
پرالی جلانے کا منظر، تصویر آئی اے این ایس
پنجاب میں دھان کٹائی کے ساتھ ہی پرالی جلانے کے واقعات ایک بار پھر تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ 11 نومبر کو ریاست میں پرالی جلانے کے 515 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس سے قبل 10 نومبر کو 345 واقعات درج کیے گئے تھے۔ یعنی ایک ہی دن میں پرالی جلانے کے 170 معاملے بڑھ گئے ہیں۔ 15 ستمبر سے شروع ہوئے موجودہ دھان کٹائی کے سیزن میں اب تک پنجاب میں پرالی جلانے کے مجموعی طور پر 5517 واقعات درج کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ سال کے مقابلے اس بار پنجاب میں پرالی جلانے کے واقعات لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ 11 نومبر 2025 تک ریاست میں 4507 معاملے درج کیے گئے تھے، جبکہ اس سال اسی مدت میں یہ تعداد بڑھ کر 5517 ہو گیا ہے۔ یعنی گزشتہ سال سے موازنہ کیا جائے تو اس بار 1010 زیادہ پرالی جلانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جو کہ بے حد فکر انگیز ہے۔ بڑی تعداد میں پرالی جلائے جانے کے سبب آلودگی میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اور اس کا اثر پنجاب کے ساتھ ساتھ اس سے ملحق ریاستوں میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے۔ خاص طور سے دہلی کی ہوا کا معیار انتہائی خراب ہونے کی ایک وجہ ماہرین نے پنجاب میں پرالی جلائے جانے کو بھی بتایا ہے۔
پرالی جلانے کے معاملوں میں پنجاب کے 5 اضلاع سب سے آگے ہیں۔ فیروز پور 728 واقعات کے ساتھ سب سے آگے ہے، اور اس کے بعد ترن تارن کا نمبر آتا ہے جہاں پرالی جلانے کے 627 واقعات درج کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں سنگرور میں 628، بھٹنڈا میں 499 اور پٹیالہ میں 374 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ ان 5 اضلاع میں ہی ریاست میں پرالی جلانے کے مجموعی واقعات میں سے نصف واقعات درج کیے گئے ہیں۔ یہ ضلع اس سیزن میں پرالی جلانے کے اہم ہاٹ اسپاٹ بنے ہوئے ہیں۔
پرالی جلانے کے واقعات کو روکنے کے لیے انتظامیہ کی طرف سے سخت کارروائی کی جا رہی ہے، لیکن اس کا کچھ خاص اثر دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے کسانوں پر اب تک تقریباً 85.90 لاکھ روپے کا ’ماحولیاتی جرمانہ‘ لگایا گیا ہے۔ اس میں سے 37.55 لاکھ روپے کی وصولی کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ پرالی جلانے والوں کے خلاف ’بھارتیہ نیائے سنہیتا‘ (بی این ایس) کے تحت 1259 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں 1637 کسانوں کی زرعی اراضی کو سرکاری ریونیو ریکارڈ میں ’ریڈ انٹری‘ بھی کی گئی ہے۔ اس کے باوجود لگاتار بڑھتے معاملے انتظامیہ کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔