قومی خبریں

’ہندوستان کا آئین محض ایک کتاب نہیں، بلکہ ملک کی روح ہے‘، یوم آئین پر کانگریس کا اہل وطن کے نام پیغام

راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’یومِ آئین پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہر حال میں اس کی حفاظت کریں گے اور ہر ہندوستانی کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ہندوستان کا آئین، تصویر&nbsp;@vdsatheesan</p></div>

ہندوستان کا آئین، تصویر @vdsatheesan

 

قومی یوم آئین کے موقع پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی سمیت کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر آئین کے معمار بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا ایک قول نقل کیا کہ ’’سیاسی جمہوریت اس وقت تک قائم نہیں رہ سکتی، جب تک اس کی بنیاد سماجی جمہوریت پر نہ ہو۔‘‘

ملکارجن کھڑگے ایک پرانی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ’ایکس‘ پر لکھتے ہیں کہ ’’تمام اہل وطن کو یوم آئین کی دلی مبارک باد۔ مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، نیتا جی سبھاش چندر بوس، مولانا آزاد، ڈاکٹر راجندر پرساد، سروجنی نائیڈو، بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر سمیت ان تمام عظیم قومی رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’آج آئین کے بنیادی اصولوں یعنی انصاف، آزادی، مساوات، اخوت، سیکولرازم اور سوشلزم کا تحفظ ہماری سب سے بڑی قومی ذمہ داری ہے۔ آئیے ہم آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے ساتھ ملک کی یکجہتی، سالمیت اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کا ایک بار پھر عہد کریں۔ جے ہند! جے آئین!‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہندوستان کا آئین محض ایک کتاب نہیں، بلکہ ملک کی روح ہے۔ یہ ہر شہری کے وقار کا محافظ ہے اور ہر آواز کی طاقت ہے۔ انصاف، آزادی، مساوات اور بھائی چارے کا ضامن ہے۔ یہی ہمارے جمہوریت کی بنیاد ہے اور ناانصافی کے خلاف ہمارا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’یومِ آئین پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہر حال میں اس کی حفاظت کریں گے اور ہر ہندوستانی کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے۔ جے آئین! جے ہند!‘‘

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے یوم آئین کے موقع پر ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہمارا آئین ہماری جمہوریت کی روح ہے اور ہر ہندوستانی کے حقوق اور وقار کی سب سے مضبوط ضمانت ہے۔ اس نے ہر شہری کو اپنی بات رکھنے کا حق دیا، مساوات کو ایک بنیادی اصول کے طور پر تسلیم کیا اور ہمارے متنوع ملک کو ایک مشترکہ جمہوری شناخت عطا کی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے مسودہ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے ہمارے آئین کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔ آئینی حقوق کا دفاع، جمہوری اداروں کا تحفظ اور سیکولرازم، مساوات اور سماجی انصاف کی اقدار کو برقرار رکھ کر اس ورثے کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔‘‘ ڈی کے شیوکمار نے یہ بھی لکھا کہ ’’آئیے، قومی یوم آئین کے موقع پر ہم آئین سازوں کے وِزن کو خراج عقیدت پیش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کا آئینی وعدہ ہر ہندوستانی کی زندگی میں حقیقت بنے۔‘‘

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔