قومی خبریں

شہریت قانون: شاہین باغ کے ’احتجاجی میلہ‘ میں آپ کا استقبال ہے!

شاہین باغ میں ہو رہے خواتین کے مظاہرے کی گونج عالمی سطح پر سنائی دے رہی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہاں روزانہ کوئی میلہ لگ رہا ہے۔ یہ میلہ ہی ہے جس میں خواتین ہندوستانی دستور کو بچانے کی جنگ لڑ رہی ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز 

شاہین باغ اس وقت پوری دنیا میں ایک مثال بن چکا ہے۔ مثال عورتوں کی طاقت کا، مثال عورتوں کی جدوجہد کا، مثال عورتوں کی بیداری کا، مثال حقوق کی لڑائی کا، مثال ثابت قدمی کا... مجموعی طور پر کہہ سکتے ہیں کہ یہ عورتیں آئین دشمن طاقتوں سے لوہا لے رہی ہیں اور ان کا حوصلہ دیکھ کر مرد حضرات انگشت بہ دنداں ہیں۔ جشن یوم جمہوریہ قریب ہے لیکن ’جمہوریت‘ کی بقا کے لیے بلا تفریق مذہب دہلی کی ہزاروں خواتین نے گزشتہ تقریباً ایک مہینے سے جو تحریک چلا رکھی ہے، وہ بھی کسی جشن اور میلے سے کم نہیں ہے۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

اس عظیم الشان احتجاجی مظاہرے سے موجودہ حکومت بھلے ہی چشم پوشی کرے، لیکن تاریخ کی کتابوں میں یہ سنہرے حروف میں درج ہو چکا ہے۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے خلاف جو محاذ دہلی کی خواتین نے کھڑا کیا ہے اور جس طرح ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے دہلی آئی خواتین نے بھی شاہین باغ پہنچ کر ان کی آواز میں آواز ملائی ہے، اس نے ایک انقلاب برپا کر رکھا ہے۔ یہ کہا جائے تو قطعی غلط نہیں ہوگا کہ عورتوں و بچیوں نے اپنے آنچل کو پرچم بنا کر ظاہر کر دیا ہے کہ وہ اپنی شفقت و محبت سے گھر کو جنت بنانے کی قوت رکھتی ہیں تو اپنے عزم و حوصلے سے ظالموں کو جہنم کا نظارہ بھی کرا سکتی ہیں۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

ہاتھوں کو کپکپا دینے والی ٹھنڈ اور دانتوں کو کٹکٹا دینے والی سرد لہر کے درمیان سڑک پر رات گزارتی عورتوں کے حوصلے کا اندازہ آپ کو گھر بیٹھ کر یا اخبارات میں اس مظاہرے کی روداد پڑھ کر نہیں ہوگا بلکہ جب آپ بنفس نفیس وہاں پہنچیں گے تو پتہ چلے گا کہ عورتیں اور بچیاں بابا امبیڈکر کی آئین اور ہندوستان کی جمہوریت کو بچانے کے لیے کس انداز میں جہاد کر رہی ہیں۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

12 جنوری کو ایک برقع پوش ضعیف خاتون تقریباً10 سال کے بچے کی انگلی پکڑ کر شاہین باغ روڈ کی طرف تیز قدموں سے بڑھ رہی تھیں۔ چلتے چلتے جب میں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ مظاہرہ میں شامل ہونے جا رہی ہیں، تو انھوں نے ہاں میں جواب دیا۔ اور پھر جب میں نے پوچھا کہ اتنی بھیڑ اور ٹھنڈ میں جانے کی ہمت وہ کس طرح کرتی ہیں، تو کہا کہ ”جب میں نے ٹی وی میں دیکھا کہ بڑ ی تعداد میں عورتیں شاہین باغ سڑک پر شہریت قانون کے خلاف بیٹھ رہی ہیں تو میں مظاہرہ دیکھنے اپنے پوتے کے ساتھ تین چار دن پہلے یہاں آئی تھی۔ اس دن کئی گھنٹے تک یہاں بیٹھی رہی اور گھر جانے کو دل نہیں کر رہا تھا۔“ چلتے چلتے وہ کہتی ہیں کہ ”مجھے اس دن عورتوں کے ساتھ بیٹھ کر ایک جوش کا احساس ہوا اور ایسا لگا کہ مجھے یہاں آنا چاہیے۔ پھر میں روزانہ شام کے وقت یہاں آ جاتی ہوں۔“

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

12 جنوری کو شاہین باغ میں بھیڑ کچھ زیادہ ہی نظر آ رہی تھی۔ دوپہر سے لے کر شام تک کئی معروف ہستیاں عورتوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے آئیں اور اپنی تقریر میں شہریت قانون و این آر سی کے خلاف لڑائی میں ان کے ساتھ رہنے کا وعدہ بھی کیا۔ کالندی کنج-سریتا وِہار روڈ پر واقع شاہین باغ بس اسٹینڈ کے پاس شام ہوتے ہوتے عورتوں کے ساتھ ساتھ مردوں کی تعداد بھی بہت تیزی کے ساتھ بڑھنے لگی اور حیرانی اس بات کو دیکھ کر ہو رہی تھی کہ مظاہرے میں شامل کئی لوگ واپس لوٹ رہے تھے لوگوں کی آمد کا سلسلہ اتنا تیز تھا کہ بھیڑ میں منٹ در منٹ اضافہ ہی ہوتا جا رہا تھا۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

رات کے 11 بجے بھی کہیں ’شہریت قانون واپس لو‘ کا نعرہ لگ رہا تھا تو کہیں ’وی وانٹ جسٹس‘ کی آواز بلند ہو رہی تھی، کہیں ’ہم کیا چاہیں... آزادی‘ کا شور تھا تو کہیں ’انقلاب زندہ باد‘ کی صدا گونج رہی تھی۔ شاید 10 بج رہے ہوں گے جب ایک شخص بچے کو گود میں لیے اور بھیڑ کو چیڑتا ہوا اس مقام پر پہنچا جہاں عورتوں کو جانے کے لیے ایک خاص راستہ بنایا گیا تھا۔ اس شخص نے اپنی بیوی کو کچھ کہتے ہوئے اس راستے پر بھیج دیا اور بچے کو خود گود میں لیے ایک کنارے میں کھڑا ہو گیا۔ میں دھیرے دھیرے ان کی طرف بڑھا اور کہا کہ آپ لوگ بڑا کام کر رہے ہیں جو اپنی خواتین کو یہاں احتجاج میں شامل ہونے کی اجازت دے رہے ہیں۔ میری بات سن کر وہ مسکراتے ہیں اور لاﺅڈ اسپیکر کے شور کے درمیان تیز آواز میں مجھ سے کچھ باتیں کہتے ہیں۔ بات بہت صاف سنائی نہیں دے رہی تھی لیکن اتنا اندازہ ضرور ہوا کہ ایک دن محترمہ نے ان سے پوچھا کہ کیا انھیں بھی اس مظاہرے میں شریک نہیں ہونا چاہیے؟ جواب میں وہ کھڑے ہو گئے اور کہا کہ ”چلو چلتے ہیں۔“

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

بہر حال، ایک دن قبل 11 جنوری کو جب میں ساڑھے گیارہ بجے شب مظاہرے کے مقام پر پہنچا تھا تو اس وقت بھی ہزاروں کی تعداد میں خواتین موجود تھیں۔ پنڈال کے نیچے باپردہ خواتین بہت منظم انداز میں بیٹھی ہوئی تھیں اور اسٹیج پر مشاعرہ جاری تھا۔ ایسا لگ ہی نہیں رہا تھا کہ ٹھنڈ کا موسم ہے اور رات کے 12 بجنے والے ہیں۔ پھر میں نے دیکھا کہ ایک خاتون نے کچھ دیگر خواتین کو اشارہ کیا اور پھر تقریباً 15-12 خواتین اپنی اپنی جگہ سے اٹھ کر پنڈال سے نکل گئیں، پھر اچانک درجن بھر دوسری خواتین پنڈال میں آ کر ان خالی مقامات پر بیٹھ گئیں۔ اسی طرح تین چار مرتبہ میں نے دیکھا کہ کسی کے اشارے پر کچھ خواتین اپنی جگہ سے اٹھ جاتی ہیں اور پھر کچھ ووسری خواتین ان خالی جگہوں پر آ کر بیٹھ جاتی ہیں۔ ایسا محسوس ہوا جیسے چھوٹے چھوٹے گروپ بنا کر خواتین آتی ہیں اور پھر ایک گروپ وہاں سے نکلتا ہے تو دوسرا گروپ ان کی جگہ پر بیٹھ جاتا ہے۔ میں دیکھ کر حیران تھا کہ سب کچھ کتنا منظم ہے۔ نہ کوئی ہنگامہ، نہ لڑائی جھگڑا۔ مشاعرہ جاری تھا، رات کے 1 بج گئے تھے لیکن وہاں کسی کی آنکھ میں نیند نہیں تھی۔ نیند رہتی بھی کیسے، حاکموں نے تو نیند حرام کر رکھی ہے۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ نیند تو ان باعزم خواتین نے حاکموں کی بھی حرام کر دی ہے۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 13 Jan 2020, 1:11 PM IST