قومی خبریں

عام لوگوں کے لیے بری خبر، امریکہ نے اٹھایا ایسا قدم جس سے بڑھے گی مہنگائی

لوک سبھا انتخابات کے درمیان عام لوگوں کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ دراصل امریکہ نے ایران سے تیل بردرآمد کرنے پر ہندوستان سمیت کئی ممالک پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

امریکہ نے ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کو ملی چھوٹ کو مزید نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان امریکہ نے پیر کے روز کیا۔ اس فیصلہ سے پیر کو بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا۔ دیکھتے ہی دیکھتے بریٹ کروڈ کی قیمت 74 ڈالر پہنچ گئی۔ اس تیزی کا اثر ہندوستانی مارکیٹ پر بھی پڑا اور ہندوستانی وعدہ بازار میں بھی خام تیل کی قیمت میں 3 فیصد سے زیادہ کا اضافہ دیکھا گیا۔

دراصل امریکہ نے پیر کے روز کہا کہ امریکی صدر ڈونالنڈ ٹرمپ نے فیصلہ لیا ہے کہ ہندوستان سمیت پانچ اہم ممالک کو اب ایران سے تیل درآمد کرنے کی چھوٹ نہیں ملے گی۔ وہائٹ ہاؤس نے کہا کہ ایران سے تیل درآمد پر پابندی میں چین، ہندوستان، جاپان، جنوبی کوریا اور ترکی کو مل رہی چھوٹ کو اب آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔ چھوٹ کی مدت 2 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔

امریکہ نے نومبر میں ایران سے تیل درآمد پر دوبارہ پابندی عائد کر دی تھی۔ یہ فیصلہ ایران اور دنیا کی چھ طاقتوں کے درمیان نیوکلیائی معاہدہ سے امریکہ کے باہر نکلنے کے ٹرمپ کے فیصلہ کے بعد لیا گیا۔ حالانکہ واشنگٹن نے ایران سے تیل خریدنے والے آٹھ اہم ممالک کو اس پابندی میں چھوٹ دیتے ہوئے انھیں چھ مہینے تک ایران سے تیل درآمد جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔ ان ممالک میں چین، ہندوستان، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، ترکی، اٹلی اور یونان شامل ہیں۔

ہندوستانی وعدہ بازار ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج پر مئی ایکسپائری خام تیل وعدہ ڈیل میں پیر کو رات 20.10 بجے 132 روپے یعنی 2.96 فیصد کی تیزی کے ساتھ 4589 روپے فی بیرل پر کاروبار چل رہا تھا۔ اس سے پہلے قیمتوں میں 4608 روپے فی بیرل تک کا اُچھال آیا۔

Published: undefined

بین الاقوامی وعدہ بازار انٹرکانٹی نینٹل ایکسچینج یعنی آئی سی ای پر جون ڈیلیوری برینٹ کروڈ وعدہ ڈیل 2.65 فیصد کی تیزی کےساتھ 73.88 ڈالر فی بیرل پر بنا ہوا تھا، جب کہ کاروبار کے دوران سودے کی قیمت 74.31 ڈالر فی بیرل تک اچھلا۔ نیو یارک مرکیٹائل انڈیکس (نائمیکس) پر بھی ڈبلیو ٹی آئی کا جون معاہدہ 2.40 فیصد کی تیزی کے ساتھ 65.61 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کر رہا تھا، جب کہ قیمت اس سے پہلے 65.86 ڈالر فی بیرل تک اُچھلا۔

کموڈیٹی بازار کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں آئی اس تیزی کا اثر آنے والے دنوں میں ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت پر دیکھنے کو ملے گا کیونکہ ہندوستان ا پنی تیل کی ضرورتوں کا 80 فیصد درآمد کرتا ہے اور ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں ہندوستان کافی اہم ہے۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس کا سیدھا اثر مال ڈھلائی پر پڑے گا جس سے عام ضرورت کی چیزوں کی قیمت میں اُچھال آنے کا اندیشہ ہے۔ اس طرح عین انتخابات کے درمیان عام لوگوں کو مہنگائی کا جھٹکا لگنے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

Published: undefined

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined