قومی خبریں

’بھارت منڈپم‘ میں برکس سربراہی اجلاس کا آج دوسرا اور آخری دن، سیکورٹی کے سخت انتظامات

ہندوستان چوتھی بار اس اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ آج صبح 9:55 بجے برکس کے رکن ممالک، شراکت دار ممالک اور آؤٹ ریچ کے لیے مدعو ممالک کے سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت کی آمد شروع ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی پولیس، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

دہلی پولیس، تصویر/آئی اے این ایس

 

قومی راجدھانی دہلی کے ’بھارت منڈپم‘ میں منعقد 18ویں برکس سربراہی اجلاس کا اتوار کو دوسرا اور آخری دن ہے۔ غیر ملکی مہمانوں کے لیے آج بھی ’بھارت منڈپم‘ کو سجا کر تیار رکھا گیا ہے اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ اجلاس ہفتہ کو نئی دہلی کے ’بھارت منڈپم‘ میں شروع ہوا تھا۔ تمام برکس ممالک کی حمایت سے کل ’نئی دہلی اعلامیہ 2026‘ جاری کیا گیا۔ اس اعلامیے میں برکس ممالک نے بین الاقوامی تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے باہمی بات چیت، مشاورت اور سفارتی کوششوں کے اپنے عزم کو دہرایا۔

اعلامیے میں مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ تحمل برتنے کے ساتھ ساتھ ایسی کارروائیوں سے گریز کرنے کو کہا گیا جن سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان چوتھی بار اس اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ آج صبح 9:55 بجے برکس کے رکن ممالک، شراکت دار ممالک اور آؤٹ ریچ کے لیے مدعو ممالک کے سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت کی آمد شروع ہوگی۔ یہ پروگرام ’بھارت منڈپم‘ کے لیول-2 پر ہوگا۔ برکس میں فی الحال 11 رکن ممالک ہیں۔ ان میں برازیل، روس، ہندوستان، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور انڈونیشیا شامل ہیں۔

اس کے بعد صبح 10:35 بجے برکس رہنماؤں کی آفیشیل فیملی فوٹو ہوگی۔ یہ بھی بھارت منڈپم کے لیول-2 پر منعقد کی جائے گی۔ صبح 10:50 بجے برکس کا مرکزی اوپن سیشن شروع ہوگا۔ اس کا موضوع ہے ’ریزیلینس، اِنوویشن، کوآپریشن اینڈ سسٹینیبلٹی: شیپنگ دی فیوچر فار اِنکلوسِو گلوبل گروتھ‘ یعنی مضبوطی، جدت، تعاون اور پائیدار ترقی کے ذریعے جامع عالمی ترقی کا مستقبل تشکیل دینا۔ اجلاس کے اختتام پر نئی دہلی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

برکس سربراہی اجلاس کے علاوہ وزیر اعظم مودی 4 ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ دو فریقی ملاقاتیں کریں گے۔

  1. دوپہر 2:30 بجے: وزیر اعظم نریندر مودی قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف سے ملاقات کریں گے۔

  2. دوپہر 3 بجے: وزیر اعظم نریندر مودی فلپائن کے صدر فرڈینینڈ آر مارکوس جونیئر سے ملاقات کریں گے۔

  3. دوپہر 3:30 بجے: وزیر اعظم نریندر مودی مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کریں گے۔

  4. شام 4:10 بجے: وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی افریقہ کے صدر ماتامیلا سیرل رامافوسا سے ملاقات کریں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔