قومی خبریں

ہندوستانی فوجیوں کی قربانیاں ملک کی شجاعت، آزادی اور وقار کی بنیاد ہیں: وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار

بنگلورو کے نیشنل ملٹری میموریل میں ’کارگل وجے دیوس‘ کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے 1999 کی کارگل جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، تصویر/آئی اے این ایس

 

کارگل وجے دیوس کے موقع پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اتوار کے روز کہا کہ ہندوستانی سپاہیوں کی جانب سے پیش کی گئی قربانی ملک کی شجاعت، آزادی اور وقار کی بنیاد ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کی بہبود و تحفظ کے لیے ریاستی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ بنگلورو کے نیشنل ملٹری میموریل میں کارگل وجے دیوس کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے 1999 کی کارگل جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ ’’ہمارے سپاہیوں کی قربانی ہماری ہمت، ہماری آزادی اور ہمارا فخر ہے۔ 27 سال قبل ہمارے بہادر جانبازوں نے ہمالیہ میں دشمن کو شکست دی اور ترنگا لہرایا۔ ہمارے ہیرو بھلے ہی شہید ہو گئے ہوں، لیکن ان کی وراثت ہمیشہ زندہ رہے گی۔ میں ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام بہادر فوجیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘

کارگل کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس جنگ میں 527 فوجی شہید ہوئے تھے، جن میں کرناٹک کے 13 فوجی بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے ہر حال میں ملک کی سرحدوں کا مسلسل تحفظ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہ ہندوستان-پاکستان جنگ ہو، ہندوستان-چین کی لڑائی ہو، یا سرحد پر دراندازی کے واقعات ہوں، ہمارے فوجی ہمیشہ، ہر روز، ہر لمحہ، جرأت اور پکے عزم کے ساتھ وطن کے دفاع کے لیے تیار رہے ہیں۔

ہندوستان کے دفاعی ماحولیاتی نظام میں کرناٹک کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے شیوکمار نے کہا کہ ریاست ملک کے دفاعی شعبے کی ریڑھ کی ہڈی بنی ہوئی ہے، جہاں بی ای ایم ایل، ڈی آر ڈی او اور اسرو جیسے بڑے ادارے کرناٹک سے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمارے فوجیوں کی بدولت ہی ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سوتے ہیں۔ کرناٹک ہندوستان کے دفاعی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہم ہندوستان کے پہلے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل کے ایم کریاپا کے تعاون کو کبھی نہیں بھول سکتے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔