
جھارکھنڈ ہائی کورٹ / آئی اے این ایس
عظیم سائنسداں آچاریہ جگدیش چندر بوس کی گریڈیہہ میں واقع یادگار عمارت میں 89 سالوں سے بند پڑی تجوری کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے بدھ (18 نومبر) کو اس معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے اسے مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) میں تبدیل کر دیا۔ جسٹس رنگین مکھوپادھیائے کی عدالت نے ریاست کے سکریٹری سیاحت اور گریڈیہہ کے ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کیا ہے۔
عدالت نے اس سلسلے میں ایک میڈیا رپورٹ پر نوٹس لیا ہے۔ یہ تجوری گریڈیہہ کے برگنڈا میں واقع ’شانتی بھون‘ میں رکھی ہے۔ اسی عمارت میں جگدیش چندر بوس نے 23 نومبر 1937 کو آخری سانس لی تھی۔ ان کے انتقال کے بعد سے عمارت میں موجود لوہے کی یہ تجوری بند ہے۔ سائنسدانوں اور محققین کا ماننا ہے کہ اس بند تجوری کے اندر جدید سائنس کے نایاب فارمولے، غیر دریافت شدہ دستاویزات اور اہم تحقیقی مقالات ہو سکتے ہیں۔ 1858 میں موجودہ بنگلہ دیش (اس وقت کی بنگال پریزیڈنسی) کے میمن سنگھ میں پیدا ہوئے جگدیش چندر بوس کا جھارکھنڈ کے گریڈیہہ سے گہرا اور دلی لگاؤ تھا۔
گریڈیہ اس وقت بنگال پریزیڈنسی کے زیرِ انتظام تھا اور یہاں جگدیش چندر بوس کے رشتہ دار بھی رہتے تھے۔ بوس کی سب سے اہم اور انقلابی تحقیق درختوں اور پودوں سے متعلق تھی۔ یہی وجہ تھی کہ جنگلات اور مختلف اقسام کی نباتات سے گھرے گریڈیہ میں انہوں نے اپنی سائنسی زندگی کا ایک بڑا حصہ تنہائی میں گزارا۔ ان کی زندگی کے آخری سال بھی یہیں گزرے۔ گریڈیہ کے جھنڈا میدان کے قریب واقع جس مکان میں وہ رہتے تھے، اسے 1987 میں اس وقت کے ڈپٹی کمشنر کے کے پاٹھک کے دور میں حکومت نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
اس تاریخی عمارت کا نام ’جگدیش چندر بوس اسمرتی وگیان بھون‘ رکھا گیا اور بہار کے اس وقت کے گورنر اے آر قدوائی نے 28 فروری 1997 کو اس کا افتتاح کیا تھا۔ یوں تو اس عمارت میں بوس کی کئی تصاویر، انہیں ملنے والے اعزازات اور ان کی ایجادات کے نمونے، مثلاً مائیکروویو ڈیٹیکٹر اور پودوں میں زندگی ثابت کرنے والے ’کریسکوگراف‘ موجود ہیں، لیکن عظیم سائنسداں کے ورثے کو محفوظ کرنے کی سمت میں کبھی کوئی ٹھوس اور جامع پہل نہیں ہوئی۔
سب سے زیادہ تجسس اس بند تجوری کو لے کر رہا ہے۔ اس معاملے پر ماضی میں بھی کئی بار بحث ہوئی ہے۔ اس وقت مقامی سطح پر تجوری کھولنے کی باتیں سامنے آئی تھیں۔ ضلع انتظامیہ نے اس کے لیے اس وقت کے صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کو گریڈیہہ مدعو کر کے ان کے ہاتھوں تجوری کھلوانے کا منصوبہ بھی بنایا تھا، لیکن 2002 میں ان کا دورہ منسوخ ہونے کے باعث یہ کوشش کامیاب نہیں ہوسکی۔ اب ہائی کورٹ کے ازخود نوٹس لینے کے بعد اس تاریخی یادگار عمارت اور بند تجوری سے جڑے سوالات حل ہونے کی امید ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔