قومی خبریں

جموں و کشمیر کے اُدھم پور میں المناک حادثہ، مسافر بس پلٹنے سے 20 لوگوں کی دردناک موت، متعدد زخمی، وزیر اعلیٰ کا اظہار افسوس

مسافر بس کو پیش آئے حادثے کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہو سکی ہے، لیکن بتایا جا رہا ہے کہ ایک موڑ پر گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا تھا جس سے تیز رفتار بس بے قابو ہو گئی۔ معاملے کی جانچ شروع ہو گئی ہے۔

سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی
سڑک حادثہ، تصویر یو این آئی 

جموں و کشمیر کے اُدھم پور میں پیر کی صبح اس وقت ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب رام نگر کے کاگوٹ علاقے میں ایک مسافر بس الٹ گئی۔ اس حادچہ میں تقریباً 20 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر موصول ہو رہی ہے۔ جائے حادثہ پر امدادی کارروائی جاری ہے۔ مقامی افراد بھی پولیس و انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بس رام نگر سے اُدھم پور جا رہی تھی تبھی جالو علاقے کے قریب اچانک یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ حالانکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کی وجہ سے ہوا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک موڑ پر گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا تھا جس سے تیز رفتار بس بے قابو ہو گئی۔

Published: undefined

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں اور طبی مراکز میں منتقل کیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔

Published: undefined

اس دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دفتر کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق انہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں تمام ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔

Published: undefined

دریں اثنا، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ ’’اُدھم پور میں پیش آیا سڑک حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں میری گہری تعزیت ہے۔ ایشور انہیں طاقت دے، میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں، میں نے ضلع انتظامیہ، پولیس، ایس ڈی آر ایف اور محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔‘‘ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اُدھم پور-رام نگر بس حادثہ، جس میں 12 (اب یہ تعداد 20 ہو چکی ہے) لوگوں کی جانیں گئی ہیں، سے گہرا دکھ ہوا۔ سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined