارک 1447ھ‘ ہے۔‘‘

اسی طرح رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی طرف سے بھی ایک پریس بیانیہ جاری کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج ابھی بعد نماز مغرب رویت  ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ زیر صدارت مولانا  محمد اخلاق قاسمی، نائب صدر جمعیۃ علماء صوبہ دہلی و صدر دینی تعلیمی بورڈ صوبہ دہلی بمقام دفتر امارت شرعیہ ہند، 1، بہادر شاہ ظفر مارگ، نئی دہلی منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔‘‘ آگے لکھا گیا ہے کہ ’’دہلی میں مطلع ابر آلود ہے، چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ چترا، نورنگر، سمریا  (جھارکھنڈ)، بھدیہ (بہار)، دیولہ (گجرات)، بہادر گنج، غازی پور سمیت  ملک کے متعدد مقامات سے رویت کی مصدقہ خبریں موصول ہوئیں۔ اس کے پیش نظر کمیٹی نے اعلان کیا کہ 19 فروری 2026، بروز جمعرات، ماہ رمضان المبارک 1447ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔ ان شاء اللہ۔ اہل ایمان آج رات کو تراویح وغیرہ اہتمام کریں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined