قومی خبریں

دو سال بعد لوٹیں رمضان کی رونقیں، بازار ہوئے گلزار

دکانداروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں امسال مہنگائی زیادہ ہے جو عوام کے لئے مایوس کن تو ضرور ہے لیکن پھر بھی لوگوں کی بڑی تعداد بازاروں میں آ رہی ہے

رمضان کی رونقیں / تصویر محمد تسلیم
رمضان کی رونقیں / تصویر محمد تسلیم 

نئی دہلی: عالمی وباء کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے درمیان دو سال بعد رمضان المبارک میں مسجدیں نمازیوں سے آباد ہیں اور بازاروں کی رونقیں پھر سے لوٹ آئی ہیں۔ بازاروں میں کھجلا، کھجور، فینی، کیلا، انار، سیب، پپیتا، تربوز، خربوزہ، لیچی اور پھلوں کا بادشاہ آم بھی ہر خریدار کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ سحرو افطار میں استعمال ہونے والی اشیائے خوردنی چہار جانب بڑی مقدار میں سجی ہوئی ہیں۔ حالانکہ امسال تمام چیزوں کے دام آسمان چھو رہے ہیں مگر خوشیوں کے آگے لوگوں کے چہروں پر ذرہ برابر بھی شکن نہیں ہے۔

Published: undefined

قومی آواز کے نمائندہ نے جامع مسجد علاقے کے دکانداروں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال کے مقابلے امسال مہنگائی زیادہ ہے جو عوام کے لئے مایوس کن تو ضرور ہے لیکن پھر بھی لوگوں کی بڑی تعداد بازاروں میں آ رہی ہے۔ انہوں مزید کہا کہ جامع مسجد اور اس کے متصل جتنی بھی کھانے پینے کی دکانیں ہیں یہاں نہ صرف مسلمان بلکہ دنیا بھر سے ہر مذاہب کے ماننے والے دیر رات رونقیں دیکھنے اس لئے بھی آتے ہیں۔ لوگ آتے ہیں اور مغلائی کھانوں کا مزہ لیتے ہیں۔

Published: undefined

فصیل بند شہر پرانی دہلی کے گلی، کوچے اور بازار رمضان کی آمد سے گلزار ہو گئے ہیں۔ جامع مسجد، چتلی قبر، ترکمان گیٹ، مٹیا محل اور بلی ماران علاقے میں دیر رات تک چہل پہل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ علاوہ ازیں جامع مسجد دہلی روح پرور مناظر پیش کر رہی ہے اور اس کے صحن میں روزہ افطار کرنے کی غرض سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچ رہے ہیں۔ مومنین نماز تراویح سے فارغ ہو کر سحری تک ہوٹلوں پر لذیذ پکوانوں، آئس کریم، شاہی ٹوکڑے، تلا ہوا مرغ و مچھلی کا لطف لے رہے ہیں۔

Published: undefined

پھل فروش محمد سلیم نے کہا کہ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے دو سال سے روزے پھیکے جا رہے تھے اور بازاروں میں ویرانی ہی ویرانی چھائی ہوئی تھی ایسا لگنے لگا تھا کہ رمضان کی رونقیں اب نہیں لوٹیں گی، بہر حال خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے اب زندگی پٹری پر آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سبب خریداری میں کمی تو آئی ہے لیکن اس کے باوجود لوگ سحر و افطار کا سامان خوب خرید رہے ہیں۔

Published: undefined

شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور، موج پور، جعفرآباد، چوہان بانگر، برہم پوری، گوتم پوری، نور الٰہی، کردم پوری، کبیر نگر، یمنا وہار، بھجن پورا، مصطفی آباد، کھجوری، شاستری پارک، نند نگری، سیماپوری جیسے مسلم علاقوں کے بازاروں کی رونقیں قابل دید ہیں۔ بازاروں کو لائٹوں سے سجایا گیا ہے اور چہار سو خوشی کا ماحول ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined