
ٹویشا شرما کی ساس گری بالا سنگھ / آئی اے این ایس
نئی دہلی: مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ماڈل اداکارہ ٹویشا شرما کی مشتبہ حالات میں موت کے معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے پیر کو 636 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کر دی۔ چارج شیٹ میں ٹویشا کے شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس گری بالا سنگھ کو ملزم بنایا گیا ہے۔ دونوں ملزمان 2 جون سے بھوپال کی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔
تفتیشی ایجنسی نے دونوں کے خلاف جہیز کا مطالبہ، جہیز کے لیے ہراسانی، شوہر یا رشتہ دار کی جانب سے ظلم اور خودکشی کے لیے اکسانے سمیت مختلف دفعات کے تحت الزامات عائد کیے ہیں۔ سی بی آئی نے ٹویشا کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے، جبکہ معاملے میں سامنے آنے والی دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی موت کے طریقے کے حوالے سے خودکشی کی جانب اشارہ کرتی ہے۔
تفتیش کے دوران سامنے آیا کہ مبینہ طور پر پھندے کے طور پر استعمال ہونے والی جمناسٹک بیلٹ پر ٹویشا کی جلد کے ٹشوز ملے تھے۔ جولائی میں سی بی آئی نے ایمس، نئی دہلی کے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بیلٹ پر ملنے والے جلد کے ٹشوز ٹویشا کی گردن پر پائے گئے زخموں کے نشانات سے مطابقت رکھتے ہیں۔
ٹویشا کی موت 12 مئی کی رات بھوپال کے کٹارا ہلز علاقے میں واقع ان کے گھر میں ہوئی تھی۔ ان کی شادی دسمبر 2025 میں بھوپال کے وکیل سمرتھ سنگھ سے ہوئی تھی۔ موت کے بعد ٹویشا کے اہل خانہ نے سسرال والوں پر ذہنی اور جسمانی ہراسانی کے الزامات عائد کیے اور موت کے حالات پر سوال اٹھاتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا تھا۔
اہل خانہ نے پہلے پوسٹ مارٹم پر بھی اعتراضات اٹھائے تھے۔ ان کا الزام تھا کہ تفتیش اور پوسٹ مارٹم کے دوران حقائق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی اور سسرال کے اثر و رسوخ کے باعث معاملے کی منصفانہ تفتیش نہیں ہو رہی۔ اہل خانہ کی درخواست کے بعد مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی ہدایت پر 24 مئی کو ایمس، نئی دہلی کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے بھوپال ایمس میں ٹویشا کا دوسرا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش حکومت کی سفارش اور ہائی کورٹ کی ہدایت پر معاملے کی تفتیش سی بی آئی کے حوالے کر دی گئی تھی۔
تفتیش کے دوران سی بی آئی نے سمرتھ سنگھ اور گری بالا سنگھ کے وائس سیمپل لینے کی بھی کوشش کی۔ ملزمان نے تفتیشی ایجنسی کے اس دعوے کی مخالفت کی کہ انہوں نے آواز کے نمونے دینے میں تعاون نہیں کیا۔ مدعا علیہان نے سیمپل لینے کے عمل کے دوران افسران کے رویے پر بھی عدالت میں اعتراض درج کرایا تھا۔
سی بی آئی نے واقعے کے بعد سمرتھ سنگھ کے رابطے میں آنے والے افراد سے پوچھ گچھ کے علاوہ دیگر ڈیجیٹل شواہد کا بھی جائزہ لیا۔ اب 636 صفحات کی چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد عدالت میں اس کی بنیاد پر دونوں ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی آگے بڑھے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔