تصویر سوشل میڈیا
دہلی کی سنجے جھیل میں تین نوجوان ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ تینوں افراد کی عمریں 22 سے 25 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ فائر ڈپارٹمنٹ اور دہلی پولس کو تقریباً 7:30 بجے اس کی اطلاع ملی۔ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ کی شائع خبر میں درج ہےکہ دہلی پولیس کے مطابق ایک نوجوان پہلے جھیل میں نہانے گیا، پھر دو دیگر اسے بچانے کے لیے اندر گئے اور بعد میں تینوں ڈوب گئے۔ مرنے والوں کی شناخت ہو گئی ہے۔
معلومات کے مطابق غوطہ خوروں نے جھیل سے تینوں نوجوانوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔ پولیس نے لاشوں کو اسپتال بھیج دیا ہے اور اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔شام تقریباً 7:24 بجے ایک پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں پانڈو نگر تھانہ علاقے کے کوٹلہ گاؤں کے نزدیک سنجے جھیل میں تین لوگوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملی۔ جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس کو پتہ چلا کہ تین نوجوان جن کی عمریں 22 سے 25 سال کے درمیان ہیں جھیل میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
تینوں کو پانی سے نکالا گیا، لیکن وہ جواب نہیں دے رہے تھے۔ انہیں ایل بی ایس اسپتال لے جایا گیا، جہاں مزید قانونی اور طبی طریقہ کار جاری ہے۔ مرنے والوں کی شناخت سوربھ راوت، ساحل خان اورآشیش نوٹیال کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں نوجوان کلیان پوری کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ اس المناک حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ سوگوار ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔