قومی خبریں

سابق آئی اے ایس آفیسر دِویا متل نے ’جن نیتی بھارت‘ کے نام سے بنائی نئی سیاسی پارٹی، مرزاپور صدر سے لڑیں گی اسمبلی انتخاب

مرزاپور صدر اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے رتناکر مشرا 2017 اور 2022 کے اسمبلی انتخابات میں جیت درج کر چکے ہیں۔ مرزاپور لوک سبھا سیٹ سے مرکزی وزیر انوپریا پٹیل رکن پارلیمنٹ ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>سابق آئی اے ایس آفیسر دویا متل (ویڈیو گریب)</p></div>

سابق آئی اے ایس آفیسر دویا متل (ویڈیو گریب)

 

اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخاب سے قبل ایک اور نئی پارٹی میدان میں آ گئی ہے۔ مرزاپور کی سابق ڈی ایم دویا متل نے اپنی سیاسی پارٹی ’جن نیتی بھارت‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک خبر کے مطابق وہ مرزاپور صدر اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑیں گی۔ اس سے قبل دویا متل نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی پرانی سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے بجائے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کریں گی۔

واضح رہے کہ دویا متل 2013 بیچ کی آئی اے ایس آفیسر رہی ہیں۔ انہوں نے انتظامی خدمات سے رواں سال 30 اگست کو استعفیٰ دیا تھا، جسے ستمبر میں قبول کر لیا گیا۔ اترپردیش میں انہوں نے میرٹھ، گونڈا، سنت کبیر نگر، مرزاپور اور دیوریا میں الگ الگ انتظامی ذمہ داریاں ادا کیں۔ مرزاپور کی ڈی ایم رہتے ہوئے دور دراز کے گاؤں لہوریا دہ تک پائپ سے پانی پہنچانے کی پہل کو لے کر بھی وہ خبروں میں رہی تھیں۔

سیاست میں آنے کے اعلان کے بعد سے ہی ان کے آئندہ اقدامات کو لے کر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی اور عوام کے مسائل کو اپنی سیاسی بنیاد بنائیں گی۔ اب ’جن نیتی بھارت‘ پارٹی کی تشکیل اور مرزاپور صدر سے انتخاب لڑنے کے اعلان کے ساتھ ان کی سیاسی حکمت عملی واضح ہوتی نظر آ رہی ہے۔

دویا متل نے واضح کیا ہے کہ یہ لڑائی کسی بڑے برانڈ یا پیسے سے نہیں، بلکہ گھر گھر جا کر لڑی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں شامل ہوں اور پیغام پھیلائیں ’راجنیتی نہیں، جن نیتی‘۔ قابل ذکر ہے کہ مرزاپور صدر اسمبلی سیٹ پر دویا متل کی انٹری سے انتخاب دلچسپ ہو گیا ہے۔ اس سیٹ سے بی جے پی کے رتناکر مشرا 2017 اور 2022 کے اسمبلی انتخاب میں جیت درج کر چکے ہیں۔ مرزاپور لوک سبھا سیٹ سے مرکزی وزیر انوپریا پٹیل رکن پارلیمنٹ ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔