اشوک گہلوت (ویڈیو گریب)
سپریم کورٹ کی جانب سے اتوار (11 اکتوبر) کو دہلی میں میٹرو اور ریلوے خدمات معمول کے مطابق چلانے اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بحال کرنے سے متعلق دی گئی ہدایت پر کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حالات بہت سنگین ہیں۔
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’ملک میں حالات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ آج اتوار کو سپریم کورٹ کھل رہا ہے، تو آپ اندازہ لگا لیجیے۔ تاریخ میں پہلی بار اس طرح کے معاملے پر سپریم کورٹ کو سماعت کرنی پڑ رہی ہے کہ میٹرو کیوں بند کی جا رہی ہے۔ ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ جن وکلاء کو گرفتار کیا گیا تھا، اس معاملے پر بھی سماعت ہو۔ حکومت جس طرح خود افراتفری پھیلا رہی ہے، سمجھ میں نہیں آ رہا کہ وہ چاہتی کیا ہے؟ صورتحال ایسی ہو گئی ہے جیسے کوئی کریک ڈاؤن ہو رہا ہو۔ حکومت خود پوری دہلی میں دہشت مچا رکھی ہے۔‘‘
اشوک گہلوت نے مزید کہا کہ ’’دہلی میں جگہ جگہ بیریکیڈنگ کی گئی ہے اور ملک بھر سے آنے والے لوگوں کو پابندیوں اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ سب اسی ملک کے شہری ہیں، باہر کے نہیں۔ جس طرح لیڈروں کو حراست میں لیا گیا ہے، ان میں سے کچھ کو چھوڑ دیا گیا ہے، جبکہ کچھ اب بھی حراست میں ہیں۔ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے بات چیت کرنی چاہیے اور انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق ظاہر کیے جانے والے خدشات کو دور کرنا چاہیے۔‘‘
اشوک گہلوت کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپل سبل جیسے بڑے وکیل کہہ رہے ہیں کہ وکلاء کی بات نہیں سنی جا رہی ہے۔ ملک میں پہلی بار لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے کے ساتھ نامناسب سلوک کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کو جو احترام ملنا چاہیے، وہ نہیں مل رہا ہے۔ ملک میں جمہوریت کے تقاضوں کو صحیح طریقے سے پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔