قومی خبریں

’سینگر کو نکالنے میں بی جے پی نے بہت دیر کر دی‘، اناؤ متاثرہ کی ماں کا چھَلکا درد

اناؤ واقعہ کی شکار لڑکی کی ماں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے اپنے رکن اسمبلی سینگر کو نکالنے میں بہت دیر کر دی۔ ساتھ ہی انھوں نے اپنی بیٹی کا علاج فی الحال لکھنؤ میں ہی کرانے کی بات کہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اناؤ عصمت دری واقعہ کی شکار لڑکی کا علاج اس وقت لکھنؤ کے کے جی ایم یو اسپتال میں چل رہا ہے۔ گزشتہ دنوں وہ ایک سڑک حادثہ میں بری طرح زخمی ہو گئی تھی جس کے بعد کے جی ایم یو میں اسے اسپتال کے لیے داخل کرایا گیا۔ اس درمیان متاثرہ لڑکی کی ماں کا بیان آیا ہے کہ وہ فی الحال اپنی بیٹی کا علاج لکھنؤ میں ہی کرانا چاہتی ہیں اور دہلی جانے کا ارادہ نہیں ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’اگر یہاں کے ڈاکٹر جواب دے دیں گے تو ہم دہلی جانے کے بارے میں سوچیں گے۔‘‘

Published: 02 Aug 2019, 1:10 PM IST

متاثرہ کی ماں نے بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر پارٹی کی کارروائی پر اپنا رد عمل بھی میڈیا کے سامنے ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے یہ قدم اٹھانے میں بہت دیر کر دی، اسے چاہیے تھا کہ یہ کارروائی بہت پہلے کرتی۔ قابل غور ہے کہ سینگر کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ دو سال سے متاثرہ کنبہ، اپوزیشن پارٹیاں اور سماجی تنظیمیں کر رہی تھیں، لیکن گزشتہ جمعرات کو بی جے پی نے رکن اسمبلی سینگر کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ سنایا۔

Published: 02 Aug 2019, 1:10 PM IST

واضح رہے کہ عصمت دری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد بی جے پی بالکل خاموش تھی اور کلدیپ سینگر کے خلاف کچھ بھی کارروائی نہیں کر رہی تھی۔ اتر پردیش کی یوگی حکومت بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی رہی۔ جب متاثرہ نے لکھنؤ میں خودسوزی کی کوشش کی اور الٰہ آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے میں حکم صادر کیا، تب ملزم بی جے پی رکن اسمبلی کی گرفتاری عمل میں آ سکی۔

Published: 02 Aug 2019, 1:10 PM IST

کلدیپ سنگھ سینگر پر عصمت دری کا الزام لگانے والی متاثرہ اپنی فیملی اور وکیل کے ساتھ رائے بریلی جیل میں اپنے چچا سے مل کر 28 جولائی کو کار سے گھر لوٹ رہی تھی جب این ایچ-32 پر گربخش گنج تھانہ علاقہ کے اٹورا گاؤں کے پاس کار کو ٹرک نے ٹکر مار دی تھی۔ حادثے میں متاثرہ کی چچی اور موسی کی موت ہو گئی تھی جب کہ متاثرہ اور اس کے وکیل کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ دونوں کے جی ایم یو اسپتال میں داخل ہیں۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کی فیملی نے سینگر پر الزام عائد کیا کہ سڑک حادثہ کے پیچھے اسی کا ہاتھ تھا۔ اس سلسلے میں سی بی آئی کی جانچ جاری ہے۔

Published: 02 Aug 2019, 1:10 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 02 Aug 2019, 1:10 PM IST