نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، تصویر @PMOIndia
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز جیور واقع ’نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ کا افتتاح کیا۔ اس ایئرپورٹ کی بنیاد 25 نومبر 2021 میں رکھی گئی تھی اور آج افتتاح کے بعد وزیر اعظم نے اپنی بے انتہا خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’نوجوانوں کو پتہ ہے کہ یہ جو کام ہو رہا ہے، یہ نوجوانوں کے مستقبل کو نئی پرواز دینے والا کام ہے۔ آج ہم ترقی یافتہ یوپی، ترقی یافتہ ہندوستان مہم کا ایک نیا باب شروع کر رہے ہیں۔‘‘
Published: undefined
پی ایم مودی نے اپنے خطاب کے دوران اتر پردیش کے باشندوں کو اس بات کے لیے مبارکباد بھی پیش کی کہ ریاست اب سب سے زیادہ بین الاقوامی ایئرپورٹس والی ریاستوں میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس تعلق سے اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’آج میرے لیے فخر اور خوشی کے 2 اسباب ہیں۔ ان میں پہلا، اس ایئرپورٹ کی سنگ بنیاد رکھنے کا موقع بھی مجھے ملا تھا اور افتتاح کا بھی موقع مجھے ملا ہے۔ خوشی کا دوسرا سبب یہ ہے کہ جس ریاست نے مجھے نمائندہ بنایا، رکن پارلیمنٹ بنایا، اس اتر پردیش کی پہچان کے ساتھ اس عظیم ایئرپورٹ کا نام بھی جڑ گیا ہے۔‘‘
Published: undefined
اپنی تقریر کے دوران پی ایم مودی نے مغربی ایشیا میں پیدا کشیدگی کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج پوری دنیا فکر میں مبتلا ہے۔ مغربی ایشیا میں ایک ماہ سے جنگ جاری ہے۔ اس کشیدگی کی وجہ سے کئی ممالک میں کھانے پینے کا سامان، پٹرول و ڈیزل، گیس، کھاد جیسی کئی ضروری اشیا کا چاروں طرف بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ہر ملک اس بحران کا سامنا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، اور ہمارا ہندوستان بھی پوری طاقت سے اس کا مقابلہ کر رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہندوستان بڑی مقدار میں خام تیل اور گیس جنگ متاثرہ علاقوں سے درآمد کرتا ہے۔ اس لیے حکومت ہر وہ قدم اٹھا رہی ہے، جس سے عام کنبوں اور ہمارے کسان بھائی بہنوں پر بوجھ نہ پڑے۔ بحران کے اس وقت میں بھی ہندوستان نے اپنی تیز ترقی کو مستقل جاری رکھا ہے۔‘‘
Published: undefined
بہرحال، جیور ایئرپورٹ کے افتتاح کو وزیر اعظم مودی نے انتہائی اہم اور ہندوستان کی ترقی میں مثبت کردار نبھانے والا قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جیور ایئرپورٹ پورے شمالی ہند کو دنیا سے جوڑ رہا ہے۔ یہ ایسا ایئرپورٹ بن رہا ہے، جس سے ہر 2 منٹ میں ایک جہاز اڑے گا۔‘‘ دراصل یہ نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ابھی پوری طرح مکمل نہیں ہوا ہے۔ پہلے مرحلہ کا کام پورا ہونے کے بعد اس کا افتتاح وزیر اعظم کے ہاتھوں کر دیا گیا ہے، اور اب دوسرے مرحلہ کا کام جلد مکمل کرنے کی کوششیں شروع ہو گئی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined