
الیکشن کمیشن آف انڈیا / آئی اے این ایس
الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس ایس آر) کے دوران ووٹر لسٹ میں ممکنہ غلطیوں کو درست کرنے کے لیے آج نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ بدھ (25 نومبر) کو جاری کیے گئے خط میں الیکشن کمیشن نے یکم جنوری 2027 کی ’اہلیت کی تاریخ‘ کی بنیاد پر ووٹر لسٹ میں نام، تاریخ پیدائش، رشتہ داروں کے نام، موبائل نمبر اور تصویر سمیت دیگر تفصیلات کی جانچ کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ غلطیاں پائے جانے پر بوتھ سطح کے افسران (بی ایل او) گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر ان سے دستخط شدہ فارم-8 حاصل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فارم-8 اور مقررہ طریقۂ کار کے بغیر کوئی ترمیم نہیں کی جائے گی۔ خودکار شناخت کی بنیاد پر تبدیلیاں نہیں کی جائیں گی۔ یہ پورا عمل ای سی آئی نیٹ کے ذریعہ انجام دیا جائے گا۔ اس عمل کے لیے یکم جنوری 2027 کو ’اہلیت کی تاریخ‘ مقرر کی گئی ہے۔ اس قدم کا مقصد آئندہ انتخابات سے پہلے ووٹرز کے اعداد و شمار کی درستگی اور قابل اعتماد ہونے کو یقینی بنانا ہے۔
25 نومبر کو جاری کردہ ہدایات میں الیکشن کمیشن نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اتر پردیش، راجستھان، اڈیشہ، مغربی بنگال، تمل ناڈو، کرناٹک، گجرات سمیت کئی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے چیف الیکٹورل افسران سے کہا ہے کہ وہ ووٹرز کی موجودہ تفصیلات کا خصوصی گہری نظرثانی کے عمل کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار سے موازنہ کریں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز کے نام، رشتوں سے متعلق معلومات، تاریخ پیدائش، موبائل نمبر اور تصاویر سمیت دیگر معلومات کا نظرثانی کے عمل کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار سے موازنہ کیا جائے گا۔ اس دوران سامنے آنے والی بے ضابطگیوں اور فرق کی نشان دہی کر کے ان کی موقع پر تصدیق کرائی جائے گی اور ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ نشان زد کی گئی تمام اندراجات کی جسمانی طور پر تصدیق لازمی ہوگی۔ بی ایل اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نظرثانی کے عمل کے دوران متعلقہ ووٹرز کے گھروں پر جا کر ان کی تفصیلات کی تصدیق کریں اور جہاں اصلاح کی ضرورت ہو، وہاں باقاعدہ طور پر پُر کیا گیا اور دستخط شدہ فارم-8 درخواست حاصل کریں۔ اس کے بعد ان درخواستوں کی جانچ اور ان کا تصفیہ معاون الیکٹورل رجسٹریشن افسر اور الیکٹورل رجسٹریشن افسر مقررہ طریقۂ کار کے مطابق کریں گے۔
شفافیت اور درستگی پر زور دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صرف خودکار شناختی نظام کی بنیاد پر ووٹرز کی تفصیلات میں کوئی اصلاح نہیں کی جائے گی۔ ووٹرز کی آبادیاتی تفصیلات میں تبدیلی سے متعلق اس عمل کے تحت ہر اصلاح کے لیے دستخط شدہ فارم-8 درخواست ضروری ہوگی اور مقررہ تصدیق کے بعد مجاز افسر کی منظوری سے ہی تبدیلی کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔