قومی خبریں

جھارکھنڈ میں نظر آیا تیز رفتار کا قہر، ٹرک نے 3 بچوں سمیت 7 لوگوں کو کچلا، سبھی کی موت

عینی شاہدین کے مطابق اسی مقام پر پہلے ایک اسکوٹی سوار اپنا توازن کھو بیٹھا تھا اور جھاڑیوں میں جا گرا تھا۔ اسے دیکھنے کے لیے وہاں لوگ جمع تھے، اسی دوران تیز رفتار ٹرک پہنچا اور 7 افراد کو روند ڈالا۔

<div class="paragraphs"><p>حادثہ علامتی تصویر/ آئی اے این ایس</p></div>

حادثہ علامتی تصویر/ آئی اے این ایس

 

جھارکھنڈ کے ضلع کھونٹی میں گزشتہ شب تیز رفتار کا قہر دیکھنے کو ملا۔ یہاں ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آنے سے 3 بچوں اور 3 خواتین سمیت 7 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر شخص زخمی ہو گیا۔ یہ حادثہ جمعرات (5 نومبر) کی رات کرّا تھانہ علاقے کے تحت کرّا-تورپا مرکزی سڑک پر پیش آیا۔ حادثہ میں ملوث ٹرک 18 پہیوں والا تھا اور تیز رفتار کے ساتھ اپنی منزل کی طرف بڑھ رہا تھا۔

کھونٹی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ رشبھ گرگ نے بتایا کہ ’’تیز رفتار اور بے قابو ٹرک نے لوگوں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد کی موت ہو گئی اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ 6 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر شخص نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق مرنے والوں میں 3 خواتین، 3 بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسی مقام پر پہلے ایک اسکوٹی سوار اپنا توازن کھو بیٹھا تھا اور جھاڑیوں میں جا گرا تھا۔ اسے دیکھنے کے لیے وہاں لوگ جمع ہو گئے تھے۔ اسی دوران 18 پہیوں والا تیز رفتار ٹرک وہاں پہنچا اور 7 افراد کو روند ڈالا۔ اس حادثے میں ساتوں افراد کی دردناک موت ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام مہلوکین کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

دھن تیرس سے ایک دن قبل پیش آنے والے اس بڑے حادثے کے بعد علاقے میں ماتم چھا گیا ہے۔ مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہونے کی اطلاعات نے لوگوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔ دیوالی سے پہلے پیش آنے والے اس حادثہ نے علاقے کے لوگوں سے تہوار کی خوشیاں چھین لی ہیں۔ میڈیا رپورٹس سے ملی جانکاری کے مطابق مرنے والوں میں پاکو دیوی، کسیلا دیوی، مانہو دیوی، گولو کمار، انجلی کماری، توتی کماری اور 12 سالہ سوربھ نایک شامل ہیں۔ حادثہ میں زخمی خوشبو کماری کا کھونٹی صدر اسپتال میں علاج جاری ہے۔ تمام مہلوکین جون-لودرو موڑ کے قریب واقع کالونی کے رہنے والے تھے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔